اسرائیلی طیاروں سے پمفلٹ گرائے گئے، اسکول کے قریب حملے میں کم از کم۱۰؍ شہید اور متعدد زخمی ۔
اسرائیلی حملوں سے جبالیہ کا یہ تباہ حال علاقہ دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر:آئی این این
اسرائیلی غزہ سے فلسطینیوں کو نکالنے کیلئے دباؤ ڈالنے اورمظلوم فلسطینیوں کو ڈرانے کے لئے پمفلٹ گرانے لگے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق قابض اسرائیلی فوج فلسطینیوں کو علاقے سے نکلنے کیلئے نفسیاتی دباؤ ڈالنے لگی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ رپورٹس کے مطابق غزہ پر گرائے گئے پمفلٹس میں لکھا ہے ہم جلد ہی تمہارے ساحل پر کافی پئیں گے۔
دوسری جانب بے گھر فلسطینیوں کو پناہ دینے والے اسکول کے قریب اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم۱۰؍ شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ جنگ بندی کے دوران حملے کی صورت میں صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔ طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملے سے قبل فلسطینیوں اور اسرائیل کی حمایت یافتہ ایک مسلح گروہ کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس گروہ نے اسکول پر حملہ کر کے کچھ افراد کو اغوا کرنے کی کوشش کی تھی۔
مرکزی غزہ کی پٹی میں المغازی پناہ گزین کیمپ کے مشرق میں اسرائیل نے فضائی حملے کئے، جس کے نتیجے میں کم از کم۱۰؍ افراد شہید اور کئی زخمی ہو گئے۔ عینی شاہد کے مطابق اسرائیل کی حمایت یافتہ ملیشیا نے پہلے علاقے پر حملہ کیا اور فائرنگ کی، جس پر مقامی افراد نے اپنے گھروں کے دفاع کی کوشش کی۔ انہوں نے بتایا کہ رہائشیوں نے مزاحمت کی، لیکن قابض افواج نے انہیں براہ راست نشانہ بنایا۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے اسرائیلی کارروائیوں میں کم از کم۷۰۰؍ افراد شہید ہوچکے ہیں جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اسی عرصے میں اس کے چار فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔