آئرش سفارت خانے، نئی دہلی نے آئرلینڈ میں ہندوستانی شہریوں پر حالیہ پرتشدد حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور انہیں ’’برابری اور انسانی وقار کی ان اقدار پر حملہ‘‘ قرار دیا ہے جو آئرلینڈ کے نزدیک نہایت اہم ہیں۔
EPAPER
Updated: August 10, 2025, 2:56 PM IST | New Delhi
آئرش سفارت خانے، نئی دہلی نے آئرلینڈ میں ہندوستانی شہریوں پر حالیہ پرتشدد حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور انہیں ’’برابری اور انسانی وقار کی ان اقدار پر حملہ‘‘ قرار دیا ہے جو آئرلینڈ کے نزدیک نہایت اہم ہیں۔
آئرش سفارت خانے، نئی دہلی نے آئرلینڈ میں ہندوستانی شہریوں پر حالیہ پرتشدد حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور انہیں ’’برابری اور انسانی وقار کی ان اقدار پر حملہ‘‘ قرار دیا ہے جو آئرلینڈ کے نزدیک نہایت اہم ہیں۔ یہ بیان ملک میں ہندوستانی برادری کی سلامتی کے بڑھتے خدشات کے درمیان جاری کیا گیا۔ آئرلینڈ کے نائب وزیر اعظم اور وزیر برائے خارجہ امور۱۱؍ اگست کو آئرلینڈ میں ہندوستانی برادری کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے تاکہ ان واقعات پر بات چیت کی جا سکے اور ان کے خدشات کا ازالہ کیا جا سکے۔ سفارت خانے نے کہا کہ نسلی امتیاز اور غیر ملکیوں سے نفرت کی آئرش معاشرے میں کوئی جگہ نہیں اور اس بات پر زور دیا کہ ’’چند افراد کے اقدامات آئرش عوام کی روح کی عکاسی نہیں کرتے اور انہیں ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: جگدیپ دھنکر لاپتہ! کپل سبل کا دعویٰ
ہندوستانی برادری کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے سفارت خانے نے بتایا کہ اب آئرلینڈ میں ایک لاکھ سے زائد ہندوستانی رہائش پذیر ہیں اور ملک کا معاشرہ ’’ان لوگوں کی تنوع سے مالا مال ہے جو آئرلینڈ میں رہتے ہیں، خاص طور پر ہماری ہندوستانی برادری، جن کی خدمات ہمارے ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کر رہی ہیں۔ ‘‘ بیان کے مطابق، سفارت خانہ ڈبلن میں ہندوستانی مشن سے باقاعدہ رابطے میں ہے، جبکہ آئرلینڈ کا محکمہ خارجہ قومی پولیس سروس ’’اَن گاردا شیخونا‘‘کے ساتھ جاری تحقیقات کے سلسلے میں رابطے میں ہے۔ اس سے قبل، یکم اگست کو آئرلینڈ میں ہندوستانی سفارت خانے نے ایک مشاورتی بیان جاری کیا تھا جس میں ہندوستانی شہریوں پر زور دیا گیا کہ وہ محتاط رہیں اور سلامتی کے اقدامات اختیار کریں، کیونکہ ہندوستانیوں پر جسمانی حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’ توپھر آپریشن سیندور کو روکا کیوں،کس کا دباؤ تھا؟‘‘
وزارتِ خارجہ امور (MEA) نے کہا ہے کہ آئرلینڈ ہندوستانی طلبہ کیلئے ایک اہم منزل ہے، خاص طور پر وہ طلبہ جو انجینئرنگ، ٹیکنالوجی، طب اور مینجمنٹ میں پوسٹ گریجویٹ، ڈاکٹریٹ اور پوسٹ ڈاکٹریٹ کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اس وقت آئرلینڈ کی درسگاہوں میں تقریباً۱۰؍ ہزار ہندوستانی طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔