• Wed, 19 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جاپان: وزیراعظم کا ہینڈ بیگ وائرل؛ قیمت ۸۹۵؍ ڈالر، ۱۴۵؍ سال پرانی کمپنی بناتی ہے

Updated: November 19, 2025, 4:00 PM IST | Tokyo

جاپان کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم سانائے تاکائیچی کا ہینڈ بیگ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ۱۴۵؍ سالہ مقامی کمپنی ہامانو کے آرڈرز میں حیرت انگیز اضافہ ہو گیا ہے۔ ’’گریس ڈیلائٹ ٹوٹ‘‘ نامی اس بیگ کی قیمت ۸۹۵؍ ڈالر (تقریباً ۸۰؍ ہزار روپے) ہے۔

Japan`s first female Prime Minister Sanae Takaichi`s handbag goes viral on social media. Photo: INNPicture: INN
جاپان کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم سانائے تاکائیچی کا ہینڈ بیگ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔ تصویر:آئی این این

گزشتہ ماہ جاپان کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم سانائے تاکائیچی کا ہینڈ بیگ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، جس کے بعد چمڑے کی مصنوعات بنانے والی ۱۴۵؍ سال پرانی مقامی کمپنی عالمی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک ماہ گزر جانے کے بعد بھی اس بیگ پر مباحثے جاری ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے اس بیگ کی نشاندہی ’’گریس ڈیلائٹ ٹوٹ‘‘ کے طور پر کی ہے، جو جاپانی کمپنی ہامانو انکارپوریشن تیار کرتی ہے۔ یہ وہی کمپنی ہے جس کے بیگز طویل عرصے سے جاپان کے شاہی خاندان کے افراد کی پہلی پسند رہے ہیں۔ ۸۹۵؍ ڈالر مالیت کا یہ بیگ وائرل ہونے کے بعد اتنی مقبولیت حاصل کر چکا ہے کہ ناگانو میں قائم کمپنی کے پاس آرڈرز کی بھرمار ہو گئی ہے۔ کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق، مکمل چمڑے سے تیار ہونے کے باوجود بیگ کا وزن صرف ۷۰۰؍ گرام ہے، اور اسے بہت ہی خوبصورتی سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: لال قلعہ کار دھماکہ: مرکزی وزارتِ اطلاعات کی نجی ٹی وی چینلز کو سخت ایڈوائزری

ہامانو نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا کہ جاپان اور بیرونِ ملک سے بےتحاشا آرڈرز موصول ہو رہے ہیں کیونکہ وزیرِ اعظم کی بیگ کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا اور نیوز پلیٹ فارمز پر بڑے پیمانے پر شیئر ہو رہی ہیں۔ بڑھتے ہوئے آرڈرز کے باعث کمپنی نے کہا ہے کہ اپریل کے آخر تک شپ منٹس میں تاخیر ہو سکتی ہے، اور گاہکوں کے سوالات کے جواب میں تاخیر پر معذرت بھی کی ہے۔ واضح رہے کہ تاکائیچی پہلی سیاسی شخصیت نہیں ہیں جن کے فیشن انتخاب نے کم معروف برانڈز کی فروخت میں اضافہ کیا ہو۔ عالمی سطح پر ایسی مثالیں موجود ہیں، جیسے امریکی نمائندہ الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز جن کے ۲۰۲۰ء میں ٹیلفر ٹوٹ بیگ کے انتخاب نے اس برانڈ کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے:شیو سیناشندے اور بی جے پی میں تناؤ

۶۴؍ سالہ تاکائیچی برطانیہ کی سابق وزیرِ اعظم مارگریٹ تھیچر کی مداح بھی ہیں، جو اپنے مخصوص اسٹائل اور برطانوی لیبل ’’لاونر‘‘ کے ساختی ہینڈ بیگ کیلئےمشہور تھیں۔ فیشن کے علاوہ تاکائیچی کی دلچسپیاں ہیوی میٹل میوزک، کاروں اور موٹر سائیکلوں تک بھی پھیلی ہوئی ہیں۔ اگرچہ سروے بتاتے ہیں کہ تاکائیچی نوجوان نسل میں خاصی مقبول ہیں، لیکن یہ معلوم نہیں کہ کون سی عمر کے لوگ ان کے لوازمات کے انتخاب کی پیروی کر رہے ہیں۔ ٹوکیو کی اویاما گاکوئن یونیورسٹی کی وزٹنگ پروفیسر اور عیش و عشرت کے شعبے کی ماہر کاوری ناکانو کے مطابق، ہامانو کا یہ ٹوٹ بیگ پیشہ ور خواتین کیلئے بہترین انتخاب ہے، جو ایسا بیگ چاہتی ہیں جس میں لیپ ٹاپ سمیت روزمرہ کی اشیاء سما سکیں، اور جو غیر ضروری توجہ بھی نہ کھینچے۔ ان کے مطابق، یہ بیگ بین الاقوامی برانڈز کے مقابلے میں ’’معیار کے اعتبار سے بہترین اور قیمت کے لحاظ سے نسبتاً سستا‘‘ ہے۔ ناکانو کے مطابق، بیگ کے علاوہ، تاکائیچی اکثر جاپانی ڈیزائنر جون اشیدا کے تیار کردہ لباس بھی پہنتی ہیں، جو ایک طرح سے جاپانی صنعت کی حمایت اور حب الوطنی کا اظہار ہے، اور یہ مؤثر ثابت ہو رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK