Inquilab Logo Happiest Places to Work

جالنہ: بچوں کے درمیان ہوا معمولی جھگڑا خونریز تصادم میں تبدیل

Updated: July 21, 2026, 9:59 AM IST | Z. A. Khan | Jalna

۱۸؍ سالہ نوجوان ہلاک ، ۲؍ خواتین زخمی، ایک دوسرے پر تلواروں سے حملہ، ذرا سی دیر میں علاقے میں افراتفری۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

جالنہ شہر کے والمیکی نگر علاقے میں بچوں کے درمیان ہونے والا معمولی جھگڑا دیکھتے ہی دیکھتے دو گروہوں کے درمیان خونریز تصادم میں تبدیل ہو گیا۔ اس دوران لوہے کی سلاخوں اور تلواروں سے ایک دوسرے پر حملے کئے گئے، جس میں ایک ۱۸؍ سالہ نوجوان ہلاک جبکہ دو خواتین شدید زخمی ہو گئیں۔

پولیس کے مطابق والمیکی نگر کی ایک گلی میں بچے کھیل رہے تھے، جہاں کسی معمولی بات پر ان کے درمیان جھگڑا ہو گیا۔ ابتدا میں صرف تلخ کلامی ہوئی، لیکن کچھ ہی دیر میں معاملہ شدت اختیار کر گیا اور دونوں گروہوں کے افراد آمنے سامنے آ گئے۔ اس دوران بعض افراد نے لوہے کی سلاخوں اور تلواروں سے حملہ کر دیا۔پولیس کے مطابق احمد ریاض( ۱۸) نامی نوجوان کے پیٹ کے قریب پسلی میں تلوار کا گہرا وار کیا گیا، جو سینے تک پہنچ گیا۔ شدید خون بہنے کے باعث اس کی حالت نازک ہو گئی۔ اسے فوری طور پر ضلع سرکاری اسپتال پہنچایا    گیا، مگر علاج کے دوران اس نے دم توڑ دیا۔ اس دوران دونوں گروہوں کے مرد اور خواتین بھی سڑک پر آ گئے، جس کے بعد علاقے میں شدید افراتفری مچ گئی۔ بعض افراد کے ہاتھوں میں لوہے کی سلاخیں جبکہ کچھ کے پاس تلواریں تھیں، جن سے اندھا دھند حملے کیے گئے۔ چیخ و پکار اور ہنگامہ آرائی کے باعث تقریباً آدھے گھنٹے تک پورا علاقہ لرز اٹھا، جس سے مقامی شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اس تصادم میں تنوی علیم خان اور ہدیٰ علیم خان نامی ۲؍ خواتین زخمی ہوئی ہیں جن کا ضلع سرکاری اسپتال میں علاج جاری ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور حالات کو قابو میں کیا۔ امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ضلع سرکاری اسپتال اور والمیکی نگر علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK