Updated: December 09, 2025, 7:06 PM IST
کولمبیا اسپورٹس ویئر کے سی ای او ٹم بوئل نے فلیٹ ارتھرز کو چیلنج دیا ہے کہ اگر وہ زمین کے ’’اصلی کنارے‘‘ کی تصویر ثابت کر دیں تو وہ اپنی ۳؍ بلین ڈالر مالیت کی کمپنی ان کے نام کر دیں گے۔اس کے ساتھ فلیٹ ارتھ نظریے کی تاریخی جڑیں بھی دوبارہ زیر بحث آ گئی ہیں۔
ایک امریکی ارب پتی نے ’’فلیٹ ارتھرز‘‘ (زمین سپاٹ ہے کہنے والوں کو) کو غیر معمولی چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ زمین کے ’’حقیقی کنارے‘‘ کی تصویر لا کر دکھا دیں، تو وہ اپنی ۳؍ بلین ڈالر مالیت کی خاندانی کمپنی ان کے حوالے کر دیں گے۔ کولمبیا اسپورٹس ویئر کے سی ای او ٹم بوئل نے گزشتہ ہفتے یہ اعلان کیا، جس کا مقصد اُن لوگوں کو نشانہ بنانا ہے جو اب بھی یقین رکھتے ہیں کہ زمین چپٹی، سپاٹ یا مسطح ہے، گول نہیں۔ ۷۶؍ سالہ ارب پتی، جن کی مجموعی دولت ۶ء۱؍ بلین ڈالر ہے، نے ویڈیو بیان میں کہا کہ ’’فلیٹ ارتھرز کیلئے پیغام: آپ دعویٰ کرتے ہیں کہ زمین کا ایک سرا ہے۔ بہت خوب! اس کی تصویر لیں، ہمیں بھیجیں، اور پوری کمپنی آپ کی ہو جائے گی،بغیر کسی کاغذی کارروائی، وکیل یا شرط کے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آبی معاہدے کی خلاف ورزی پر میکسیکو کو اضافی محصولات کی دھمکی دی
Expedition Impossible کولمبیا کی نئی مارکیٹنگ مہم
یہ پیشکش کولمبیا کی نئی مارکیٹنگ مہمExpedition Impossibleکا حصہ ہے۔ جاری کئے گئے ویڈیو میں بوئل اوریگون میں کمپنی کے ہیڈکوارٹرز کے اندر چلتے ہوئے اعلان کرتے ہیں کہ چیلنج جیتنے والے کو ’’سب کچھ‘‘ دے دیا جائے گا۔ ویڈیو میں ایک شخص، جو خود کو کمپنی کا وکیل ظاہر کرتا ہے، بتاتا ہے کہ کمپنی نے ایک لاکھ ڈالر مالیت کی ایک نئی کمپنی (The Company, LLC) بنائی ہے، جسے وہ شخص کودے دیا جائے گا جو زمین کے حقیقی کنارے کا ثبوت پیش کرے گا۔یہ بھی وضاحت کی گئی ہے کہ قابلِ قبول ثبوت کیا ہوگا:(۱) تصویر میں زمین کا ایک واضح، جسمانی اختتام دکھائی دینا چاہئے۔ (۲) ’’چٹان کی چوٹی‘‘، ’’کسی گھاٹی کا کنارہ‘‘ یا ’’دوست ڈیو کا نام بدل کر دی ایج‘‘ جیسی تخلیقی چالیں منظور نہیں ہوں گی۔
بوئل نے مذاقاً فلیٹ ارتھرز کو ہدایت دی کہ اس ’’مہم‘‘ پر جاتے وقت کولمبیا کے کپڑے ضرور پہنیں:’’ جب آپ زمین کے کنارے جا رہے ہوں تو کولمبیا پہنیں۔ آپ کو اس کی ضرورت پڑے گی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:اقوام متحدہ کی ۲۰۲۶ء کیلئے ۳۳؍ بلین ڈالر کی انسانی ہمدردی کی اپیل
فلیٹ ارتھ نظریے کی تاریخ
اگرچہ جدید سائنس نے واضح ثبوت فراہم کر دیے ہیں کہ زمین گول ہے، لیکن ایک چھوٹا مگر مستقل گروہ اب بھی اسے چپٹا مانتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ قدیم یونانیوں نے چھٹی اور پانچویں صدی قبل مسیح میں ہی زمین کو کرہ قرار دیا تھا: فیثاغورث نے سب سے پہلے یہ تصور پیش کیا۔ارسطو نے مشاہداتی ثبوت دیئے، جیسے جہاز کا افق کے پیچھے غائب ہونا۔ایراتوستھینزنے سائنسی طریقے سے زمین کے محیط کی پیمائش کی۔ تاہم، ۱۹؍ ویں صدی میں سیموئیل روبوتھم نےZetetic Astronomyکے نام سے تحریریں لکھیں، جس کے نتیجے میں Zetetic Society وجود میں آئی، جو آج بھی فلیٹ ارتھ نظریہ کی ترویج کرتی ہے۔