Inquilab Logo

غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد پھر ویٹوکردی گئی

Updated: March 23, 2024, 10:43 AM IST | Agency | Gaza

امریکہ کی پیش کردہ قراردادکو روس نے منافت پر مبنی اور بھونڈا مذاق بتایا، فلسطینی سفیر نے بھی کہا کہ قراردا د اسرائیل کی حمایت میں یکطرفہ تھی۔

In Gaza, attacks continue even in Ramadan, the number of martyrs has exceeded 32 thousand. Photo: INN
غزہ میں رمضان المبارک میں بھی حملے جاری ہے، شہیدوں کی تعداد ۳۲؍ ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ تصویر : آئی این این

رمضان المبارک کے دوران غزہ میں روزہ دار فلسطینیوں پر ایک طرف جہاں اسرائیل حملوں کا سلسلہ دراز کررہا ہے وہیں جنگ بندی کی کوششیں  کامیاب ہوتی نظر نہیں  آرہی ہیں۔ جمعہ کو سلامتی کونسل میں امریکہ کے ذریعہ پیش کی گئی قرارداد کو چین اور روس نے ویٹو کردیا۔ ان کے ساتھ قرارداد کی مخالفت کرنے والے ملوں میں الجزائر بھی شامل ہے۔ 
 جنگ بندی کے نام پر اسرائیل کی تائید
 سلامتی کونسل کے ۱۵؍ میں سے۱۱؍ اراکین نے قرار داد کی حمایت کی جبکہ روس، چین اور الجزائر نے مخالفت کی۔ امریکہ کی مندوب نے قرارداد پیش کرتے ہوئے۷؍ اکتوبر کے حماس کے حملوں کی مذمت کا مطالبہ کیا۔ روسی مندوب نے اسرائیل کے حامی امریکہ کی قرارداد کو منافقت اور بھونڈا ڈراما قرار دیا۔ انہوں  نے کہا کہ امریکہ قرارداد کے ذریعہ حماس کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے رفح پر اسرائیلی فوج کشی کی راہ ہموار کرنا چاہتا ہے۔ روسی مندوب نے مزید کہا کہ امریکی قرارداد کا اصل مقصد اسرائیل کو سزا سے بچانے کیلئے وقت حاصل کرنا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: غزہ جنگ دراصل ’’بچوں کے خلاف جنگ‘‘ ہے: یونیسیف ترجمان جیمز ایلڈر

فلسطینی سفیر نے بھی قرارداد کو یکطرفہ کہا
 اقوام متحدہ میں فلسطینی سفیر ریاض منصور نے بھی کہا ہے کہ امریکی قرارداد اِس لئے مسترد ہوئی کہ وہ یکطرفہ تھی۔ انہوں  نے نشاندہی کی کہ قرارداد میں غزہ پراسرائیلی حملوں کو دہشت گردی کا مسئلہ بتایا گیا ہے جبکہ ریاض منصور نے کہا کہ یہ فلسطینیوں کی نسل کشی کا معاملہ ہے۔ 
 رفح پر فوج کشی پر اصرار
 اس بیچ اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہو کا کہنا ہے کہ ’’ہم امریکی حمایت کے بغیر بھی جنوبی غزہ کے شہر رفح میں اسرائیلی فوج بھیجیں گے۔ ‘‘اس سے قبل اقوام متحدہ میں امریکی مشن کے ترجمان نیٹ ایونز کا کہنا تھا کہ یہ قرارداد مشاورت کے کئی ادوار کے نتیجے میں سامنے آئی ہے۔ قرارداد کے مسودے میں کہا گیا ہے کہ فوری اور پائیدار جنگ بندی شہریوں کے تحفظ کیلئے ضروری ہے، جنگ بندی سے انسانی امداد کی فراہمی بھی ممکن ہو گی، قرارداد کی منظوری سے اسرائیل پر غزہ میں شہریوں کے تحفظ کیلئے دباؤ بڑھے گا۔ 
غزہ میں شہیدوں کی تعداد ۳۲؍ ہزار ہوگئی
 دوسری جانب اسرائیل نے غزہ کے شمال مغربی علاقے میں واقع ایک رہائشی عمارت پر بم باری کرکے مزید۱۰؍ فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔ جمعہ کو غزہ میں  اسرائیلی حملوں  کے نتیجے میں  شہید ہونےوالے فلسطینیوں  کی تعداد ۳۲؍ ہزار سے تجاوز کرگئی۔ اسرائیل نے الشفاء اسپتال میں  ۱۳؍ مریضوں  کو گولی ماردی جبکہ ۵۰؍ سے زائد کو گرفتار کیا گیاہے۔ 
اسپین، آئرلینڈ، مالٹا اور سلووینیا ریاست فلسطین کو تسلیم کرنے کیلئے تیار
مسئلہ فلسطین کے مستقل حل کیلئے آزاد ریاست فلسطین کے قیام کی حمایت میں  اٹھنے والی آوازوں کے بیچ اسپین، آئر لینڈ، مالٹ اور سلووینیا نے ریاست فلسطین کو تسلیم کرنے پر آمادگی کااظہار کیا ہے۔ اسپین کے وزیراعظم پیڈروسانچیز کے مطابق اسپین میں ان کی ۴؍ سالہ حکومت کے دوران اسپین فلسطین کو تسلیم کرلےگا۔ انہوں  نے بتایا کہ اس سلسلے میں آئرش، مالٹیز اور سلوینین وزرائے اعظم سے بھی بات چیت ہوچکی ہے اورانہوں  نے بھی آمادگی کااظہار کیا ہے۔ ا نہوں نے اطلاع یوروپین کونسل کی میٹنگ کے موقع پر میڈیا سے علاحدہ بات چیت میں دی۔ انہوں  نے زور دے کر کہا کہ مستقل امن کا یہی راستہ ہے کہ آزاد ریاست فلسطین کو تسلیم کیا جائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK