Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناندیڑ اسپتال میں اموات کےپیش نظر ایوت محل اور واشم کا انتظامیہ الرٹ

Updated: October 09, 2023, 11:12 AM IST | Ali Imran | Yavatmal / Washim

لکٹر نے ایوت محل کےسرکاری میڈیکل کالج اور خواتین کے اسپتال کا جبکہ سب ڈویژنل افسران نے واشم اور کارنجہ کے سب ڈسٹرکٹ اسپتال، دیہی اور ضلع اسپتال کا دورہ کرکے جائزہ لیا۔

Sub-Divisional Officers Lalit Varhade and Vaishali Deokar inspecting the district hospitals of Karanja and Vasham. Photo: INN
سب ڈویژنل افسران للت ورہاڈے اور ویشالی دیوکر کارنجہ اور واشم کے ضلع اسپتال کا جائزہ لیتے ہوئے۔ تصویر:آئی این این

ناندیڑ کے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں اموات کے بعد ایوت محل اور واشم انتظامیہ الرٹ ہوگیا ہے ۔ ایوت محل کےضلع کلکٹر ڈاکٹر پنکج آسیا نے سرکاری میڈیکل کالج اور خواتین کے اسپتال کا دورہ کیا اور تمام شعبہ جات کا جائزہ لیا۔ صحت کے نظام کا معائنہ کرنے کے بعد انہوں نے اسپتال میں ادویات کی وافر اسٹاک میں دستیابی، مریضوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے اور اسپتال میں بہتر خدمات کی دستیابی کے سلسلے میں محکمہ صحت کےافسران کو ہدایات دیں۔ انہوں نے میڈیکل کالج میں مریضوں کی دیکھ بھال اور صاف صفائی کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔ خصوصی طور پر بچوں اور خواتین کے وارڈوں کا معائنہ کرکے وہاں صاف صفائی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا نیز مریضوں سے گفتگوبھی کی۔ انہوں نے خواتین اور بچوں کے وارڈ میں ادویات کے اسٹاک اور ضروری آلات کا بھی معائنہ کیا۔ 
 کلکٹر پنکج آسیا نے اسپتال اہلکاروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ دونوں اسپتالوں میں ادویات کی قلت نہ ہو۔ مریضوں کوبہترین سہولیات فراہم کی جائے۔ مریضوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے خواتین کے اسپتال میں حائل رکاوٹوں اور مسائل کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ضروری سہولیات دستیاب ہونی چاہئیں ۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ بچوں کی اموات کی شرح۴ء۶؍ فیصد سے کم ہو کر۳ء۷ ؍ فیصدہوگئی ہے۔خواتین کے اسپتال کے دورہ پر انہوں نے میٹرنٹی وارڈ اور سرجری روم کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اسپتال میں جلد از جلد آپریشن تھیٹر شروع کرنے کی ہدایت دی۔
ادویات خریدنے کی تجاویز منظور
 اسپتالوں کو درکار ادویات کی خریداری کیلئے فنڈز سالانہ ڈسٹرکٹ پلان کے فنڈز سے دیئے جاتے ہیں ۔ کالج کو ضروری ادویات کی خریداری کیلئے ڈسٹرکٹ سرجن کے دفتر، پرائمری ہیلتھ سینٹرس کیلئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور ضلع اور دیہی اسپتالوں میں ادویات کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج کو فنڈز فراہم کئے جاتے ہیں ۔ کلکٹر ڈاکٹر پنکج آسیا نے کہا کہ ان تینوں اداروں سے ادویات کی خریداری کی تجاویز کو انتظامی منظوری دے دی گئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ضلع میں کہیں بھی ادویات کی کمی نہیں ہونی چاہئے۔
کئی اسامیاں خالی!
ناندیڑاسپتال میں اموات کے واقعہ کے بعد واشم ضلع انتظامیہ بھی چوکس ہوگیا ہے۔ سب ڈویژنل افسران للت ورہاڈے اور ویشالی دیوکر نے کارنجہ اور واشم کے سب ڈسٹرکٹ اسپتال، دیہی اور ضلع اسپتال کا دورہ کیا اور نظام صحت کا جائزہ لیا۔ کارنجہ سب ڈسٹرکٹ اسپتال ۱۰۰؍ بیڈ کا ہے۔ اس دورہ میں افسران نے پایا کہ یہاں میڈیکل آفیسرس کی۱۳؍ اسامیاں منظورکی گئی ہیں جن میں سے ۴؍اسامیاں خالی ہیں ۔ کچھ افسران ڈیپوٹیشن پر ہیں ۔ بے ہوش کرنے والے ڈاکٹر، سرجن، معالج اور ماہر نفسیات بھی نہیں ہے۔ گائناکالوجسٹ کی پوسٹ مستقل بنیادوں پر مطلوب ہے۔ پیرا میڈیکل کی کئی اسامیاں خالی ہیں ۔ سی آر مشین نہیں ہے جبکہ یہ ضروری ہے۔ دانتوں کے علاج کیلئے کرسی، سونوگرافی اور سی ٹی اسکین مشین ہے لیکن ان خدمات کی فراہمی کا نظام ٹھیک نہیں ہے۔ ادویات کا وافر ذخیرہ موجود ہے۔ تاہم، سی بی سی کو مشینوں اور کیمیکلز کی ضرورت ہوتی ہے۔ لیباریٹری مواد اور خون ذخیرہ کرنے کیلئے مناسب فنڈز کی کمی بہت سی مشکلات پیدا کرتی ہے۔ سب سے اہم اور چونکانے والی بات یہ ہے کہ اس جائزہ کے دوران افسران کو یہ بھی پتہ چلا کہ آکسیجن پروجیکٹ فعال نہیں ہے۔
آپریشن تھیٹر ۱۵؍سال سے بند!
 کامرگاؤں دیہی اسپتال۳۰؍ بیڈ کا ہے اور پرسنل سپرنٹنڈنٹ کا عہدہ خالی ہے۔ میڈیکل آفیسرس کی ۳؍ اسامیاں ہیں جن میں سے۳؍ خالی ہیں۔ یہاں کا آپریشن تھیٹر۱۵؍سال سے بند ہے۔ دیہی اسپتال کی عمارت پرانی ہے۔ یہاں سرجیکل ڈاکٹرس دستیاب نہیں ہیں ۔ پوسٹ مارٹم روم میں بجلی اور پانی نہیں ہے۔ اگرچہ ادویات اورمریضوں کیلئے کوئی مسئلہ نہیں لیکن اسامیاں اور دیگر مسائل کے باعث مریضوں کو مختلف مسائل کا سامنا ہے۔ اس موقع پر شہریوں کی جانب سے سوال کیا گیا کہ عوام کی سہولیات کی باتیں کرنے والے عوامی نمائندے اس طرف کب توجہ دیں گے؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK