اکھلیش یادو نے سیٹوں کی تقسیم پر کانگریس اور سماجوادی لیڈروں میں اختلافات پر حالات کو سنبھالنے کی کوشش کی، یاد دلایا کہ یہ تاریخی موقع ہے۔
EPAPER
Updated: November 26, 2026, 11:28 AM IST | Agency | Lucknow
اکھلیش یادو نے سیٹوں کی تقسیم پر کانگریس اور سماجوادی لیڈروں میں اختلافات پر حالات کو سنبھالنے کی کوشش کی، یاد دلایا کہ یہ تاریخی موقع ہے۔
کانگریس اور سماجوادی پارٹی کے درمیان سیٹوں کیلئے رسہ کشی اور لیڈروں میں اختلاف کے بیچ اکھلیش یادو نے حالات کو سنبھالتے ہوئے کہا ہے کہ ’’بات سیٹ کی نہیں جیت کی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ہماری کوشش ہے کہ جب سیٹوں پر تقسیم کیلئے لیڈر بیٹھیں تو سبھی سیٹوں پر انڈیا اتحاد کے امیدوار کی بات ہو، امیدوار کو کانگریس یا سماجوادی کے امیدوار کی شکل میں نہ دیکھا جائے۔‘‘
واضح رہے کہ سماجوادی نے کانگریس کیلئے ۲۶؍ سیٹوں پر اتفاق کر لیا ہے، بقیہ سیٹوں پر بات چیت جاری ہے،اس بیچ بدھ کو سماجوادی کی جانب سے ۵؍ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیاگیا جس سے کانگریس کے لیڈر برہم ہوگئے۔ بطور خاص عمران مسعود نے سخت برہمی کا اظہا رکیا ہے۔ اکھلیش یادو نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’’ اس بار تاریخی موقع ہے کہ ہم دونوں سیکولر جماعتیں مل کر فرقہ پرست بی جے پی اور اس کے تنگ نظرساتھیوں کو ہمیشہ کیلئے شکست دے کر ملک کو غلط ہاتھوں میں جانے اور تباہ ہونے سے بچا سکتے ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: سوشل میڈیا پر’سنسر شپ‘، ہائی کورٹ میں اپیل
انہوں نے کہا کہ ’’ ہماری خواہش ہے کہ آپ اور ہم عوامی توقعات اور زمینی حقائق کو سمجھتے ہوئے سنجیدگی سے تبادلۂ خیال کریں، تاکہ زیادہ سے زیادہ نشستوں پر ہمارے اتحاد کی کامیابی یقینی بنائی جا سکے۔ ‘‘سماجوادی لیڈر نے سماجوادی پارٹی سے کہا ہے کہ ’’ آپ کی ٹیم کی جانب سے ترجیحی بنیاد پر تجویز کردہ نشستوں میں سے جن ۲۶؍ نشستوں پر آج بات ہو چکی ہے، ان کے علاوہ دیگر تمام ممکنہ نشستوں کی نشاندہی کرکے ہمیں بھیجیں۔ ہم مل بیٹھ کر جائزہ لیں گے کہ کون سی نشست اور اس پر کون سا امیدوار کامیابی کی پوزیشن میں ہے۔ ‘‘ انہوں نے مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ ’’ہماری کوشش ہے کہ جب بڑے لیڈر بیٹھیں تو تمام نشستوں پر ’انڈیا اتحاد‘ کے امیدوار کی حیثیت سے بات ہو، نہ کہ کانگریس یا سماجوادی پارٹی کے امیدوار کے طور پر۔ سب سے اچھی اور مثبت بات یہ ہوگی کہ ہم اپنے امیدوار کو ’پی ڈی اے امیدوار‘ کے طور پر پیش کریں۔ لوک سبھا انتخابات میں آپ کی تنظیم نے جس طرح ’پی ڈی اے‘ کے ساتھ مکمل تعاون کیا، وہ ہمیشہ قابلِ ستائش رہے گا، کیونکہ دونوں نے مل کر ہی فرقہ پرست بی جے پی کو شکست دی تھی۔ اس بار بھی ہم مل کر اترپردیش میں اور پھر مرکز میں بی جے پی کو شکست دیں گے۔‘‘