• Wed, 09 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

منی پور کے موسیقار’ سی وکرم سنگھ‘ کے قتل پر اپوزیشن سخت برہم

Updated: September 09, 2026, 11:39 AM IST | Farzan Qureshi | New Delhi

کھرگے، راہل اور پرینکا گاندھی کی مودی حکومت پرتنقید ، کہا: شمال مشرق کے لوگ اپنی ریاست اور اس کے باہر بھی محفوظ نہیں۔

A candlelight march was held in Imphal for C. Vikram Singh. Photo: INN
امپھال میں سی وکرم سنگھ کیلئے کینڈل مارچ نکالا گیا۔ تصویر: آئی این این

دہلی کے آشرم علاقہ میں مقیم منی پور کے معروف موسیقار چونگتھم  وکرم سنگھ کو اپنے گھر کے نیچے شور کو کم کرانا مہنگا پڑا اور ہجومی تشدد کا شکار ہونے پر ان کی موت ہوگئی ۔اس معاملے میں پولیس نے ایک نابالغ سمیت ۸؍ لوگوں کوگرفتار کیا ہے۔ دہلی پولیس نے ہجومی تشدد کا معاملہ درج کیا ہے۔ اس معاملے پراپوزیشن لیڈران نے حکومت پرسخت برہمی کااظہار کیا ہے۔ کانگریس نے مودی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ شمال مشرق کے لوگ اپنی ریاست اور اس کے باہر بھی محفوظ نہیں ہیں، دہلی جرائم کی راجدھانی بن چکی ہے۔ اس پرمرکزی وزیر کرن رجیجو نے راہل گاندھی پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ اس پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ اس میں بی جے پی کا کیا رول ہے، بات فیصلہ کن کارروائی کی ہونی چاہئے۔

یہ بھی پڑھئے:دہلی میں منی پور کے معروف گلوکار کا مبینہ ہجومی تشدد کے بعد انتقال، ۷؍ گرفتار

خیال رہے کہ پیرکو کلوکری گاؤں میں دیر را ت ’سی وکرم سنگھ‘ اپنے گھر کے نیچے ڈی جے وغیرہ کا شور کم کرانے کیلئے گئے تھے ،جہاں انھیں کئی لوگوںنے بے رحمی سے پیٹا ، شور سننے کے بعد جب ان کے بیٹے نیچے آئے تو ملزم بھاگ چکے تھے ۔ ان کے بیٹے’ یائیفابا‘ اپنے والد کو زخمی حالت میںاسپتال لے کر گئے  مگر راستے ہی میں ان کی موت ہوگئی ۔اس معاملے پر کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے کہاکہ ہجوم کے ہاتھوں وکرم سنگھ کا بے رحمی سے قتل کردیا گیا، یہ قتل بی جے پی کے تحت ہونے والی لاقانونیت کاایک اور دل دہلانے والا واقعہ ہے ۔ انھوںنے کہاکہ طلبہ غیر محفوظ ہیں،خواتین کو ہر روز مظالم کا سامنا کرنا پڑتا ہے، شمال مشرقی ہندوستان کے لوگوں کو امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔ دلت، آدیواسی اور اقلیتیں بھی غیر محفوظ ہیں۔ انھوںنے کہا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ کی نگرانی میں، دہلی جرائم کی راجدھانی بن گیا ہے، جس میں این سی آر بی نے سال بہ سال قومی راجدھانی میں جرائم کی بلند ترین سطح کو ریکارڈ کیا ہے۔انھوںنے کہاکہ مودی سرکار کی نااہلی نے منی پور کے لوگوں کو ان کی ریاست کے اندر اور اس کے باہر تکلیف میں مبتلا کر دیا ہے۔حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے کہاکہ صرف شور کم کرنے کو کہنے پر وکرم سنگھ کو پیٹ پیٹ کر قتل کردیا گیا ،ایک باپ ، اپنے ہی گھر کے باہر ، اپنے ہی ملک کی راجدھانی میں مارا گیا ، اس طرح کے کئی واقعات کے بعد دہلی میں مقیم  شمال مشرق کا ہر باشندہ آج ایک ہی سوال پوچھ رہا ہے کہ کیا ہم یہاں محفوظ ہیں؟انھوںنے کہاکہ امیت شاہ کی وزارت داخلہ اور دہلی پولیس اس بڑھتی ہوئی لاقانونیت کو روکنے کے لیے کیا کر رہی ہے، خاص طور پر شمال مشرق کے لوگوں کے خلاف؟ انھوں نے کہاکہ اس کی فوری تحقیقات ہونی چاہئے اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے۔کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی لا اینڈ آرڈر کے حوالے سے مودی حکومت پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ وکرم سنگھ کا دہلی کے قلب میں بے رحمانہ قتل ملک کیلئے شرم کی بات ہے۔ کیا اب یہی ہوگا؟کیا ایک باپ کی اپنی دہلیز پر بھی کوئی حفاظت نہیں؟ انصاف ہونا چاہئے۔ دہلی پولیس کو فوری طور پر ان لوگوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے جنہوں نے قتل کیا ہے۔ یہ قومی دارالحکومت ہے، ہم تشدد کو اپنے شہر پر بلا روک ٹوک چلنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

یہ بھی پڑھئے:ہندوستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اہم اجلاس، مختلف مـوضوع پر تعاون پر تبادلۂ خیال

 اس میں بی جے پی کا کیا رول ہے: کرن رجیجو

مرکزی وزیر کرن رجیجو نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اس پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ انھوںنے بتایا کہ میں نے ساؤتھ رینج کے افسر اور دہلی کے اسپیشل پولیس سیل کے ڈی سی پی اور جوائنٹ کمشنر سے بات کی ہے ،۸ ؍ملزمین کی گرفتاری ہوچکی ہے۔ شمال مشرقی ریاستوں کے لوگوں کے تحفظ کیلئے اسپیشل سیل کام کررہا ہے اور ہم عدالت میں خاطیوں کو سخت سزا دلوائیں گے۔ انھوںنے بے بسی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس میں بھلا بی جے پی کا کیا رول ہے۔ یہ سیاست کا موضوع نہیں ہے۔ اس طرح کے حادثے کے بعد فیصلہ کن کارروائی کی با ت ہونی چاہئے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK