Inquilab Logo Happiest Places to Work

غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ

Updated: August 10, 2026, 11:23 AM IST | Mumbai

جولائی میں ۲۰؍ ہزار کروڑ کے بعد اگست کے پہلے ہی ہفتے میں تقریباً ۱۳؍ ہزار کروڑ کی خریداری کی۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ممبئی (ایجنسی): غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاروں (ایف پی آئی) نے ہندوستانی شیئربازار پر اعتماد کا مظاہرہ کرتے ہوئے  جولائی کے بعد اگست میں بھی نہ صرف خریداری کا سلسلہ جاری رکھا بلکہ پہلے ہی  ہفتے میں۱۲؍ہزار ۹۲۱؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی۔ اس کی وجہ میکرو اکنامک حالات میں بہتری، امریکہ میں شرح سود میں کمی کی توقعات، خام تیل کی کم قیمتیں اور روپے کا مستحکم رہنا بتایا جا رہا ہے۔

مسلسل ۴؍ مہینوں تک ہندوستانی بازار سے پیسہ نکالنے کےبعد  جولائی میں غیر ملکی سرمایہ کاروں  نے۲۰؍ ہزار ۲۰۰؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تھی۔ایف پی آئی نے جون میں ۴۹؍ہزار ۳۴۰؍ کروڑ روپے، مئی میں۳۲؍ہزار ۹۶۳؍ کروڑ روپے، اپریل میں۶۰؍ہزار ۸۴۷؍کروڑ روپے اور مارچ میں ریکارڈ۱ء۱۷؍لاکھ کروڑ روپے ہندوستانی شیئر بازار سے نکالے تھے۔ اس فروخت کے سلسلے سے قبل فروری میں انہوں نے۲۲؍ ہزار ۶۱۵؍کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تھی۔ یہ اعداد و شمار سی ڈی ایس ایل کے ڈیٹا کے مطابق ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ای ڈی نے آرکام کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں ضمنی شکایت دائر کردی

حالیہ خریداری کے باوجود غیر ملکی سرمایہ کار۲۰۲۶ء میں اب تک ہندوستانی حصص میں مجموعی طور پر فروخت کنندہ رہے ہیں  جو ۲ء۴۱؍ لاکھ کروڑ روپے نکال چکے ہیں۔ یہ رقم پورے  ۲۰۲۵ء میں ہونے والی۱ء۶۶؍لاکھ کروڑ روپے کی خالص سرمایہ کاری سے کہیں زیادہ ہے۔ حالیہ خریداری کا ایک بڑا حصہ ثانوی مارکیٹ کے ذریعے ہوا ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کار محض آئی پی او میں حصہ لینے کے بجائے اسٹاک مارکیٹ میں درج ہندوستانی کمپنیوں میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔

بجاج بروکنگ کے ڈپٹی وائس پریزیڈنٹ، ریسرچ، پابیترو مکھرجی نے کہا کہ  غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے مسلسل خریداری کی بڑی وجہ جغرافیائی سیاسی کشیدگی میں کمی رہی، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط ہوا اور مارکیٹ کے جذبات مثبت ہوئے۔

جیوجیٹ انویسٹ منٹس کے سرمایہ کاری سےمتعلق  چیف  حکمت عملی ساز  وی کے وجے کمار کا کہنا ہے کہ  ایف پی آئی کی خریداری میں ایک اہم رجحان آٹوموبائل، کنزیومر ڈیوریبلز اور ہیلتھ کیئر جیسے شعبوں کو ترجیح دینا ہے۔غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی قرض کی مارکیٹ میں بھی برقرار رہی، جہاں سرمایہ کاری کا سلسلہ جاری رہا۔

یہ بھی پڑھئے: او این جی سی کے نئے چیئرمین کی دوڑ میں رنجیت رتھ سمیت کئی بڑے نام شامل

غیر ملکی سرمایہ کاری بحال ہونے کی وجہ ؟

مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ سرمایہ کاری سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کی عکاسی کرتی ہے، جسے امریکہ میں شرح سود میں کمی کی توقعات، خام تیل کی قیمتوں میں نرمی اور روپے کے استحکام سے تقویت ملی ہے۔سرمایہ کاری پلیٹ فارم ٹریک کے شریک بانی اور سی ای او ویدانت گپتے نے بتایا کہ ریزرو بینک کے بہتر شرح نمو اور افراط زر کے جائزے نے بھی اعتماد کو مضبوط کیا ہے۔ ہندوستانی حصص میں غیر ملکی ملکیت نسبتاً کم ہونے کی وجہ سے نئی سرمایہ کاری کی گنجائش بھی موجود ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK