Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان: کلرک کے عہدے کے امتحان میں بدنظمی، سینٹر پر ہنگامہ

Updated: August 17, 2026, 10:59 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Mumbai

ہائی کورٹ میں کلرک کے عہدے کیلئے منعقدہ امتحان کے دوران کرشی اتپن بازار سمیتی( اے پی ایم سی) مارکیٹ کے امتحانی سینٹر پر انتظامیہ کی نااہلی اور بدنظمی کے باعث زبردست ہنگامہ کھڑا ہو گیا۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

ہائی کورٹ میں کلرک کے عہدے کیلئے منعقدہ امتحان کے دوران کرشی اتپن بازار سمیتی( اے پی ایم سی) مارکیٹ کے امتحانی سینٹر پر انتظامیہ کی نااہلی اور بدنظمی کے باعث زبردست ہنگامہ کھڑا ہو گیا۔ عیاں رہے کہ اس امتحان میں ریاست بھر کے امیدوار اپنے روشن مستقبل کی امید لئے شریک ہوئے تھے لیکن سینٹر کے ناقص انتظامات اور تکنیکی رکاوٹوں نے امیدواروں کی محنت پر پانی پھیر دیا۔ صورتحال اس وقت کشیدہ ہو گئی جب شدید ذہنی اذیت سے دوچار ۵۰۰ ؍ سے زائد امیدواروں اور ان کے سرپرستوں نے امتحانی سینٹر کے باہر نعرے بازی کرتے ہوئے دھرنا دے دیا۔ حالات کو قابو سے باہر ہوتے دیکھ کر موقع پر پولیس کی اضافی نفری طلب کرنی پڑی۔

یہ بھی پڑھئے: چٹان کھسکنے کے باوجود کئی مکینوں کا منتقلی سے انکار

تفصیلات کے مطابق ہائی کورٹ میں کلرک کے ۸۰۰؍ عہدوں کے لئے اتوار کو ریاست بھر میں امتحان منعقد کیا گیا تھا۔ مختلف اضلاع میں امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے اور تقریباً ۷ ؍ہزار امیدواروں نے ان آسامیوں کے لئے درخواستیں دی تھیں۔ کلیان کے اے پی ایم سی میں قائم امتحانی سینٹر پر تقریباً ۵۰۰ ؍ امیدواروں کا امتحان مقرر تھا۔ان امیدواروں کو ۳؍ بیچوں میں امتحان دینا تھا۔ امیدوار مقررہ وقت پر امتحانی سینٹر پہنچے لیکن امتحان شروع ہوتے ہی انتظامی اور تکنیکی خامیوں نے پورے عمل کو متاثر کردیا۔ سینٹر کا سرور ڈاؤن ہونے کے باعث کمپیوٹر پر امتحان دینے میں دشواری پیش آئی۔بعض امتحانی کمروں میں روشنی کا مناسب انتظام نہیں تھا جبکہ کچھ امیدواروں کے کمپیوٹر کے کی بورڈ بھی صحیح طور پر کام نہیں کر رہے تھے۔ مزید یہ کہ امتحان مکمل کرنے کے بعد فوری نتیجے کی پرنٹ بھی نہیں نکل رہے تھے۔ تکنیکی خرابیوں کے باعث پہلے بیچ کے امیدوار امتحانی کمروں میں جانے کے بعد مقررہ وقت پر باہر نہیں آسکے۔ اس کا براہِ راست اثر دوسرے اور تیسرے بیچ کے امیدواروں پر پڑا جو امتحانی سینٹر کے باہر طویل وقت تک انتظار کرنے پر مجبور رہے۔

یہ بھی پڑھئے: بی ایم سی کی جانب سے تاخیر کے سبب سائن بریج کا کام ادھورا

  اطلاع کے مطابق کئی امیدوار ساڑھے ۳؍ بجے تک اپنی باری کے انتظار میں باہر کھڑے رہے جس سے ان میں شدید بے چینی اور غصہ پیدا ہوگیا۔دوسری جانب امتحانی سینٹر پر بڑھتے ہوئے ہنگامے کے پیش نظر پولیس کو طلب کرنا پڑا۔حالات کو قابو میں رکھنے کی کوششوں کے درمیان کلیان کورٹ کے جج کو بھی موقع پر بلایا گیا۔ تاہم اس پورے معاملے کے بعد امتحان منسوخ کرکے دوبارہ منعقد کیا جائے گا یا موجودہ امتحان ہی کو کسی طریقے سے مکمل کیا جائے گا اس بارے میں انتظامیہ کی جانب سے فوری طور پر کوئی واضح فیصلہ سامنے نہیں آیا۔مسلسل تکنیکی خرابیوں اور ناقص انتظامات سے امیدواروں کے ساتھ ساتھ ان کے والدین میں بھی شدید ناراضی پائی گئی۔ والدین نے سوال اٹھایا کہ امتحان کے انعقاد سے قبل تکنیکی نظام اور بنیادی سہولتوں کی مناسب جانچ کیوں نہیں کی گئی۔ امیدواروں کا کہنا تھا کہ مسابقتی امتحانات کیلئے برسوں محنت کرنے والے طلبہ کو انتظامی کوتاہیوں کی سزا نہیں ملنی چاہیے۔واضح رہے کہ نیٹ اور ٹی اے ٹی جیسے اہم امتحانات میں پرچہ لیک اور دیگر بے ضابطگیوں کے معاملات کے بعد پہلے ہی امتحانی نظام کی شفافیت اور انتظامات پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ایسے ماحول میں ہائی کورٹ کے کلرک امتحان کے دوران پیش آنے والی بدنظمی نے امیدواروں کی تشویش میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK