Inquilab Logo Happiest Places to Work

اودیشہ میں پھر سیلاب، معمول سے ۲۷؍فیصد زیادہ بارش،۱۵ء۵؍لاکھ افراد متاثر

Updated: August 17, 2026, 11:40 AM IST | Agency | Bhubaneswar

بارش کا سلسلہ جاری ہے۔اس دوران اب تک۳۷ء۲؍لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

A newly constructed section of NH-53 collapsed amidst heavy rain in Kendrapara, Odisha. Picture: INN
اودیشہ کے کیندرپاڑہ میں شدید بارش میں این ایچ ۵۳؍ کا نو تعمیر شدہ حصہ دھنس گیا۔ تصویر: آئی این این

اودیشہ میں یکم جون سے۱۶؍ اگست کے درمیان۹۵۳؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ معمول کی۷۵۹؍ ملی میٹر بارش کے مقابلے میں۲۷؍ فیصد زیادہ ہے۔ ریاست میں ایک بار پھر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے درمیان چیف سکریٹری انُو گرگ نے اتوار کے روز متاثرہ علاقوں میں امدادی، بچاؤ اور بحالی کے کاموں کو تیز کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ممی شدہ انسانی باقیات سے خطرناک پھپھوندی پھیلنے کا خدشہ، سائنس دانوں کا انتباہ

تازہ سیلاب سے۴۹؍بلاکس،۳۳۱؍ گرام پنچایتیں،۹۴۷؍ گاؤں اور پانچ شہری علاقے متاثر ہوئے ہیں، اور تقریباً۱۵ء۵؍ لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اب تک۳۷ء۲؍لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ محترمہ گرگ نے اسپیشل ریلیف کمشنر (ایس آر سی) کے دفتر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں محصولات و ڈیزاسٹر مینیجمنٹ، آبی وسائل، صحت، توانائی، مکانات و شہری ترقی اور ماہی پروری و حیوانی وسائل کی ترقی کے محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ بالاسور، بھدرک، جاج پور، میور بھنج اور کیوں جھر کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹس اور محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) بھوونیشور کی علاقائی ڈائریکٹر منورما موہنتی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

یہ بھی پڑھئے: بنگال : سابق ڈپٹی اسپیکر کی خودکشی، سیاسی ماحول گرم

آئی ایم ڈی کے مطابق، شمالی و مغربی خلیج بنگال اور اس سے ملحقہ مغربی بنگال-شمالی اوڈیشہ ساحل پر بننے والے کم ہوا کے دباؤ کے اثر سے شمالی اوڈیشہ میں بارش کے سلسلہ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اگلے۲۴؍ گھنٹوں میں اس نظام کے مزید مضبوط ہونے کا امکان ہے، جس سے بارش مزید بڑھ سکتی ہے۔ بالاسور، بھدرک، جاج پور، میور بھنج اور کیوں جھر کے لئے ریڈ وارننگ جاری کی گئی ہے، جبکہ ریاست کے بیشتر دیگر اضلاع کے لیے اورنج اور کچھ اضلاع کے لیے یلو وارننگ جاری کی گئی ہے۔ ان پانچ اضلاع میں۱۸؍ اگست تک بارش جاری رہنے اور اس کے بعد تدریجی کمی کا امکان ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے۲۹۳؍  امدادی کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جہاں پکا ہوا کھانا اور ضروری خشک راشن فراہم کیا جا رہا ہے۔ متاثرہ اضلاع میں اوڈیشہ ڈزاسٹر ریپڈ ایکشن فورس (او ڈی آر اے ایف) کی ۳۶؍ نیشنل ڈزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی سات اور فائر سروس کی۴۳؍ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ محکمہ صحت نے میڈیکل ٹیمیں اور ریپڈ ریسپانس ٹیمیں تعینات کی ہیں نیز ضروری ادویات، ہیلوجن ٹیبلٹس، بلیچنگ پاؤڈر اور سانپ کے کاٹنے کی ادویات کا ذخیرہ تیار رکھا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK