اسرائیل نے ایران اور لبنان کے خلاف۴۰؍ روزہ جنگ کی لاگت۱۷؍ اعشاریہ ۵؍ ارب ڈالر لگائی ہے، یہ اعداد وشمار مستقبل میں تعمیر نو کے اخراجات اور معیشت کو ہونے والے نقصانات کے علاوہ ہیں۔
EPAPER
Updated: April 10, 2026, 10:11 PM IST | Tel Aviv
اسرائیل نے ایران اور لبنان کے خلاف۴۰؍ روزہ جنگ کی لاگت۱۷؍ اعشاریہ ۵؍ ارب ڈالر لگائی ہے، یہ اعداد وشمار مستقبل میں تعمیر نو کے اخراجات اور معیشت کو ہونے والے نقصانات کے علاوہ ہیں۔
اسرائیلی چینل۱۲؍ نے جمعرات کو رپورٹ کیا کہ اسرائیلی وزارت خزانہ نے ایران اور لبنان پر۴۰؍ روزہ جنگ کی لاگت کا تخمینہ تقریباً ۱۷؍ اعشاریہ ۵؍ ارب ڈالر لگایا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایران اور حزب اللہ کے ساتھ جاری تنازع میں براہ راست فوجی اخراجات کا تخمینہ تقریباً۱۲؍ اعشاریہ ۹؍ ارب ڈالر ہے۔چینل نے مزید بتایا کہ شہری اخراجات کا تخمینہ تقریباً۴؍ اعشاریہ ۲؍ ارب ڈالر سے لے کر ۵؍ اعشاریہ ۴؍ ارب ڈالر ہے، جس کے بعد کل لاگت تقریباً۱۷؍ اعشاریہ ۵؍ ارب ڈالر بنتی ہے۔ واضح رہے کہ یہ اعداد و شمار ابتدائی ہیں اور ان میں تبدیلی کی توقع ہے، اور ان میں مستقبل میں تعمیر نو کے اخراجات یا جنگ کے دوران معیشت کی جزوی بندش کی وجہ سے مجموعی ملکی پیداوار (GDP) کو ہونے والے نقصانات شامل نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ: برنی سینڈرز اسرائیل کو امریکی فوجی امداد روکنے کی قرارداد پیش کریں گے
بعد ازاں چینل کے مطابق، وزارت خزانہ نے دفاع سے متعلقہ اخراجات کے لیے تقریباً۲؍ اعشاریہ ۳؍ ارب ڈالر بطور ریزرو مختص کیے ہیں، جس سے کل فوجی اخراجات بڑھ کر تقریباً۱۷؍ ارب ڈالر سے تجاوزکر جائیں گے۔فوجی اخراجات میں ہتھیار، پرواز کے اوقات، ریزرو فوجیوں کی خدمات کے دن اور نقصانات شامل ہیں۔وزارت نے پراپرٹی ٹیکس کے تحت ہرجانے کی لاگت کا تخمینہ تقریباً ۳؍اعشاریہ۸؍ ارب ڈالر سے لے کر ۴؍ اعشاریہ ۲؍ ارب ڈالر لگایا ہے، جس میں جنگ کے دوران متاثرہ کاروباروں کو متوقع ادائیگیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تقریباً ۳۲۴؍ ملین ڈالر ان ملازمین کے لیے غیر تنخواہی چھٹیوں کے منصوبوں پر خرچ ہونے کی توقع ہے جو کام پر نہیں آ سکتے۔
جمعہ کی صبح تک، معاوضہ فنڈ میں براہ راست جائیداد کے نقصان کے۲۸۲۳۷؍ دعوے جمع کرائے جا چکے تھے، جن میں عمارتوں کے۱۸۴۰۸؍، آلات کے۲۵۹۴؍، اور گاڑیوں۶۶۱۷؍ دعوے شامل ہیں۔جبکہ دعووں کی سب سے زیادہ تعداد تل ابیب (تقریباً۵۱۰۰؍)، بیر شیبہ۳۶۰۰؍ ، اراد ۳۲۵۰؍پتہ تیکوا ، ۲۰۰۰؍، دیمونا۱۵۰۰؍ اور بیت شمیش (۱۴۰۰؍) میں درج ہوئی۔واضح رہے کہ ایران اور امریکہ نے منگل کو پاکستان کی ثالثی میں دو ہفتے کی جنگ بندی کا اعلان کیا، جس کا مقصد واشنگٹن اور اسرائیل کی جانب سے۲۸؍ فروری کو ایران کے خلاف شروع کی گئی جنگ کو ختم کرنے کے لیے حتمی معاہدے کی راہ ہموار کرنا ہے۔جبکہ اس تنازع میں ہزاروں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
دریں اثناء لبنان نے بدھ کو اسرائیلی حملوں میں کم از کم۲۵۴؍ افراد کی ہلاکت کے بعد قومی سوگ کا اعلان کیا، جس سے خدشات بڑھ گئے کہ یہ شدت پسندی واشنگٹن اور تہران کے درمیان نازک جنگ بندی کو پٹڑی سے اتار سکتی ہے۔