• Tue, 10 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان اور ملائیشیا سیمی کنڈکٹر کے شعبے میں تعاون بڑھائیں گے: مودی

Updated: February 08, 2026, 4:08 PM IST | Kuala Lampur

ہندوستان اور ملائیشیا نے دہشت گردی سے نمٹنے، خفیہ معلومات کے تبادلے، سمندری سلامتی کو مضبوط بنانے، دفاع، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سیمی کنڈکٹر کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

Modi In Malaysia.Photo:PTI
مودی ملائیشیا میں ۔تصویر:آئی این این

ہندوستان اور ملائیشیا  نے دہشت گردی سے نمٹنے، خفیہ معلومات کے تبادلے، سمندری سلامتی کو مضبوط بنانے، دفاع، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سیمی کنڈکٹر کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک کا خیال ہے کہ ہند-بحرالکاہل  خطہ دنیا کے ترقیاتی انجن کے طور پر ابھر رہا ہے اور وہ آسیان  کے ساتھ پورے ہند- بحرالکاہل خطے میں ترقی، امن اور استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔ دہشت گردی پر ان کا واضح پیغام ہے کہ اس پر دوہرا معیار منظور نہیں اور دہشت گردی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ملائیشیا کے دو روزہ دورے پر آئے وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو کوالالمپور اپنے ملائیشیائی ہم منصب کے ساتھ تفصیلی بات چیت کے بعد یہ بات کہی۔ وزیر اعظم نے ملائیشیا میں ہندوستانی کارکنوں کی حفاظت کے لیے سماجی تحفظ کے معاہدے، سیاحت کے لیے گریٹس ای-ویزا اور ڈیجیٹل پیمنٹ انٹرفیس `یو پی آئی کے ملائیشیا میں نفاذ کو بڑا قدم قرار دیا۔
 مودی نے مذاکرات کے بعد مشترکہ بیان میں کہا کہ ’’ہندوستان اور ملائیشیا کے تعلقات خاص ہیں۔ ہم سمندری پڑوسی ہیں۔ صدیوں سے ہمارے لوگوں کے درمیان گہرے اور قلبی رشتے رہے ہیں۔ آج ملیشیا، ہند نژاد آبادی والا دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے۔ ہماری تہذیبیں، مشترکہ ثقافتی ورثے اور جمہوری اقدار سے جڑی ہوئی ہیں۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا کہ سلامتی کے شعبے میں ہم انسداد دہشت گردی، خفیہ معلومات کے تبادلے، سمندری سلامتی میں تعاون کو مضبوط کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک دفاعی تعاون کو بھی مزید وسیع کریں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے دفاع، اے آئی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سیمی کنڈکٹر کے شعبے میں تعاون میں اضافے پر اتفاق کیا ہے۔
 مودی نے کہا کہ ملائیشیا میں ہندوستانی کارکنوں کی حفاظت کے لیے سماجی تحفظ کے معاہدے، سیاحت کے لیے گریٹس ای-ویزا اور ڈیجیٹل پیمنٹ انٹرفیس یو پی آئی کا ملائیشیا میں نفاذ، یہ تمام اقدامات دونوں ممالک کے شہریوں کی زندگی کو آسان بنائیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان اور ملائیشیا کو تمل زبان کے تئیں مشترکہ محبت بھی جوڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا میں تمل زبان کی مضبوط موجودگی تعلیم، میڈیا اور ثقافتی زندگی میں نظر آتی ہے۔

یہ بھی پڑھئےَ:’’میرے ڈھولنا ۳‘‘ کیلئے اداکار کی ٹیم اریجیت سنگھ کو سائن کرنا چاہتی تھی

انہوں نے کہا کہ ہند-بحرالکاہل خطہ دنیا کے ترقیاتی انجن کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ’’ہم آسیان کے ساتھ پورے ہند-بحرالکاہل خطے میں ترقی، امن اور استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔ ہندوستان آسیان کی مرکزیت کو ترجیح دیتا ہے۔‘‘وزیر اعظم نے عالمی اداروں میں اصلاحات کو ضروری قرار دیا اور دہشت گردی پر دوہرے معیار کی مخالفت کرتے ہوئے دہشت گردی سے کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی بات کہی۔

یہ بھی پڑھئے:ناسا کے خلا بازوں کو چاند کی مہم پر جدید ترین اسمارٹ فون لے جانے کی اجازت ہوگی

مودی نے کہا کہ ’’ہمارا مشترکہ نظریہ ہے کہ آج کے چیلنجوں کا حل تلاش کرنے کے لیے عالمی اداروں میں اصلاحات ضروری ہیں۔ ہم امن کی تمام کوششوں کی حمایت کرتے رہیں گے اور دہشت گردی پر ہمارا پیغام واضح ہے، دہشت گردی پر دوہرے معیار کی مخالفت اور دہشت گردی سے کوئی سمجھوتہ نہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK