Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران میں ہندوستانی سفیر رودرا گورو شریستھ کا فارسی زبان میں الوداعی پیغام وائرل

Updated: August 14, 2026, 6:01 PM IST | Tehran

ایران میں ہندوستان کے سبکدوش ہونے والے سفیر رودرا گورو شریستھ کی الوداعی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں انہوں نے فارسی زبان میں ایرانی عوام اور ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔ تین سالہ سفارتی مدت مکمل کرنے والے شریستھ اب ترکی میں ہندوستان کے نئے سفیر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جبکہ رخصتی کے موقع پر ایرانی روایت کے مطابق ان کے پیچھے پانی بھی پھینکا گیا۔

 Rudra Gaurav Shresth will now be India`s ambassador to Turkey. Photo: X
رودرا گورو شریستھ اب ترکی میں ہندوستان کے سفیر ہوں گے۔ تصویر: ایکس

ایران میں ہندوستان کے سبکدوش ہونے والے سفیر رودرا گورو شریستھ کی الوداعی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے، جس میں انہوں نے تہران سے فارسی زبان میں اپنا آخری پیغام دیا۔ شریستھ نے ایران میں اپنی تین سالہ تعیناتی کے دوران ساتھ دینے والے لوگوں اور ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور ان یادوں کا ذکر کیا جو وہ اپنے ساتھ لے کر جا رہے ہیں۔ الوداعی تقریب کے دوران پانی سے متعلق ایک روایتی ایرانی رسم بھی ادا کی گئی۔ آئندہ شریستھ کی تعیناتی ترکی میں ہوگی، جہاں وہ انقرہ میں ہندوستان کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔ ویڈیو میں شریستھ نے ایران میں اپنے قیام کو یاد کرتے ہوئے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی مدتِ سفارت کے دوران ان کا ساتھ دیا۔

شریستھ نے فارسی میں کہا، ’’آج ایران میں میری ذمہ داری ختم ہوگئی ہے۔ میں ان تمام دوستوں اور ساتھیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو اس دوران میرے ساتھ رہے۔ ایران واقعی خوبصورتی، ثقافت، شائستگی اور مہمان نوازی کی سرزمین ہے۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’یہ سرزمین اور یہاں کے لوگ ہمیشہ میری یادوں اور میرے دل میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔ مجھے دوبارہ آپ سے ملنے کا انتظار رہے گا۔ الوداع۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: ممی شدہ انسانی باقیات سے خطرناک پھپھوندی پھیلنے کا خدشہ، سائنس دانوں کا انتباہ

ایرانی روایت
رخصتی کے وقت ایرانی روایت کے مطابق شریستھ کے پیچھے پانی پھینکا گیا۔ یہ رسم رخصت ہونے والے شخص کے محفوظ سفر کی دعا اور اس کی دوبارہ واپسی کی امید کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ شریستھ کی نئی تعیناتی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ہندوستان ایران کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کے ساتھ اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ اپنے تزویراتی روابط میں بھی توازن قائم رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ۲۸؍ فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے حملوں اور مغربی ایشیا میں وسیع تر تنازع کے بعد یہ توازن مزید نازک ہوگیا ہے۔ ہندوستان نے ’’گہری تشویش‘‘ کا اظہار کرتے ہوئے تحمل، کشیدگی کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ پر زور دیا، تاہم ان حملوں کی مذمت کرنے سے گریز کیا۔ خارجہ سکریٹری وکرم مصری نے نئی دہلی میں ایرانی سفارت خانے میں تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی جب مودی حکومت کو خامنہ ای کی موت پر تقریباً ایک ہفتے تک خاموشی اختیار کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK