۷۹۴؍ فرسٹ اور سیکنڈ کلاس لیڈیز ڈبوں میں اور ۹۴؍ جنرل ڈبوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔
EPAPER
Updated: August 20, 2026, 2:18 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
۷۹۴؍ فرسٹ اور سیکنڈ کلاس لیڈیز ڈبوں میں اور ۹۴؍ جنرل ڈبوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔
سینٹرل ریلوے کی تمام لوکل ٹرینوں میں لیڈیز ڈبے میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیئے گئے ہیں۔ سینٹرل ریلوے کی لوکل ٹرینوں میں مجموعی طور پر۷۹۴؍ فرسٹ اور سیکنڈ کلاس لیڈیز ڈبے ہیں، اس میں کیمرے لگادیئے گئے۔ اس کے علاوہ ۹۴؍ جنرل ڈبوں میں بھی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ اس تعلق سے سینٹرل ریلوے کے سینئر پی آر اوپاٹل نےنمائندۂ انقلاب کے استفسار پربتایا کہ ’’ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام جاری ہے۔ اس ضمن میں سب سے اہم مرحلہ یعنی لیڈیز ڈبوں میں یہ کام پورا کرلیا گیا ہے جبکہ جنرل ڈبوں میں بھی کیمرے لگائے جارہے ہیں۔ ‘‘ ان کے مطابق ’’ مسافروں کی حفاظت اورہمہ وقت نگرانی اور کسی مشکل میں ان کی بروقت مدد سب سے اہم ہے۔ اس لئے مسافروں کی حفاظت کو ترجیح دیتے ہوئے اس جانب قدم بڑھایا گیا ہے اور اس کا نتیجہ بھی سامنے ہے۔ ‘‘ سینئر پی آر ا و پاٹل نےیہ بھی بتایا کہ ’’ جنرل ڈبوں میںیہ کام جاری ہے، اسے بھی بتدریج پوراکیا جائے گا۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ٹیکسی اور رکشاڈرائیوروں کیلئے لازمی مراٹھی قانون کا آج سے نفاذ
ویسٹرن ریلوے میں ابھی تمام لیڈیز ڈبوں میں یہ کا م نہیں ہوسکا ہے۔ سینئر پی آر اواسمیتا سے رابطہ قائم کرنے پر ان کا کہناہے کہ’’ ابھی تمام لیڈیز ڈبوںمیں یہ کام نہیںکیا ہوسکا ہے۔کل ۴۶۸؍ لیڈیزڈبوں میں سے ۱۶۱؍ڈبوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔ ویسٹرن ریلوے کی ۱۴۸۱؍ سروسیز میں سے ۲۹۲؍ میں کیمرے لگائے گئے ہیں ۱۱۹۸؍ سروسیز میں یہ کام باقی ہے۔ اس کے علاوہ ۵۰۲؍ میمو سروسیز میں سے ۱۷۴؍ میں لگائے گئے ہیں، ۳۲۸؍ میں لگانا باقی ہے۔‘‘ ان کایہ بھی کہناہے کہ ’’ تیزی سے کام کیا جارہا ہے تاکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ہمہ وقت نگرانی کو یقینی بنایاجاسکے۔ جہاںتک اسٹیشنوں کی بات ہے تو وہاں پہلے سے ہی سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور دیگر انتظامات کئے جاچکے ہیں۔‘‘