Inquilab Logo Happiest Places to Work

گیارہویں جماعت کی ریگولر کلاس ۱۵؍جولائی سے شروع کرنےکی ہدایت

Updated: July 09, 2026, 11:07 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

گیارہویں کے آن لائن داخلے کے پہلے اوپن ٹوآل رائونڈ کی تکمیل ۹؍جولائی کو ہوگی ۔ اسی کےساتھ دوسرے خصوصی رائونڈ اور ۱۵؍ جولائی سے ریگولر کلاس شروع کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

Students.Photo:INN
طلبہ۔ تصویر:آئی این این
  گیارہویں کے آن لائن داخلے کے پہلے اوپن ٹوآل رائونڈ کی تکمیل ۹؍جولائی کو ہوگی۔ اسی کےساتھ دوسرے خصوصی رائونڈ اور ۱۵؍ جولائی سے ریگولر کلاس شروع کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔  اب تک ۱۴؍ لاکھ میں سے ۱۰؍ لاکھ سے زیادہ طلبہ نے داخلہ کنفرم کروایا ہے۔واضح رہے کہ ریاست کے ۹؍ہزار ۶۸۸؍ جونیئر کالجوں میں ۱۱؍ویں جماعت میں داخلہ کاعمل جاری ہے۔ اب تک ۱۴؍لاکھ ۷۳؍ہزار ۴۲۰؍ طلبہ نے داخلےکیلئے رجسٹریشن کرایا ہے  جن میں سے ۱۰؍لاکھ ۷۳؍ہزار ۹۷۸؍طلبہ نے اپنے داخلے کی تصدیق کرائی ہے ۔
 
 
پہلے اوپن ٹو آل رائونڈ میں ۴؍لاکھ ۸۴؍ہزار ۸۶۵؍ طلبہ نے پارٹ ون اور پارٹ ٹو مکمل کر کے اپنی ترجیح کی تصدیق کی ہے۔ ان میں سے ۳؍ لاکھ ۹۲؍ہزار ۶۹۳؍ طلبہ کو نشستیں الاٹ کی گئی ہیں ۔ چونکہ رجسٹرڈ طلبہ میں سے۷۵؍فیصد سے زیادہ نے داخلہ لے لیا ہے۔ اس لئے ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے تمام ہائر سیکنڈری اسکولوں اور جونیئر کالجوں کو ۱۵؍جولائی سے گیارہویں کی کلاسیں شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔
 
 
بھاری بارش کی وجہ سے کئی اضلاع میں اسکولوں اور جونیئر کالجوں میں تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔  ایسے میں طلبہ کو اس رائونڈ میں داخلہ حاصل کرنے کیلئے مزید ۲؍ دن کی توسیع کی گئی ہے ۔ طلبہ ۹؍جولائی تک داخلہ کنفرم کرواسکتے ہیں ۔ لسٹ کا اعلان ۱۰؍ جولائی کو صبح ۱۰؍ بجے کیا جائے گا۔ دریں اثناء لڑکیوںکے داخلے کیلئے ایک خصوصی رائونڈ کا انعقاد کیاجائے گا۔ اس راؤنڈ کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔ لڑکیاں  ۱۰؍ اور ۱۱؍جولائی کو اپنی درخواست لاک کرسکتی ہیں۔ ۱۳؍ جولائی کو اس کی میرٹ لسٹ جاری کی جائے گی۔  اسی طرح اس کے بعد اگلے اسپیشل راؤنڈ کے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK