• Thu, 05 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہند نژاد نتھیا رمن لاس اینجلس کی میئر منتخب، ۵۱؍ فیصد حاصل کئے

Updated: November 05, 2026, 5:03 PM IST | Los Angeles

کیرالا میں پیدا ہونے والی نتھیا رمن کی لاس اینجلس کے میئر کے انتخاب میں کامیابی امریکی سیاست میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ وہ شہر کی پہلی ایشیائی نژاد امریکی میئر بننے جا رہی ہیں۔

Nithya Raman. Photo: INN
نتھیا رمن۔ تصویر: آئی این این

کیرالا میں پیدا ہونے والی نتھیا رمن نے لاس اینجلس کے میئر کے انتخاب میں موجودہ میئر کیرن باس کو شکست دے دی ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ شہر کی پہلی ایشیائی نژاد امریکی میئر بن گئی ہیں۔ الیکشن نتائج کی پیش گوئی کرنے والے ادارے ’ڈسیژن ڈیسک ایچ کیو‘ کے مطابق وہ لاس اینجلس کی ۴۴؍ ویں میئر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ ادارے کی رپورٹ کے مطابق، نتھیا رمن نے ۱ء۵۱؍ فیصد ووٹ حاصل کیے، جبکہ کیرن باس کو۳۳ء ۴۸؍ فیصد ووٹ ملے۔ وہ لاس اینجلس کے اعلیٰ ترین سیاسی عہدے پر منتخب ہونے والی دوسری خاتون بھی ہوں گی۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ: وسط مدتی انتخابات میں جین زی امیدواروں کی تاریخ ساز کامیابی

نتھیا رمن امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی صدارت کے آخری برسوں میں لاس اینجلس کی قیادت کریں گی اور ۲۰۲۸ء کے سمر اولمپکس کے لیے شہر کی تیاریوں کی نگرانی بھی ان کی ذمہ داری ہوگی۔ نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی سے اکثر موازنہ کی جانے والی نتھیا رمن نے انتخابی دوڑ میں آخری وقت میں شمولیت اختیار کی، حالانکہ اس سے چند ہفتے قبل ہی انہوں نے کیرن باس کی دوبارہ انتخاب کے لیے حمایت کی تھی۔ ان کی انتخابی مہم میں ڈیموکریٹک سوشلسٹ تحریک سے وابستہ دیگر امیدواروں کی حکمت عملیوں سے بھی استفادہ کیا گیا۔

نتھیا رمن لاس اینجلس کی سیاست میں نئی نہیں ہیں۔ انہوں نے ۲۰۲۰ء میں سیاسی میدان میں قدم رکھا، جب انہوں نے سٹی کونسل کے موجودہ رکن ڈیوڈ ریو کو شکست دی تھی۔ اس کامیابی کے ساتھ ایک دہائی سے زائد عرصے میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا تھا کہ سٹی کونسل کے کسی موجودہ رکن کو دوبارہ انتخاب میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ ڈیموکریٹک سوشلسٹس آف امریکہ (DSA) کی حمایت سے لاس اینجلس سٹی کونسل کی نشست جیتنے والی پہلی امیدوار بھی بن گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھئے: جاپان: شرح پیدائش میں ۱۱؍ سال میں پہلی بارااضافہ، آبادی کا بحران برقرار

کیرالا سے امریکی سیاست تک: نتھیا رمن کی ابتدائی زندگی اور تعلیم

نتھیا رمن ۱۹۸۱ء میں کیرالا میں پیدا ہوئیں۔ ۶؍ سال کی عمر میں اپنے خاندان کے ساتھ امریکہ منتقل ہوگئیں اور ۲۲؍ سال کی عمر میں امریکی شہریت حاصل کی۔ انہوں نے ہارورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن کیا، جس کے بعد میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) سے شہری منصوبہ بندی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ نتھیا رمن نے ’ٹرانسپیرنٹ چنئی‘ کے نام سے ایک شہری تحقیقی ادارہ قائم کیا، جس کا مقصد صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانا تھا۔ ۲۰۱۳ء میں لاس اینجلس منتقل ہونے کے بعد انہوں نے شہر کے انتظامی افسر کے ساتھ کام کیا اور ’سیلہ نیبرہڈ ہوم لیس کولیشن‘ کی مشترکہ بنیاد رکھی۔ انہوں نے سیاست میں اپنے کریئر کو وسعت دینے سے قبل ’ٹائمز اپ انٹرٹینمنٹ‘ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK