Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان:مریضوں کے بہتر علاج کیلئے طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ

Updated: May 17, 2025, 8:35 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Kalyan

:سرکاری اسپتالوں میں عوام کے علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنا میونسپل انتظامیہ کی ذمہ داری ہے تاہم کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن(کے ڈی ایم سی) کے دونوں سرکاری اسپتالوں کی حالت انتہائی خستہ ہوچکی ہے

Kalyan-Dombivali Municipal Corporation. Photo: INN
کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن۔ تصویر: آئی این این

:سرکاری اسپتالوں میں عوام کے علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنا میونسپل انتظامیہ کی ذمہ داری ہے تاہم کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن(کے ڈی ایم سی) کے دونوں سرکاری اسپتالوں کی حالت انتہائی خستہ ہوچکی ہے۔ گزشتہ دنوں ایمبولنس نہ ہونے کی وجہ سے سویتا براجدار نام کی خاتون کی رکمنی بائی سرکاری اسپتال کے گیٹ پر موت واقع ہوگئی تھی۔ اس واقعہ سے دل برداشتہ میونسپل کمشنر ابھینو گوئل نے برسوں سے محکمہ صحت میں کام کرنے والے ڈاکٹروں اور دیگر اسٹاف کو سخت تاکید کرتے ہوئے اہداف مقرر کئے ہیں۔ اس کیلئے انہوں نے میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔ 
 عیاں رہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے کے ڈی ایم سی کا محکمہ صحت عدم توجہی کا شکار تھا۔ اس محکمہ کا نظم نسق من مانے طریقہ سے چلایا جارہا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ مریضوں کا بروقت علاج نہ ہونے سے انہیں کلوا یا ممبئی کے سرکاری اسپتالوں میں منتقل کیا جارہا تھا۔ حادثات میں شدید زخمی، ڈیلیوری کیلئے آنے والی خواتین اور دیگر طبی معائنہ کیلئے آنے والے مریضوں کو دوسرے اسپتال میں جانے کا مشورہ دیا جارہا تھا۔ عوامی نمائندوں نے بھی متعدد مرتبہ سرکاری اسپتالوں کی حالت زار پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔ 

یہ بھی پڑھئے: میرابھائندر: میونسپل اسکولوں کا ایس ایس سی امتحان کا مجموعی نتیجہ۶۵ء۹۰؍ فیصد رہا

دریں اثناء کچھ دنوں قبل ۵؍ گھنٹے تک ایمبولنس نہ ملنے کی وجہ سے سویتا براجدار نام کی خاتون کی رکمنی بائی سرکاری اسپتال کے گیٹ پر ہی درد ناک موت واقع ہوگئی تھی۔ میونسپل کمشنر ابھینو گوئل نے اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا۔ میونسپل کمشنر نے لاپروائی برتنے والے ڈاکٹروں پر غیر ارادتاً قتل کا مقدمہ درج کرنے کی دھمکی بھی دی۔ 
 میونسپل کمشنر نے محکمہ صحت کے متعلقہ افسران سے سوال پوچھا کہ جب محکمہ صحت میں معقول اسٹاف اور دیگر سہولیات موجود ہیں تو مریضوں کو فوری اور معیاری خدمات کیوں فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔ سرکاری اسپتالوں میں برتنی جانے والی لاپروائی پر قدغن لگانے کیلئے میونسپل کمشنر نے رکمنی بائی سرکاری اسپتال اور شاستری نگر سرکاری اسپتال دونوں جگہوں پر کام کرنے والے طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK