انل چودھری کے نام واپس لینے سے نند کشور مہاجن اور شرد تائیڑے آمنے سامنے ، پرچہ واپس لینے کے باوجود باغی امیدوار ریشما کالے کا نام اب بھی بیلٹ پیپر پر باقی۔
EPAPER
Updated: June 18, 2026, 12:54 PM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon
انل چودھری کے نام واپس لینے سے نند کشور مہاجن اور شرد تائیڑے آمنے سامنے ، پرچہ واپس لینے کے باوجود باغی امیدوار ریشما کالے کا نام اب بھی بیلٹ پیپر پر باقی۔
لوکل باڈی کے حلقہ قانون ساز کونسل (ایم ایل سی )کے انتخابات کیلئے آج ووٹنگ ہوگی ۔ جلگائوں میں ساری تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔یہاں پر اصل مقابلہ مہایوتی کے امیدوار نند کشور مہاجن اور مہا وکاس اگھاڑی کے امیدوار شرد تائیڑے کے علاوہ آزاد امیدوار نل چودھری کے درمیان تھا لیکن پولنگ سے ٹھیک پہلے یعنی بدھ کی شام انل چودھری نے اپنا نام واپس لے لیا۔ اس کی وجہ سے اب براہ راست مہایوتی اور مہا وکاس اگھاڑی میں مقابلہ ہو گا اور اعداد وشمار کے مطابق یہاں مہایوتی کی پوزیشن مضبوط ہے۔ بی جے پی کو سیٹ الاٹ ہونے کے بعد شیو سینا (شندے ) کی کارپوریٹر ریشما کالے نے بغاوت کر کے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کر دیا تھا۔ جس سے چاررخی مقابلے کا امکان پیدا ہو گیا تھا لیکن انہی کسی طرح منالیا گیا اور مقابلہ سہ رخی ہو گیا۔حالانکہ ریشما کالے کا نام اب بھی بیلٹ پیپر ہے کیونکہ انہوںنے جب اپنا نام واپس لیا تو پرچہ واپس لینے کی تاریخ نکل چکی تھی۔ اب انل چودھری نے آخری موقع پر میدان چھوڑ دیا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ریشما کالے کا نام بیلٹ پیپر پر ہونے کی وجہ سے اب بھی یہاں ووٹوں کی تقسیم کا امکان باقی ہے ۔
اس دوران انتظامیہ نے الیکشن کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اس کیلئے جلگائوں ضلع میں پولنگ کیلئے۷؍ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ اس الیکشن میں کل ۶۳۰؍ووٹر( کارپوریٹر ) اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے جن میں ۳۱۵؍ خواتین اور ۳۱۵؍ مرد شامل ہیں ۔اس سلسلے میں بدھ کی شام ضلع کلکٹر روہن گھوگھے نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ووٹنگ اور نتائج سے متعلق تفصیلات فراہم کی۔
یہ بھی پڑھئے: قرض معامی اسکیم کیخلاف کسانوں کا احتجاج، ایس ٹی میں آگ لگائی
انہوں نےبتایا کہ ضلع بھر میں جو ۷؍ پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں وہ سب ڈیژونل مجسٹریٹ (پرانت آفیسر )کی سطح پر تیار کئے گئے ہیں ۔ پولنگ اسٹیشن آفیسروں کو دو ووٹنگ باکس بیلٹ پیپرز اور دیگر ساز و سامان تقسیم کئے گئے ہیں جو وہ اپنے ساتھ لے کر متعلقہ پولنگ اسٹیشن پر پہنچے تھے ۔ہر پولنگ اسٹیشن پر ایک پری سائٹنگ اور تین پولنگ آفیسر کی ٹیم تعینات کی گئی ہیں ۔پولنگ اسٹیشن پر سیاسی پارٹی کے پولنگ ایجنٹس بھی بیٹھیں گے ۔ووٹنگ کا وقت ٹائم صبح ۸؍بجے سے شام ۴؍ بجے تک ہے ۔اسکے علاوہ اس الیکشن میں ضلع کلکٹر کو ۱۴؍ ایسے ووٹروں کے عریضے ملے جو ناخواندہ ہیں ۔انہوں نے مدد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا ان کی جانچ پڑتال کر کے آگے کی کاروائی مکمل کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات پوری طرح شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوں گے۔