’ایئربس‘ کے ساتھ ۴۰؍ ہزار کروڑ کا معاہدہ، ۲۰۲۷ء میں طیارے فراہم کئے جائیں گے۔
EPAPER
Updated: June 03, 2025, 11:15 AM IST | Agency | Mumbai
’ایئربس‘ کے ساتھ ۴۰؍ ہزار کروڑ کا معاہدہ، ۲۰۲۷ء میں طیارے فراہم کئے جائیں گے۔
ہندوستان کی سب سے بڑی ایئرلائن انڈیگو نے بڑی جسامت (وائیڈ باڈی ) والے ۳۰؍ نئے ’ایئربس اے ۳۵۰‘ طیارے خریدنے کا آرڈر دیا ہے۔ اس سودے کی قیمت۴؍ سے۵؍ ارب ڈالر (تقریباً۴۰؍ہزار کروڑ روپے) بتائی جا رہی ہے۔ خریداری معاہدہ کی اطلاع انڈیگو کے سی ای او پیٹر ایلبرس نے دی ہے۔ اس سے قبل اپریل۲۰۲۴ء میں انڈیگو نے پہلی بار۳۰؍ ’’اے ۳۵۰‘ طیاروں کا آرڈر دیا تھا۔ اس طرح اب تک کمپنی بڑی جسامت کے ۶۰؍ طیاروں کا آرڈر دے چکی ہے۔ انڈیگو کے سی ای او نے انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) کی سالانہ میٹنگ میں بتایا کہ کمپنی نے۷۰؍ مزید ’’اے ۳۵۰‘‘ طیارے خریدنے کا ارادہ کیا ہے جن میں سے اب مزید۳۰؍ طیاروں کا آرڈر فائنل کر لیا گیا ہے۔ ایئربس کے چیف کمرشل آفیسر نے بتایاکہ اب ہمارے پاس انڈیگو کے کل ۱۴۰۰؍ طیاروں کا آرڈر بک ہوچکاہے۔ فی الحال انڈیگو کے پاس۴۳۰؍ سے زیادہ طیارے ہیں، جن میں صرف۳؍ وائیڈ باڈی طیارے ہیں۔ ان میں سے بھی دو طیارے ترک کمپنی سے لیز پر لئے گئے ہیں۔ مارکیٹ شیئر کے لحاظ سے انڈیگو ہندوستان کی سب سے بڑی ایئرلائن ہے، جس کا مارکیٹ شیئر تقریباً۶۴؍ فیصد ہے۔ یہ روزانہ۲؍ہزار سے زیادہ پروازیں چلاتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:مینوفیکچرنگ پی ایم آئی ۳؍ ماہ کی کم ترین سطح پر
انڈیگو کو۳؍ ہزارکروڑ روپے کا منافع
اس بیچ انڈیگو کو چلانے والی کمپنی انٹرگلوب ایوی ایشن نے مالی سال۲۵۔۲۰۲۴ء کی چوتھی سہ ماہی میں۳؍ہزار۶۸؍کروڑ روپے کا خالص منافع کمایاہے جو گزشتہ سال کے مقابلے۶۲؍فیصد زیادہ ہے۔ پچھلے سال اسی سہ ماہی میں یہ منافع ایک ہزار ۸۹۵؍ کروڑ روپے تھا۔ فضائی سفر کے شعبے میں بڑھتی ہوئی مانگ کمپنی کے منافع میں اضافہ کی اہم وجہ ہے۔ جنوری سے مارچ کی سہ ماہی میں انڈیگو کی آمدنی۲۴؍ فیصد بڑھ کر۲۲؍ہزار ۱۵۲؍ کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔