Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ: جے ڈی وینس کے ہاں چوتھے بچے کی پیدائش، ڈیڑھ صدی پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا

Updated: July 20, 2026, 8:13 PM IST | Washington

امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس اور سیکنڈ لیڈی اوشا وینس کے ہاں چوتھے بچے کی پیدائش ہوئی ہے، جو ڈیڑھ صدی سے زائد عرصے میں عہدے پر فائزکسی امریکی نائب صدر کے ہاں بچے کی پیدائش کا پہلا واقعہ ہے۔ وینس خاندان نے نومولود اور والدہ کی خیریت کی اطلاع دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا، جبکہ اس خبر کو امریکہ میں بڑھتی شرحِ پیدائش سے متعلق جاری مباحث کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

JD Vance and his wife Usha Vance. Photo: X
جے ڈی وینس اور ان کی بیوی اوشا وینس۔ تصویر: ایکس

امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس اور ان کی اہلیہ، سیکنڈ لیڈی اوشا وینس نے اتوار کو اپنے چوتھے بچے کی پیدائش کا اعلان کیا۔ خبر رساں ادارے اسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، ڈیڑھ سو سال سے زائد عرصے میں یہ پہلا موقع ہے کہ امریکی نائب صدر کے ہاں منصب پر فائز رہتے ہوئے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔ اتوار کو پیدا ہونے والے بچے کا نام ایلک نیل وینس (Alec Neel Vance) رکھا گیا ہے۔ وہ اپنے بڑے بہن بھائیوں ایون (۹؍سال)، وویک (۶؍ سال) اور میرابل (۴؍سال) کے ساتھ خاندان کے چوتھے فرد ہیں۔ جے ڈی وینس نے سوشل میڈیا پر مشترکہ بیان میں بتایا کہ بچہ صبح پیدا ہوا، جبکہ ماں اور نومولود دونوں خیریت سے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے بچے اپنے ننھے بھائی سے ملنے کیلئے بے حد پرجوش ہیں۔ وینس خاندان نے والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر اور وہائٹ ہاؤس کی طبی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔ 

ڈیڑھ صدی بعد ایک منفرد واقعہ
وہائٹ ہاؤس ہسٹوریکل اسوسی ایشن کے مطابق، اس سے قبل۱۸۷۰ء میں نائب صدر شوائلر کولفیکس اور ان کی دوسری اہلیہ ایلن ویڈ کے ہاں ایک بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔ اس سے بھی پہلے۱۸۲۹ءمیں نائب صدر جان سی کیلہون اور ان کی اہلیہ فلورائیڈ بونو کے ہاں منصبِ نائب صدارت کے دوران ایک بیٹا پیدا ہوا تھا۔ 
ٹرمپ انتظامیہ میں بچوں کی پیدائش کا سلسلہ
جے ڈی وینس کے ہاں چوتھے بچے کی آمد، ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ حکام کے خاندانوں میں حالیہ بچوں کی پیدائش کے سلسلے کا حصہ ہے۔ اس سے قبل وہائٹ ہاؤس کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف اسٹیفن ملر کے ہاں چوتھے جبکہ پریس سیکریٹری کیرولائن لیویٹ کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ: بے گھر ہونے والے فلسطینی بچوں میں چکن پاکس پھیل رہا ہے؛ شہری و طبی انفراسٹرکچر کی تباہی اہم وجہ

خاندان بڑھانے کے فیصلے پر جے ڈی وینس کا مؤقف
جے ڈی وینس طویل عرصے سے امریکہ میں کم ہوتی شرحِ پیدائش پر تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے ۲۰۲۵ءمیں واشنگٹن میں ایک اسقاطِ حمل مخالف ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امریکیوں کو زیادہ بچے پیدا کرنے کی ترغیب دی تھی۔ وینس نے بتایا کہ چوتھا بچہ پیدا کرنے کے فیصلے پر ان کے دوست اور قدامت پسند کارکن چارلی کرک کی بیوہ ایریکا کرک کی باتوں کا بھی اثر ہوا۔ چارلی کرک۲۰۲۵ءمیں قتل کر دیئے گئے تھے۔ وینس کے مطابق، ایریکا نے کہا تھا کہ کاش ان کے شوہر کی وفات سے پہلے ان کے مزید بچے ہوتے۔ تاہم، اوشا وینس، جو سابق وکیل رہ چکی ہیں اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس کے ساتھ بطور لاء کلرک خدمات انجام دے چکی ہیں، نے جون میں CBS Sunday Morning کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ اگرچہ یہ گفتگو جذباتی تھی، لیکن وہ پہلے ہی چوتھا بچہ پیدا کرنے کے بارے میں مثبت سوچ رکھتی تھیں۔

یہ بھی پڑھئے: فلم ’’الفا‘‘ میں بوبی دیول کے ڈی ایجنگ نے توجہ حاصل کی

اوشا وینس اور عوامی توجہ
ہند نژاد تارکینِ وطن کی بیٹی اوشا وینس نے حمل کے دوران’’Storytime with the Second Lady‘‘ کے نام سے ایک ویڈیو پوڈکاسٹ بھی شروع کیا۔ حال ہی میں نیویارک ٹائمز کے ایک فیشن ناقد نے ان کے پوڈکاسٹ میں پہنے گئے میٹرنٹی لباس پر مضمون لکھا، جس کے بعد ان کی کافی چرچا ہوا۔ اخبار نے اوشا وینس، اسٹیفن ملر اور کیرولائن لیویٹ کے خاندانوں میں حالیہ بچوں کی پیدائش کو ’’پروناتلسٹ‘‘ (Pronatalist) تحریک سے جوڑا، جو زیادہ بچوں کی پیدائش کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ اس پر اوشا وینس نے مزاحیہ انداز میں سوشل میڈیا پر جواب دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے وہ لباس رعایتی قیمت پر خریدا تھا، جس پر جے ڈی وینس نے بھی ان کی تعریف کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK