• Tue, 09 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اقوام متحدہ کی ۲۰۲۶ء کیلئے ۳۳؍ بلین ڈالر کی انسانی ہمدردی کی اپیل

Updated: December 09, 2025, 4:06 PM IST | New York

اقوام متحدہ نے ۲۰۲۶ء کیلئے ۳۳؍ بلین ڈالر کی انسانی ہمدردی اپیل جاری کی ہے جس کا مقصد ۱۳۵؍ ملین افراد کی مدد کرنا ہے۔ فوری طور پر ۲۳؍ بلین ڈالر کی ضرورت ہے تاکہ ۸۷؍  ملین افراد تک امداد پہنچائی جا سکے۔ سب سے بڑا امدادی منصوبہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کیلئے ۱ء۴؍ بلین ڈالر کا ہے۔

Picture: INN
تصویر:آئی این این

اقوام متحدہ نے پیر کو ۲۰۲۶ء کیلئے ۳۳؍ بلین ڈالر کی عالمی انسانی ہمدردی اپیل کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد دنیا بھر میں ۱۳۵؍ ملین ضرورت مند افراد تک پہنچنا ہے۔ یہ اعلان اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور (او سی ایچ اے) نے کیا۔ ادارے کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’اقوام متحدہ اور اس کے شراکت داروں نے آج ایک عالمی انسانی اپیل شروع کی ہے تاکہ ان جگہوں پر جانیں بچائی جا سکیں جہاں جھٹکے سب سے زیادہ شدید ہیں، مثلاً جنگیں، موسمیاتی تباہ کاریاں، زلزلے، وبائیں اور فصلوں کی ناکامی۔‘‘ ایجنسی کے مطابق فوری ترجیح ۸۷؍ ملین افراد کی معاونت کیلئے ۲۳؍ بلین ڈالر کا انتظام کرنا ہے۔ مجموعی طور پر ۲۰۲۶ء میں ۲۳؍ ملکی آپریشنز اور پناہ گزینوں و تارکین وطن کیلئے چھ خصوصی منصوبوں کے ذریعے ۳۳؍ بلین ڈالر کی اپیل کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اب شندے خیمے میں بھی بڑی تقسیم کا دعویٰ!

ہم انسانی ہمدردی کے عمل کو دوبارہ تصور کر رہے ہیں: ٹام فلیچر
اقوام متحدہ کے انسانی امور کے سربراہ ٹام فلیچر نے کہا کہ ’’ہم مقامی تنظیموں کو مزید اختیار دے رہے ہیں، مالی امداد براہِ راست ضرورت مند افراد تک پہنچا رہے ہیں، اور انسانیت، عاجزی اور امید کے ساتھ انسانی امداد کے عمل کو ازسرِ نو تشکیل دے رہے ہیں۔‘‘ او سی ایچ اےکے مطابق ۲۰۲۵ء کی امدادی اپیل کو محض ۱۲؍ بلین ڈالر ملے، جو پچھلی دہائی کی سب سے کم فنڈنگ ہے۔ فنڈنگ میں ’’ظالمانہ کمی‘‘ کے نتیجے میں ۲۰۲۴ء کے مقابلے میں ۲۵؍ ملین کم لوگوں تک امداد پہنچ سکی۔ بیان میں خبردار کیا گیا کہ فنڈنگ کی کمی کے تباہ کن نتائج سامنے آئے جیسے بھوک میں اضافہ، صحت کے نظام پر شدید دباؤ، تعلیم میں خلل، بارودی سرنگوں کی صفائی کا رک جانا، خاندانوں کو پے در پے صدمات کا سامنا ، نہ پناہ، نہ نقد امداد، نہ حفاظتی خدمات۔

یہ بھی پڑھئے:اسرائیلی فوجیوں میں نفسیاتی امراض اور خودکشیوں میں خطرناک اضافہ

سب سے بڑے بحران کہاں ہیں؟
۲۰۲۶ء کی اپیل میں سب سے بڑا انفرادی منصوبہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کیلئے ہے، جہاں ۳۰؍ لاکھ افراد کی مدد کیلئے ۱ء۴؍ بلین ڈالر درکار ہیں۔ او سی ایچ اےنے کہا کہ ’’یہ لوگ تشدد اور تباہی کی حیران کن سطح کا سامنا کر چکے ہیں۔‘‘ دیگر بڑے منصوبوں میں شامل ہیں:
(۱) سوڈان: ۲۰؍ ملین افراد کی مدد کیلئے ۹ء۲؍ بلین ڈالر (دنیا کا سب سے بڑا نقل مکانی بحران)
(۲) شام ۶ء۸؍ ملین متاثرین کیلئے ۸ء۲؍ بلین ڈالر (سب سے بڑا علاقائی منصوبہ)
او سی ایچ اے نے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ نہ صرف فنڈنگ فراہم کریں بلکہ مسلح تنازعات میں شہریوں کے تحفظ کیلئے اپنا سفارتی اثر استعمال کریں، اور ’’مجرموں اور انہیں اسلحہ فراہم کرنے والوں کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔‘‘ ٹام فلیچر نے کہا کہ وہ بعد میں وعدہ شدہ فنڈنگ کا اعلان کریں گے اور ایک اہم سوال کا جواب دیں گے:کیا حکومتیں واقعی میدان میں نظر آئیں؟اس کا جواب طے کرے گا کہ کون بچتا ہے اور کون پھنس جاتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK