انڈیگو کی جانب سے جمعرات کو ۵۵۰ سے زائد اور جمعہ کو تقریباً ۴۰۰ پروازوں کو منسوخ کئے جانے کے بعد ریلوے کا یہ اقدام سامنے آیا ہے۔
EPAPER
Updated: December 06, 2025, 4:04 PM IST | New Delhi
انڈیگو کی جانب سے جمعرات کو ۵۵۰ سے زائد اور جمعہ کو تقریباً ۴۰۰ پروازوں کو منسوخ کئے جانے کے بعد ریلوے کا یہ اقدام سامنے آیا ہے۔
ہندوستان کی سب سے بڑی ایئرلائن انڈیگو کے آپریشنل بحران کا آج چوتھا دن ہے۔ انڈیگو نے گزشتہ دنوں میں سیکڑوں پروازیں منسوخ کی ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں مسافروں کو شدید تکالیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مسافروں کی بڑی تعداد مختلف شہروں میں ایئرپورٹس پر پھنسی ہوئی ہے۔ ایسے حالات میں ریلوے نے مسافروں کی سہولت کیلئے ٹرینوں کی صلاحیت بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ ریلوے نے ملک بھر میں ۳۷؍ ٹرینوں میں ۱۱۶؍ اضافی ڈبوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت ریلوے نے بتایا کہ جنوبی ریلوے نے ۶ دسمبر سے ۱۸ زیادہ مانگ والے ٹرینوں میں چیئر کار اور سلیپر کلاس ڈبے شامل کئے ہیں جبکہ شمالی زون میں ۸ ٹرینوں میں تھرڈ اے سی اور چیئر کار ڈبوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح مغربی ریلوے بھی اپنے چار مصروف ترین روٹس پر ٹرینوں کی تعداد میں اضافہ کرے گا۔ ایسٹ سنٹرل اور ایسٹ کوسٹ ریلوے کے تحت راجندر نگر–نئی دہلی اور بھونیشور–نئی دہلی سروسز میں بھی سیکنڈ اے سی کے اضافی ڈبے لگائے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: انڈیگو بحران: تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل
ریلوے نے مصروف ترین راستوں پر زبردست مانگ کو پورا کرنے کیلئے خصوصی ٹرینوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے تحت، جلد ہی گورکھپور–آنند وہار، نئی دہلی–ممبئی سینٹرل اور حضرت نظام الدین–تروواننت پورم کے درمیان سپر فاسٹ ٹرینیں شروع کی جائیں گی۔ وزارت نے مزید بتایا کہ یہ اقدامات، انڈیگو بحران کی وجہ سے بڑھتی ہوئی مانگ کے درمیان ”مناسب رہائش اور بروقت نقل و حمل کے اختیارات“ کو یقینی بنانے کیلئے ریلوے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
انڈیگو آپریشنز تاحال متاثر، ہزاروں مسافر پھنس گئے
واضح رہے کہ انڈیگو کی جانب سے جمعرات کو ۵۵۰ سے زائد اور جمعہ کو تقریباً ۴۰۰ پروازوں کو منسوخ کئے جانے کے بعد ریلوے کا یہ اقدام سامنے آیا ہے۔ رواں ہفتے اب تک ۱۶۰۰ سے زیادہ پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے ایئرلائن سے معمول کی مکمل بحالی کا روڈ میپ طلب کیا ہے۔ انڈیگو نے ریگولیٹرز کو مطلع کیا ہے کہ اسے امید ہے کہ اگلے سال ۱۰ فروری تک اس کی خدمات معمول پر آجائیں گی۔
یہ بھی پڑھئے: دہلی سے انڈیگو کی تمام گھریلو پروازیں نصف شب تک منسوخ، مسافروں کو شدید تکالیف کا سامنا
دریں اثناء، سنیچر کو مزید مسافروں کو تکالیف کا سامنا کرنا پڑا جب انڈیگو نے تقریباً ۱۰۰ پروازوں کی منسوخی کا اعلان کیا۔ اس کی وجہ سے دہلی، حیدرآباد، ممبئی اور گوہاٹی سمیت بڑے ہوائی اڈوں پر فلائٹ شیڈول درہم برہم ہوگیا جن میں دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ حیدرآباد ہوائی اڈے نے ۶۹ منصوبہ بند منسوخیوں کی اطلاع دی، جس سے آپریشنز شدید متاثر ہوئے، جبکہ گوہاٹی میں مسافر طویل قطاروں اور اپڈیٹس کے انتظار میں پھنسے رہے۔