ٹرینوں میں ریزرویشن کی مشکلات کےبعد پروازوں کے کرایے میں زبردست اضافہ ۔ انڈیگو، ایئر انڈیا اوراسپائس جیٹ کا کرایہ ۸؍ہزار سے ۱۶؍ہزار روپے۔
ہوائی جہاز کے کرایے میں آئندہ ماہ مزید اضافے کا امکان ہے۔ تصویر:آئی این این
ایران ، اسرائیل اور امریکہ میں جنگ سے رسوئی گیس ، خام تیل ، پیٹرول اور ڈیزل کی قلت سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔پروازیں منسوخ کئے جانے اور ایندھن کی کمی کے سبب کرایے اور ایندھن کے سرچارج میں اضافہ سے بھی اندورن اور بیرون ملک سفر کرنے والے افراد پریشان ہیں ۔ جنگ کا اثر گرمی کی تعطیلات پر بھی پڑنے لگا ہے۔ شہریوں کو تعطیلات میں ٹرینوں سے سفر کرنے کیلئے ٹکٹ نہ ملنے پر گھریلو پروازوں کا سہارا لینا پڑ رہا ہے لیکن ایندھن کی کمی کے سبب ہوائی جہاز کے ٹکٹوں کا کرایہ بھی آسمان چھونے لگا ہے جس کی وجہ سے اکثرافراد نےآبائی وطن جانے کا ارادہ ترک کر دیا ہے ۔
تعطیلات میں لوگوں کو آبائی وطن جانا لوہے کے چنے چبانے کے مصداق ہوگیا ہے کیونکہ ۲؍ ماہ قبل ٹرینوں کی بکنگ کرانے پر بھی کنفرم ٹکٹ نہیں مل پارہا ہے اور اب ممبئی سے ملک کی مختلف ریاستوں اور شہروں میں تعطیلات کے دوران ڈومیسٹک فلائٹس کے کرایہ میں بے انتہائی اضافہ ہونے سے اکثر لوگ آبائی وطن جانے کا ارادہ ترک کرنے پر غور کررہے ہیں ۔ موصولہ اطلاع کے مطابق جنگ شروع ہونے کے ۱۰؍ دن بعد ہی ممبئی انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے ملک کی مختلف ریاستوں میں چلائی جانے والی ڈومیسٹک فلائٹس کے کرایے کے ساتھ ساتھ ایندھن کے سرچارج میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے ۔
ممبئی سے ملک کی مختلف ریاستوں میں انڈیگو، ایئر انڈیا ، اکسا ایئرلائنس ،اسپائس جیٹ اور ایئر انڈیا ایکسپریس ڈومیسٹک ایئر سروس فراہم کرتی ہیں ۔ مذکورہ کمپنیوں کی فلائٹس تلنگانہ ، آندھرا پردیش ، کرناٹک ، تمل ناڈو، گجرات ، راجکوٹ ، گوا، تریوننتاپورم ،مغربی بنگال ، راجستھان ، مدھیہ پردیش ، پنجاب ، ہریانہ ، جھار کھنڈ ، جموں کشمیر ، آسام ، جھار کھنڈ ، چھتیس گڑھ،پٹنہ اور دیگر ریاستوں اور شہروں میں سروس فراہم کرتی ہیں ۔ ایران ، امریکہ اور اسرائیل جنگ کے سبب ممبئی سے بیرون ملک جانے والی بے شمار پروازیں مسلسل منسوخ کی جارہی ہیں ا ور اندرون ملک پروازوں کو کم تو نہیں کیا گیا ہے لیکن ایندھن کے سرچارج اور کرایہ میں اضافہ کر دیا گیا ہے ساتھ ہی یہ خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ جنگ کا سلسلہ ایسے ہی جاری رہا تو تعطیلات میں ایندھن کی کمی کے سبب نہ صرف ایندھن سرچارج میں بلکہ کرایہ میںمزید ۱۰۰؍ سے دو سو گنااضافہ ہوجائے گا۔
ممبئی انٹر نیشنل ایئر پورٹ سےاپریل اور مئی کی تعطیلات میں ڈومیسٹک فلائٹس کے ذریعہ پریاگ راج ، وارانسی ، ایودھیا ، پٹنہ ، گورکھپور اور دیگر مقامات پر جانے سے متعلق کرایہ کا جو چارج ترتیب دیا گیا ہے، اس کے مطابق انڈیگو ، ایئر انڈیا ، اکسا اور اسپائس جیٹ کا موجودہ کرایہ ۸، ۹؍ ہزار سے لے کر ۱۶، ۱۸؍ ہزار رکھا گیا ہے ۔ یہی کرایہ اپریل میں بڑھا کر۱۰؍ تا۲۰؍ ہزاریا اس سے زائد بھی ہوسکتا ہے ۔ یاد رہے کہ عام دنوں میں مذکورہ بالا پروازوں سے محض ۳؍ تا ۷؍ ہزار روپے میں فی فرد آسانی سے سفر کر لیتا ہے۔
گورکھپور سے تعلق رکھنے والی شکنتلا شرما جو ٹرین سے سفر کو ترجیح دیتی تھی، ٹکٹ نہ ملنے کے سبب ہوائی جہاز سےآبائی وطن اپنے شوہر و بچوں کے ساتھ نند کی شادی میں شریک ہونا چاہتی تھیں ۔ اس کیلئے جب انہوں نے اپریل میں ایئر انڈیا اور انڈیگو کے علاوہ دیگر ڈومیسٹک فلائٹ میں ٹکٹ بک کرانا چاہا تو فی فرد ۱۰؍ ہزار تا ۱۵؍ ہزار کرایہ کا چارٹ دیکھ کر اب انہوں نے وطن جانے کا ارادہ ہی ترک کر دیا ہے ۔ الہ آباد سے تعلق رکھنے والے ممبئی کے مدنپورہ کے تاجر محفوظ عالم کے بقول اپریل کا کنفرم ٹکٹ مل نہیں رہا ہے اور میری اتنی حیثیت نہیں ہے کہ میں اہل خانہ کے ہمراہ ہوائی جہاز سے سفر کر سکوں ۔