Inquilab Logo Happiest Places to Work

جاپان: کریڈٹ کارڈ سسٹم ٹھپ، ادائیگیاں، ٹرانسپورٹ خدمات شدید متاثر

Updated: July 16, 2026, 8:35 PM IST | Tokyo

جاپان میں جمعرات کی صبح کریڈٹ کارڈ ادائیگیوں کا نظام ملک گیر سطح پر اچانک متاثر ہونے سے ہزاروں افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سہولت اسٹورز، سپر مارکیٹوں، ریلوے اسٹیشنوں اور دیگر کاروباری مراکز پر کارڈ کے ذریعے ادائیگیاں ممکن نہ رہیں، جبکہ مشرقی جاپان ریلوے (JR East) کے مسافر سفری پاس خریدنے سے محروم رہے۔ ٹوکیو میں موبائل پاسمو (Mobile PASMO) ایپ بھی عارضی طور پر کام نہ کر سکا۔ حکام کے مطابق خرابی کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

جاپان میں جمعرات کو کریڈٹ کارڈ ادائیگیوں کا نظام اچانک ملک گیر سطح پر متاثر ہوگیا، جس کے باعث لاکھوں صارفین کو خریداری، سفری سہولتوں اور روزمرہ لین دین میں غیرمعمولی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جاپانی خبر رساں ادارے کیوڈو نیوز کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگیاں کئی گھنٹوں تک متاثر رہیں، جس سے سہولت اسٹورز، ریستورانوں، تجارتی مراکز اور دیگر کاروباری اداروں کی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوئیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق صارفین متعدد مقامات پر کریڈٹ کارڈ استعمال کرکے خریداری نہیں کرسکے۔ مشرقی جاپان ریلوے کمپنی (JR East) کے اسٹیشنوں پر بھی مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جہاں کئی افراد اپنے سفری پاس (Commuter Pass) خریدنے یا تجدید کرانے سے قاصر رہے۔ اس صورتحال کے باعث بعض اسٹیشنوں پر قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو متبادل ادائیگی کے طریقے اختیار کرنا پڑے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ظہران ممدانی کا امیروں پر ٹیکس کا منصوبہ، امیر نیویارک چھوڑ رہے ہیں: رپورٹ

ٹوکیو اور اس کے مضافاتی علاقوں میں عوامی نقل و حمل استعمال کرنے والے مسافر بھی اس خرابی سے متاثر ہوئے۔ موبائل پاسمو (Mobile PASMO) ایپ، جو اسمارٹ فون کے ذریعے ریلوے اور میٹرو خدمات تک رسائی فراہم کرتی ہے، عارضی طور پر دستیاب نہ رہی۔ اس کے نتیجے میں متعدد مسافروں کو ٹکٹ خریدنے یا اسٹیشنوں سے گزرنے میں دشواری پیش آئی۔ جاپان کی بڑی کریڈٹ کارڈ کمپنی مٹسوبشی یو ایف جے نیکوس (Mitsubishi UFJ NICOS) نے ایک بیان میں کہا کہ خرابی مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً ۸؍ بجے شروع ہوئی، جب بعض کاروباری مراکز پر کارڈ ادائیگیوں کی منظوری (Authorization) کا عمل رک گیا۔ کمپنی کے مطابق انجینئرنگ ٹیمیں فوری طور پر مسئلے کی تحقیقات اور نظام کی بحالی میں مصروف ہوگئیں۔ 
دوسری بڑی ادائیگی کمپنی سمیتومو مٹسوئی کارڈ (Sumitomo Mitsui Card) نے بھی اسی نوعیت کی تکنیکی خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس کے صارفین کو بھی مختلف مقامات پر ادائیگیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم دونوں کمپنیوں نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ آیا خرابی کسی مشترکہ ادائیگی نیٹ ورک میں پیدا ہوئی یا ہر کمپنی کا الگ الگ نظام متاثر ہوا۔ حکام نے بتایا ہے کہ فی الحال اس بڑے تکنیکی تعطل کی اصل وجہ سامنے نہیں آئی۔ ماہرین مختلف امکانات، بشمول ادائیگی نیٹ ورک میں خرابی، سرور کے مسائل یا دیگر تکنیکی وجوہات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ابھی تک کسی سائبر حملے یا ڈیٹا لیک ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی ہے، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ظہران ممدانی کا امیروں پر ٹیکس کا منصوبہ، امیر نیویارک چھوڑ رہے ہیں: رپورٹ

جاپان گزشتہ چند برسوں سے نقدی پر انحصار کم کرکے کیش لیس (Cashless) معیشت کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ ایسے میں کریڈٹ کارڈ اور ڈجیٹل ادائیگیوں کے نظام میں ملک گیر تعطل نے نہ صرف صارفین بلکہ کاروباری اداروں اور ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کے لیے بھی بڑے چیلنج پیدا کر دیے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے جاپان کے ڈجیٹل ادائیگی نظام کی مضبوطی اور بیک اپ انفراسٹرکچر پر بھی نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی ہزاروں صارفین نے ادائیگیوں میں ناکامی، ریلوے اسٹیشنوں پر پیش آنے والی مشکلات اور متبادل ادائیگی کے ذرائع استعمال کرنے کے اپنے تجربات شیئر کیے۔ متعدد افراد نے شکایت کی کہ انہیں خریداری منسوخ کرنا پڑی یا نقد رقم نہ ہونے کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ نظام مکمل طور پر بحال ہونے تک نقد رقم یا دیگر متبادل ادائیگی کے ذرائع اپنے پاس رکھیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK