Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہند-نیوزی لینڈ ایف ٹی اے، سرمایہ کاری اور مشترکہ تجارت کو فروغ دے گا : جے شنکر

Updated: April 30, 2026, 10:50 AM IST | Agency | New Delhi

وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان طے پانے والے آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف اقتصادی تعاون کو نئی رفتار دے گا بلکہ اسٹریٹجک اعتماد اور مستقبل کی شراکت داری کے ایک نئے دور کا آغاز بھی کرے گا۔

External Affairs Minister S Jaishankar.Photo:INN
وزیر خارجہ ایس جے شنکر-تصویر:آئی این این
وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے  ہندوستان  اور نیوزی لینڈ کے درمیان طے پانے والے آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کو دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف اقتصادی تعاون کو نئی رفتار دے گا بلکہ اسٹریٹجک اعتماد اور مستقبل کی شراکت داری کے ایک نئے دور کا آغاز بھی کرے گا۔درحقیقت ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کئی برسوں سے جاری مذاکرات کے بعد ۲۷؍ اپریل کو اس فری ٹریڈ ایگریمنٹ کو حتمی شکل دی گئی۔ اس موقع پر پیوش گوئل اور نیوزی لینڈ کے وزیر تجارت ٹووڈ میکلے کی موجودگی میں معاہدہ پر دستخط  کئے گئے، جو دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات کی  علامت ہے۔
 
 
اس معاہدہ کے تحت نیوزی لینڈ کو بھارت سے ہونے والی ۱۰۰؍ فیصد برآمدات پر ٹیرف میں مکمل چھوٹ حاصل ہوگی، جبکہ نیوزی لینڈ سے بھارت آنے والی تقریباً ۹۵؍ فیصد اشیاء پر یا تو ٹیرف ختم کر دیا گیا ہے یا اسے نمایاں طور پر کم کر دیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس قدم سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔وزیر خارجہ ڈاکٹر جے شنکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ ایف ٹی اے اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرے گا، سرمایہ کاری کو فروغ دے گا اور  ہندوستانی برآمد کنندگان کے  لئے عالمی منڈیوں تک رسائی کو آسان بنائے گا۔
 
 
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس معاہدے سے نہ صرف بڑے صنعتی شعبوں بلکہ کاروباری افراد، کسانوں،    ایم ایس ایم ای، خواتین اور نوجوانوں کیلئے بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس معاہدے کے تحت ایک اہم شق یہ بھی شامل ہے کہ نیوزی لینڈ آئندہ ۱۵؍ برسوں کے دوران  ہندوستان میں ۲۰؍ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریگا۔ہندوستانی برآمدات کو بھی اس معاہدہ سے بڑا فائدہ ہوگاکیونکہ انہیں نیوزی لینڈ  کے مارکیٹ میں مکمل طور پر ڈیوٹی فری رسائی حاصل ہوگی۔ خاص طور پر ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکلز اور انجینئرنگ کے شعبوں کو اس سے نمایاں فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔اسی کے ساتھ ہنرمند پیشہ ور افراد کیلئے ہر سال ۵؍ ہزار ویزوں کا انتظام بھی کیا گیا ہے، جس سے آئی ٹی  جیسے اہم شعبوں میں افراد کی نقل و حرکت میں اضافہ ہوگا۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK