اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کا بیان ،انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ آئی سی سی کے رکن ممالک کا دورہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔
EPAPER
Updated: August 01, 2026, 10:46 AM IST | Tel Aviv
اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کا بیان ،انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ آئی سی سی کے رکن ممالک کا دورہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے خبردار کیا ہے کہ اگر وہ ’بین الاقوامی فوجداری عدالت‘ (آئی سی سی) کے جاری کردہ گرفتاری وارنٹ کے تحت بیرون ملک حراست میں لئے گئے تو اسرائیلی اسپیشل فورسیز جوابی کارروائی کے لئے تیار ہیں اور انہوں نے اس بات پر اصرار کیا کہ وہ ان ممالک کا سفر کرنے سے نہیں ڈرتے جو عدالت کے دائرہ اختیار کو تسلیم کرتے ہیں۔امریکہ کے دورے میں فاکس نیوز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں نیتن یاہو نے کہا کہ انہوں نے سفر کے دوران گرفتاری کے امکان پر غور کیا ہے، بشمول طبی ایمرجنسی کی صورت میں۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے اس بارے میں سوچا ہے کہ اگر وہ کسی ایسے ملک میں جائیں جو آئی سی سی وارنٹ پر عملدرآمد کرتا ہے تو انہیں حراست میں لیا جا سکتا ہے تو نیتن یاہو نے جواب دیا، ’’ہاں، میں اس کے بارے میں سوچتا ہوں۔ آپ جانتے ہیں، ہمارے پاس اسپیشل فورسیز موجود ہیں۔ میں نے پانچ سال خدمات انجام دیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: تھائی لینڈ کے ساتھ جھڑپ میں ۲۰؍ ہزار سے زائد کمبوڈیائی بے گھر: اقوام متحدہ
واضح رہے کہ آئی سی سی نے نومبر۲۰۲۴ء میں نیتن یاہو اور سابق اسرائیلی وزیر دفاع یوآف گیلانت کیخلاف غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائی سے متعلق مبینہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں گرفتاری وارنٹ جاری کئے تھےجبکہ اسرائیل نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے اور وہ عدالت کے دائرہ اختیار کو تسلیم نہیں کرتا۔بعد ازاں وارنٹ کے باوجود نیتن یاہو نے کہا کہ وہ آئی سی سی کے رکن ممالک کا دورہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کی جانب سے وارنٹ پر کارروائی کے مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ وہ نیویارک جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔نیتن یاہو نے ممدانی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ’’میں اس نفرت پھیلانے والے منتخب اہلکار کے سامنے سچ بولوں گا۔ وہ نیویارک کے ایک گروہ کو دوسرے کیخلاف کھڑا کر رہا ہے۔ وہ انہیں نیویارک کے یہودیوں کے خلاف کر رہا ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: جے شنکر نے ایران سے بحری جہازوں پرحملوں سے گریزکرنے کو کہا، گہری تشویش کا اظہار
یاد رہے کہ ممدانی اس سے قبل نیتن یاہو کو ’جنگی مجرم‘ قرار دے چکے ہیں جو آئی سی سی میں مقدمے کا سامنا کر رہے ہیں اور کہا تھا کہ وارنٹ غزہ تنازع کے دوران اسرائیلی اقدامات پر بہت سے افراد کے خدشات کی عکاسی کرتا ہے لیکن انہوں نے تسلیم کیا کہ نیویارک شہر کو آئی سی سی وارنٹ پر عملدرآمد کا کوئی قانونی اختیار نہیں ہے اور انہوں نے امریکی وفاقی حکومت سے اس سلسلے میں اقدام کرنے کی اپیل کی۔