سپریم لیڈر نے کہا کہ امریکہ کےساتھ موجودہ صورتحال ناقابل حل ہےاورتہران واشنگٹن کےآگے نہیں جھکے گا۔
EPAPER
Updated: August 26, 2025, 1:39 PM IST | Agency | Tehran
سپریم لیڈر نے کہا کہ امریکہ کےساتھ موجودہ صورتحال ناقابل حل ہےاورتہران واشنگٹن کےآگے نہیں جھکے گا۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ موجودہ صورت حال ’ناقابلِ حل‘ ہے۔ ایران کبھی بھی واشنگٹن کے دباؤ کے آگے سر نہیں جھکائے گا۔ رائٹرز کے مطابق مغربی طاقتوں کے ساتھ ایٹمی پروگرام کے تنازعہ کے دوران اتوار کو سپریم لیڈر خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکہ چاہتا ہے کہ ایران اس کا مطیع ہو، لیکن ایرانی قوم اپنی پوری طاقت کے ساتھ ان لوگوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑی رہے گی جو ایسی غلط توقعات رکھتے ہیں ۔ بیان میں خامنہ ای نے کہاکہ امریکہ چاہتا ہے ایران اس کی فرماں برداری کرے لیکن ایسا نہیں ہوگا۔ ایران امریکی فرماں برداری کے مطالبے کے خلاف مضبوطی سے کھڑا رہے گا۔ جو لوگ مسائل کے حل کے لیے واشنگٹن کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کی وکالت کرتے ہیں وہ کم عقل ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ مخالفین ایران میں تفرقہ پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں لیکن قوم متحد ہو کر ان سازشوں کو ناکام بنادے گی۔ واضح ہو کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکہ کے ساتھ ایٹمی مذاکرات اس وقت معطل کیے جب جون میں ۱۲؍ روزہ جنگ کے دوران امریکہ اور اسرائیل نے اس کی ایٹمی تنصیبات پر بمباری کی۔
یہ بھی پڑھئے:مشرقی اور مغربی غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شدت،النصر اسپتال پر بمباری
آیت اللہ علی خامنہ ای کے یہ ریمارکس اس وقت سامنے آئے جب ایران اور یوروپی طاقتوں نے جمعہ کے روز اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ مذاکرات دوبارہ شروع کریں گے تاکہ تہران کی یورینیم کی افزودگی کے کام کو محدود کرنے پر بات چیت بحال کی جا سکے۔ خامنہ ای نے بیان میں کہا کہ جو لوگ ہم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہم امریکہ کے خلاف نعرے نہ لگائیں اور براہِ راست امریکہ کے ساتھ مذاکرات کریں ، وہ صرف ظاہر کو دیکھتے ہیں ، یہ مسئلہ ناقابلِ حل ہے۔ واضح ہوکہ کہ یوروپی ریاستیں اور امریکہ یہ کہتے ہیں کہ ایران جوہری ہتھیار تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ ایران کا مؤقف ہے کہ اس کی دلچسپی صرف ایٹمی توانائی کے حصول تک محدود ہے۔