• Wed, 28 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران کا پڑوسی ممالک کو سخت انتباہ، نیتن یاہو کی تہران کو وارننگ، ایران میں۱۰۸ اسٹار لنک ڈیوائسز ضبط

Updated: January 28, 2026, 8:00 PM IST | Tehran/Washington

نیتن یاہو نے ایران کو اسرائیل پر حملہ کرنے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر تہران نے حملہ کیا تو اسرائیل ایسی طاقت کے ساتھ جواب دے گا ’’جو ایران نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہوگی۔‘‘

Photo: INN
تصویر: آئی این این

ایران نے پڑوسی ممالک کو سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی ایسا ملک جو اپنی زمین، فضائی حدود یا سمندری حدود کو ایران کے خلاف حملے کیلئے استعمال کرنے کی اجازت دے گا، اسے ’دشمن‘ تصور کیا جائے گا۔ ایران کی ’فارس‘ نیوز ایجنسی کے مطابق، یہ انتباہ منگل کے دن سپاہِ پاسدارانِ انقلابِ اسلامی (آئی آر سی جی) کی بحری افواج کے سیاسی نائب محمد اکبرزادہ نے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران پڑوسی ممالک کو دوست سمجھتا ہے، لیکن اگر ان کی سرزمین ایران کے خلاف فوجی کارروائی کیلئے استعمال کی گئی تو یہ موقف بدل جائے گا۔ ایرانی حکام بارہا کہہ چکے ہیں کہ ملک پر کسی بھی حملے کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

سعودی عرب کا ایران کے خلاف فضائی حدود یا زمین کے استعمال سے انکار

سعودی عرب نے ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی سے خود کو دور رکھنے کا اعلان کیا۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ مملکت اپنی فضائی حدود یا سرزمین کو ایران پر حملوں کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، انہوں نے ایران کی خودمختاری کیلئے ریاض کے احترام کا اعادہ کیا اور علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے گفتگو کے ذریعے تنازعات کے حل کی حمایت پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ اور اسرائیل پر دہشت گردی کی معاونت کاالزام

ترکی کا مرحلہ وار مذاکرات پر زور، فوجی کارروائی کی مخالفت 

ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے دوران، ترکی کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے واشنگٹن پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ تنازعات کو ایک جامع معاہدے کے بجائے مرحلہ وار طریقے سے حل کرے۔ بدھ کو الجزیرہ سے بات کرتے ہوئے فیدان نے کہا کہ ایران اپنے جوہری پروگرام پر مذاکرات کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تمام مسائل کو ایک ساتھ جوڑنا توہین آمیز اور نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے ایران پر کسی بھی غیر ملکی مداخلت یا حملے کی ترکی کی مخالفت کا اعادہ کیا۔

نیتن یاہو کا تہران کو تازہ انتباہ

اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے بھی ایران کو اسرائیل پر حملہ کرنے کے خلاف خبردار کیا۔ منگل کے دن ایک بیان میں نیتن یاہو نے کہا کہ اگر تہران نے حملہ کیا تو اسرائیل ایسی طاقت کے ساتھ جواب دے گا ’’جو ایران نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہوگی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل صورتحال کی قریب سے نگرانی کر رہا ہے اور تمام حالات سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، ساتھ ہی انہوں نے نوٹ کیا کہ اسرائیل اور امریکہ کے فیصلے آزادانہ طور پر لیے جائیں گے۔

ایران میں انٹرنیٹ بلیک آؤٹ کے دوران اسٹار لنک ڈیوائسز ضبط

دریں اثنا، ایرانی حکام نے بتایا کہ ملک بھر میں تقریباً مکمل انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن کے دوران پولیس کی چھاپہ مار کارروائیوں میں ۱۰۸ اسٹار لنک سیٹلائٹ انٹرنیٹ ڈیوائسیز ضبط کی گئی ہیں۔ ایران کی اقتصادی سیکوریٹی پولیس کے سربراہ حسین رحیمی نے کہا کہ ان آلات کو ’’سیکوریٹی مخالف‘‘ اشیاء کے طور پر درجہ بند کیا گیا ہے۔ انہوں نے ایسی ڈیوائسیز کے قبضے یا تقسیم کے خلاف سخت کارروائی کا عزم کیا۔ واضح رہے کہ ایران میں معاشی بدحالی اور کرنسی کی قدر میں کمی کی وجہ سے شروع ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں کے بعد حکومت کا یہ کریک ڈاؤن کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اگر المالکی دوبارہ وزیر اعظم بنے تو امریکہ عراق کی مزید مدد نہیں کرے گا: ٹرمپ

”ایران کی طرف ایک اور ’بحری بیڑا‘ بڑھ رہا ہے“

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کو اعلان کیا کہ ایک اور امریکی “بحری بیڑا“ ایران کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ان کے اس بیان کے بعد دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ تصادم کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ منگل کو ٹرمپ نے کہا کہ ’’ایک اور خوبصورت بحر بیڑا اس وقت ایران کی طرف بڑی خوبصورتی سے تیر رہا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ تہران واشنگٹن کے ساتھ کسی معاہدے پر راضی ہو جائے گا۔ ایران نے امریکہ بیڑوں کی پیش رفت کو اشتعال انگیزی قرار دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK