کلیان شہر کی مختلف سماجی و ملی تنظیموں نے عوامی بیداری کے لئے منظم مہم شروع کی، فیملی میپنگ کی آخری تاریخ ۳۱؍مارچ مقرر کی گئی ہے۔
EPAPER
Updated: March 14, 2026, 9:12 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan
کلیان شہر کی مختلف سماجی و ملی تنظیموں نے عوامی بیداری کے لئے منظم مہم شروع کی، فیملی میپنگ کی آخری تاریخ ۳۱؍مارچ مقرر کی گئی ہے۔
مہاراشٹر میں رائے دہندگان کی خصوصی تفصیلی نظر ثانی (ایس آئی آر) کے عمل کا آغاز یکم اپریل سے ہونے جا رہا ہے، جو ۲۰۰۲ کی ووٹر فہرست کو بنیاد بنا کر کیا جائے گا۔ تاہم اس عمل سے قبل شہریوں کے لئے فیملی میپنگ مکمل کرنا بے حد ضروری ہے۔ اس سلسلے میں شہر کی مختلف سماجی و ملی تنظیموں نے عوامی بیداری کے لئے ایک منظم مہم شروع کردی ہے۔ اس مہم کے تحت مساجد اور تنظیموں کے دفاتر میں تربیتی کیمپ منعقد کئے جا رہے ہیں، پمفلٹس اور وہاٹس ایپ گروپ کے ذریعے عوام کو ضروری رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ فیملی میپنگ مکمل کرنے کی آخری تاریخ ۳۱ ؍مارچ مقرر کی گئی ہے جس کے بعد خصوصی تفصیلی نظر ثانی کا عمل باقاعدہ طور پر شروع ہو جائے گا۔
گزشتہ ۱۰؍ دنوں سے شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو ایس آئی آر کی اہمیت اور فیملی میپنگ کے حوالے سے بیدار کرنے کے لئے مہم زور و شور سے جاری ہے۔ ملکہ مسجد، چودھری محلہ مسجد، فیضانِ عطار مسجد، جامع مسجد (والدھونی)، رضا مسجد (کون گاؤں ) سمیت موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس(ایم پی جے)اور مرہم ایجوکیشن ٹرسٹ کے دفاتر میں تربیتی کیمپ منعقد کئے جا رہے ہیں جن کا مقصد شہریوں کو ایس آئی آر کے عمل کے لئے تیار کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’تنگدستی میں پڑھائی کی مگر قرآن کی برکت نےعُسر کو یُسرمیں تبدیل کردیا‘‘
اس سلسلے میں نیشنل اردو ہائی اسکول کے معلم اور سماجی کارکن شرف الدین شیخ نے مختلف مساجد میں رہنمائی کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہر شہری کے پاس اپنی شناخت کے مستند ثبوت ہونا لازمی ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ شہری سال ۲۰۰۲ ءکی ووٹر لسٹ میں اپنا نام تلاش کریں اور اس کا ریکارڈ محفوظ رکھیں۔ ووٹر آئی ڈی کارڈ میں نام کی درستی اور الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر اپنا ریکارڈ چیک کرنا اب ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ اگر رائے دہندگان کی میپنگ بروقت ہو جائے گی تو ایس آئی آر کے مرحلے میں کوئی دقت پیش نہیں آئے گی۔ اس سلسلے میں اپنے علاقے کے بی ایل او سے مسلسل رابطے میں رہنا ضروری ہے۔
غریب نواز ریلیف فاؤنڈیشن (جی این آر ایف) کے ذمہ دار کامران رضوی نے بتایا کہ عوام کے خدشات دور کرنے کے لئے مختلف اوقات میں رہنمائی کیمپ لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو اطمینان دلاتے ہوئے کہا کہ جن کے پاس مکمل اور درست دستاویزات ہیں انہیں گھبرانے کی قطعا ًضرورت نہیں ہے۔ بی ایل او کے پاس ڈیٹا پہلے سے موجود ہوتا ہے بس عوام کو اپنی طرف سے تیاری مکمل رکھنی چاہیے۔ عوام کی سہولت کے لیے ’ہیلپ فار ایس آئی آر‘ نام کے وہاٹس ایپ گروپ بھی بنایا گیا ہے جہاں میپنگ سے متعلق مسائل کا حل نکالا جا رہا ہے۔ ایم پی جے کے ذمہ دار محسن ملک نے بتایا کہ بومبل بازار میں واقع ان کے آفس میں عوام کی رہنمائی کے لئے خصوصی انتظامات کئےگئے ہیں۔ رمضان المبارک میں صبح ساڑھے ۱۰؍ بجے سے دوپہر ڈھائی بجے تک اور رمضان کے بعد دوپہر ۲ ؍بجے سے شام ۶ ؍بجے تک رہنمائی کی جائے گی۔ انہوں نے اپیل کی کہ عوام تساہل چھوڑ کر پہلی فرصت میں میپنگ کا عمل پورا کریں تاکہ مستقبل کی کسی بھی پیچیدگی سے بچا جا سکے۔