وزیر اعلیٰ نے پیاز کے تعلق سے مختلف محکموں کے افسران اور وزراء کی میٹنگ بلائی ، کسانوں کی فوری امداد اور مستقل حل کیلئے کمیٹی قائم کی گئی۔
کیا کمیٹی پیاز کے کسانوں کی مشکل دور کرے گی؟تصویر:آئی این این
مہاراشٹر میں ہر سال سامنے آنے والے پیاز بحران کے مستقل حل کیلئے ریاستی حکومت نے جامع حکمت عملی تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت کسانوں کو فوری راحت فراہم کرنے کے ساتھ طویل مدتی اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے اس سلسلے میں زرعی، مالیات اور مارکیٹنگ محکموں کے اعلیٰ افسران پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے، جو کسانوں کیلئے فوری امدادی اقدامات کے ساتھ ساتھ مستقل حل بھی تجویز کرے گی۔
ودھان بھون میں منعقدہ اجلاس میں نائب وزیر اعلیٰ سونیترا پوار سمیت کئی سینئر وزراء موجود تھے، جن میں چھگن بھجبل، رادھا کرشنا وکھے پاٹل، گریش مہاجن، جے کمار راول، دتاترے بھرنے ، نرہری زرول اور دادا بھسے شامل تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پیاز کی تجارت میں بے ضابطگیوں کو روکنے اور برآمدات کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے مرکزی وزیر تجارت پیوش گوئل کے ساتھ بھی علاحدہ میٹنگ کی جائے گی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ تاجر کسانوں سے پیاز خرید کر بعد میں نافیڈ یا دیگر ایجنسیوں کو فروخت کرتے ہیں، جس سے کسانوں کو نقصان ہوتا ہے، اور اس نظام کو مستقل طور پر ختم کرنا ضروری ہے۔
حکومت کی جانب سے مجوزہ کمیٹی ناسک، پونے، احمد نگر اور شولاپور جیسے بڑے پیاز پیدا کرنے والے اضلاع میں فصلوں کی تنوع کے امکانات کا بھی جائزہ لے گی، جسے آئندہ خریف سیزن سے نافذ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ پیاز کی کاشت میں بھی مختلف اقسام کے انتخاب اور پیداوار پر کنٹرول کے اقدامات پر زور دیا گیا ہے، تاکہ طلب اور رسد میں توازن قائم رکھا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسانوں کو بہتر منافع دینے والی فصلوں کی طرف راغب کرنا ضروری ہے ، کیونکہ موجودہ حالات میں زیادہ پیداوار اور سپلائی چین میں رکاوٹیں حکومت کو بار بار مالی امداد دینے پر مجبور کرتی ہیں، جو طویل مدت میں فائدہ مند ثابت نہیں ہوتی۔ انہوں نے کمیٹی کو ہدایت دی کہ وہ مکمل جائزہ لے کر فوری اور طویل مدتی تجاویز تیار کرے اور آئندہ دو سے تین ماہ میں حتمی رپورٹ پیش کرے تاکہ مؤثر عمل درآمد ممکن ہو سکے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ۳؍ سال سے مسلسل بے موسم برسات اور پیاز کے داموں کی گراوٹ کے سبب کسان پریشان ہیں۔ گزشتہ دنوں ناسک میں کسانوں نے سڑک جام کرکے احتجاج بھی کیا تھا۔ اسی وقت وزیر اعلیٰ نے ان کے مسائل حل کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ اب انہوں نے اس تعلق سے کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔