انجمن اسلام کیمپس، صابوصدیق کالج اور کالسیکر ٹیکنیکل کیمپس میںہزاروں طلبہ نے درخواستیں دیں،اُمیدواروںکی طویل قطاریں۔
EPAPER
Updated: September 30, 2026, 11:55 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
انجمن اسلام کیمپس، صابوصدیق کالج اور کالسیکر ٹیکنیکل کیمپس میںہزاروں طلبہ نے درخواستیں دیں،اُمیدواروںکی طویل قطاریں۔
’پنڈت دین دیال اُپادھیائے روزگار مہا کمبھ‘ کے تحت منگل کو ریاستی سطح پر منعقد ہونے والے روزگار میلے کا افتتاح وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کیا ۔ روزگار میلے میں ۱۲؍اضلاع کے ۴۱۸؍ سے زیادہ اداروں نے حصہ لیا۔ معروف تعلیمی ادارہ انجمن اسلام نے بھی اس مہم میں گرمجوشی سے شرکت کی ۔ انجمن اسلام کیمپس (سی ایس ایم ٹی)، صابوصدیق کالج (ناگپاڑہ ) اور انجمن اسلام کالسیکر ٹیکنیکل کیمپس (نیوپنویل) میں منعقدہ روزگار میلے میں ہزاروں تعلیم یافتہ نوجوانوں کی طویل قطار یںدکھائی دیں ۔ اُمیدواروں میں نوجوان لڑکے لڑکیوں کے علاوہ معذور بھی وہیل چیئر پر نظر آئے ۔انجمن اسلام کے صدر پدم شری ڈاکٹر ظہیرقاضی نے روزگار میلہ کو کامیاب قرار دیا ۔
روزگار میلے سے متعلق صابو صدیق کالج میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں ڈاکٹرظہیر قاضی نے کہا کہ ’’حکومت ِ مہاراشٹر کی جانب سے منعقد ہونے والے میگا جاب فیئر سے ہمارے بچوں کو استفادہ کرنا چاہئے۔ جو ملازمت ملتی ہے ، اسے قبول کرنا چاہئے ۔ اپنی پسند کی ملازمت کے انتظار میں وقت ضائع نہ کریں ،جو ملازمت مل رہی ہے ، اس کے ذریعے تجربہ حاصل کریں،بعدازاں اس سے اچھے اور بہتر مواقع مل سکتےہیں۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے:بھیونڈی: کچرے سے پاک شہر بنانے کی جانب کارپوریشن کا قدم
اس سلسلے میںانجمن اسلام کی ایجوکیشن ڈائریکٹر اور حکومت ِ مہاراشٹر کی سابق سیکریٹری عین العطار نے بتایا کہ’’انجمن اسلام کے جن ۳؍مراکز پر روزگار میلے کا انعقاد کیا گیا ، وہاں زبردست رسپانس ملا ہے ۔ جن اُمیدواروں نے رجسٹریشن کرایا تھا ،ان کے علاوہ بغیر رجسٹریشن والے اُمیدواروں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ بیشتر اُمیدواروں نے کارپوریٹ کمپنیوں میں ملازمت کیلئے درخواستیں دی ہیں ۔ اُمید ہےکہ جلد ہی انہیں ملازمتیں ملیں گی۔ ‘‘
صابو صدیق کالج کے روزگار میلےمیں جہاں تعلیم یافتہ نوجوان لڑکے لڑکیوں کی بھیڑ تھی وہیں چند معذور اُمیدوار بھی یہاں موجود تھے جن میں گھاٹ کوپر کے ۲۴؍ سالہ زین اقبال نائیک بھی شامل ہیں ۔ زین اقبال فوکومیلیا( ایک پیدائشی عارضہ ہے جو بازوؤں یا ٹانگوں کی لمبی ہڈیوںکم یاغائب ہونےسے ہوتی ہے ۔)کی شکایت میں مبتلا ہیں۔ انہوںنے معذوری کے باوجود گریجویشن کیا ۔اب وہ ایم بی اے فائنل ایئر کا امتحان دے کر رزلٹ کا انتظار کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ایف ڈی اے افسر لائسنس منسوخی کا ڈر دکھاکر وصولی کررہے ہیں: راؤت
زین اقبال ایم بی اے کی پڑھائی کے ساتھ گزشتہ ۳؍سال سے ایک معروف کمپنی کیلئے اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں ۔معذوری کی وجہ سے وہ اپنے گھر سے زیادہ دور نہیں جاسکتے ہیں ،ا س لئے گھر سے کام کر رہے ہیں۔ دراصل انہیں نئی چیزیں سیکھنے کا بہت شوق ہے ۔ اس لئے وہ چاہتے ہیںکہ نئی کمپنیوں میں کام کرنے کاتجربہ حاصل کیاجائے ۔ وہ اے آئی اور آٹوموبائل کے شعبے میں کام کرنا چاہتےہیں ۔وہ گھاٹ کوپر سے تنہا اپنی وہیل چیئر ٹیکسی میں رکھ کر صابوصدیق کالج آئے تھے۔ انہوں نے ۴۔۵؍ کمپنیوں میں ملازمت کیلئے درخواست دی ہے ۔انہیں اُمید ہے کہ کسی نہ کسی کمپنی سے انہیں رسپانس ملے گا۔
ڈاکٹر ظہیرقاضی نے کیا کہا؟
انجمن اسلام کے صدرڈاکٹر ظہیر قاضی نے کہاکہ ’’ انجمن اسلام کے ۳؍اداروں میں ہونے والے روزگار میلے کیلئےشہر ومضافات کے علاوہ دور دراز کے علاقوں کے تقریباً ۵؍ہزار سے زیادہ اُمیدواروں نےرجسٹریشن کرایا اور ۱۴۰؍ کارپوریٹ کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ہم چاہتےہیںکہ ہمارے بچے اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھائیں ۔ ہم کوشش کریں گےکہ سال میں کم ازکم ۲؍مرتبہ اس طرح کا جاب فیئر منعقد کیا جائے۔‘‘