Updated: September 18, 2026, 8:05 PM IST
| New Delhi
وزارتِ خارجہ نے پاسپورٹ (ترمیمی) قواعد ۲۰۲۶ء جاری کر دیے ہیں، جن کے تحت ۱۵؍ سال سے کم عمر بچوں کے عام پاسپورٹ کی میعاد پانچ سال یا ۱۸؍ سال کی عمر تک مقرر کی گئی ہے، جو مدت پہلے مکمل ہو۔ نئے قواعد میں پاسپورٹ کی مختلف خدمات کی فیس بھی تبدیل کی گئی ہے۔
وزارتِ خارجہ نے پاسپورٹ (ترمیمی) قواعد ۲۰۲۶ء کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت بچوں کے پاسپورٹ کی میعاد میں تبدیلی کی گئی ہے۔ یہ تبدیلیاں ۱۵؍ ستمبر کو سرکاری گزٹ میں شائع ہوتے ہی نافذ العمل ہوگئیں، جبکہ پاسپورٹ سے متعلق تمام خدمات کی نظرثانی شدہ فیس یکم جولائی سے لاگو ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ناندیڑ: سقوطِ حیدرآباد کے عنوان سے اجلاس، حیدرآباد کےمورخین اور ماہرین کا خطاب
درخواست دینے سے قبل اہم باتیں
۱۔ نئے قواعد کے تحت ۱۵؍ سال سے کم عمر بچوں کو جاری کیے جانے والے عام پاسپورٹ کی میعاد اب پانچ سال یا بچے کے ۱۸؍ سال کی عمر کو پہنچنے تک ہوگی، یعنی اگر بچہ پاسپورٹ بنواتے وقت ۱۰؍ سال کا ہے تو وہ ۱۸؍ سال کا ہونے تک، یعنی ۸؍ سال نہیں، بلکہ صرف ۵؍ سال تک پاسپورٹ استعمال کر سکے گا، دوسری صورت میں اگر بچہ پاسپورٹ بنواتے وقت ۱۵؍ سال کا ہے تو پانچ سال بعد اس کی عمر ۲۰؍ سال ہوگی، اس لیے پاسپورٹ صرف ۱۸؍ سال کی عمر تک، یعنی ۳ سال کے لیے قابل قبول ہوگا۔ یہ تبدیلی بنیادی طور پر ۱۵؍ سال سے کم عمر بچوں کے ۳۶؍ صفحات والے عام پاسپورٹ پر لاگو ہوگی۔
۲۔ نئے ترمیمی قواعد میں نئے پاسپورٹ، دوبارہ اجرا، تتکال درخواستوں، گم یا خراب پاسپورٹ کے متبادل اور پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ (پی سی سی) کی فیس میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔
۳۔ پاسپورٹ سے متعلق تمام خدمات کی نظرثانی شدہ فیس یکم جولائی سے مؤثر ہے۔
۴۔ ۱۸؍ سال یا اس سے زیادہ عمر کے درخواست گزاروں کے لیے ۳۶؍ صفحات والے پاسپورٹ کی عام فیس ۲؍ ہزار ۵۰۰؍ روپے، جبکہ ۶۰؍ صفحات والے پاسپورٹ کی فیس ۳؍ ہزار ۵۰۰؍ روپے ہوگی۔
۵۔ تتکال سروس کے تحت ۳۶؍ صفحات والے پاسپورٹ کی فیس ۵؍ ہزار روپے اور ۶۰؍ صفحات والے پاسپورٹ کی فیس ۶؍ ہزار روپے ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے: ’’مراٹھوں کو انصاف دیجئے، لیکن او بی سی کے حقوق نہ چھینئے‘‘
۶۔ ۱۸؍ سال سے کم عمر درخواست گزاروں کے لیے نئے یا دوبارہ جاری کیے جانے والے ۳۶؍ صفحات والے عام پاسپورٹ کی فیس ایک ہزار ۷۵۰؍ روپے ہوگی، جبکہ تتکال فیس ۴؍ ہزار ۲۵۰؍ روپے مقرر کی گئی ہے۔
۷۔ گم یا خراب پاسپورٹ کے متبادل کے لیے بالغ افراد سے ۳۶؍ صفحات والے پاسپورٹ کی عام فیس ۵؍ ہزار روپے وصول کی جائے گی، جبکہ نابالغوں کے لیے یہ فیس ۴؍ ہزار ۲۵۰؍ روپے ہوگی۔ تتکال سروس میں بالغوں کے لیے ۷؍ ہزار ۵۰۰؍ روپے اور نابالغوں کے لیے ۶؍ ہزار ۷۵۰؍ روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔
۸۔ نئے پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے والے آٹھ سال تک کی عمر کے نابالغوں اور ۶۰؍ سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں کو پاسپورٹ فیس میں ۱۰؍ فیصد رعایت دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: بلڈانہ: ضلع پریشد اردو اسکول کی انوکھی پہل، ’’میرے اسکول میں خوبصورت جماعت‘‘ مہم کا اعلان
۹۔ پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ، سرنڈر سرٹیفکیٹ، گلوبل انٹری پروگرام کی تصدیق اور پاسپورٹ سے متعلق دیگر متفرق سرٹیفکیٹس کی فیس بھی نظرثانی کے بعد ۷۵۰ روپے کر دی گئی ہے۔
پاسپورٹ (ترمیمی) قواعد ۲۰۲۶ء کے ذریعے پاسپورٹ قواعد ۱۹۸۰ء میں تبدیلی کی گئی ہے۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق، نئے قواعد سے ملک بھر میں کم عمر درخواست گزاروں کے لیے پاسپورٹ کے اجرا سے متعلق ضوابط مزید واضح ہوں گے۔