Inquilab Logo

جلگاؤں: گرام پنچایت انتخابات کی تیاری، ۵؍ ہزارسے زائد اُمیدواروں کے پرچے داخل

Updated: October 24, 2023, 9:50 AM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon

آخری تاریخ تک ۱۶۷؍ گرام پنچایتوں کے عام اور ۷۹؍ کے ضمنی انتخابات کیلئے ۵ ؍ہزار سے زائد پرچۂ نامزدگی داخل، کل شام۶؍ بجے تک پر چہ واپس لینے کی آخری تاریخ۔

A view from Ronje, a village in Jalgaon. Photo: INN
جلگاؤں کے گا ؤں رونجے کا ایک منظر۔ تصویر:آئی این این

جلگاؤں میں بڑے پیمانے پر گرام پنچایت انتخابا ت کی تیاری کی جارہی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن نےایسی گرام پنچایتوں کے انتخابات کا اعلان کیا تھا کہ جن کی مدت  دسمبر۲۰۲۳ء تک ختم ہو جائے گی۔ اس دوران ان کے انتخابات کی تاریخوں کا بھی اعلان کیا  گیا تھا۔ جلگائوں ضلع کی ۱۶۷ ؍ گرام پنچایتوں کے عام اور  ۷۹ ؍ گرام پنچایتوں کےضمنی انتخابات کی تیاری جاری ہے۔ اس سلسلے میں امیدوار اپنے طور پر مہم بھی چلانے لگے ہیں۔ 
سر پنچ اور رُکن دونوں عہدوں کیلئے ضلع بھر میں ۵ ؍ ہزار سے زائد پرچے داخل کئے گئے۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری ۲۰ ؍ اکتوبر تھی۔ پیر کو منظر عام پر آنے والے اعدادو شمار کے مطابق پورے ضلع کے ۱۵ ؍تعلقوں کی ۱۶۷؍ پنچایتوں میں مجموعی طور پر سر پنچ عہدے کیلئے ۹۰۴؍ اور رُکن عہدے کیلئے ۴؍ ہزار۳۰۴؍ پرچے داخل کئے گئے ہیں۔ ساتھ ہی جن کے ۷۹؍ پنچایتوں کے  سرپنج اور رُکن دونوں عہدے کیلئے انتخابات ہونے ہیں، ان کیلئے سرپنچ عہدے کیلئے۶؍ اور رُکن عہدے کیلئے ۲۲۹؍ پرچے داخل کئے گئے۔ اس طرح مجموعی طورپر عام اور ضمنی انتخابات میں سرپنچ عہدے کیلئے کل۹۱۰ ؍اور رُکن عہدے کیلئے ۴ ؍ہزار ۵ ؍سو ۳۳ ؍ پرچے نامزدگی داخل کئے گئے ہیں۔ 
دوسری جانب کل  بدھ (  ۲۵ ؍اکتوبر) کی شام۶؍ بجے تک پرچے واپس لئے جاسکیں گے۔ اس کے بعد یہ واضح ہوجائے گا کہ کتنے امیدوار قسمت آزمارہے ہیں؟
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ پرچہ نامزدگی ضلع کے چوپڑا اور جامنیر میں داخل کیاگیا۔ چوپڑا میں سرپنچ عہدے کیلئے ۱۲۱؍اور رُکن  عہدے کیلئے ۵۴۹؍ پرچے داخل  کئے گئے۔ اسی طرح جامنیر میں سر پنج عہدے کیلئے ۹۵؍ اور رُکن کیلئے ۵۴۱؍ پرچے داخل ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ ۵ ؍نومبر کو پولنگ ہونی ہے جبکہ ۶ ؍نومبر کو نتائج کا اعلان ہونا ہے۔ پولنگ کا وقت صبح ساڑھے ۷؍ سے شام ساڑھے ۵؍ بجے تک رہے گا جبکہ نکسل متاثر علاقے گوندیہ اور گڑ چرولی اضلاع میں پولنگ کا وقت صبح ساڑھے ۷؍ سے دوپہر ۳ ؍بجے تک ہی رہے گا ۔اسکے علاوہ ان دونوں ہی اضلاع میں نتائج کا اعلان بھی ۷ ؍نومبر کو کیاجائےگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK