حالیہ اسمبلی انتخابات میں مہایوتی کی شاندار کامیابی کے بعد میونسپل کارپوریشن کا الیکشن جلد ہونے کی امید ہے۔
EPAPER
Updated: December 02, 2024, 11:55 AM IST | Ejaz Abdul Gani | Mumbai
حالیہ اسمبلی انتخابات میں مہایوتی کی شاندار کامیابی کے بعد میونسپل کارپوریشن کا الیکشن جلد ہونے کی امید ہے۔
مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں مہایوتی کو زبردست کامیابی حاصل ہونے کے بعد تینوں پارٹیوں کے کارکنان کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن( کے ڈی ایم سی )کے بلدیاتی انتخابات پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔ عیاں رہے کہ کے ڈی ایم سی کی میعاد ختم ہوئے ۴؍ سال کا طویل عرصہ گزر چکا ہے۔ حال ہی میں ملی کامیابی سے بی جے پی اور شیوسینا(شندے ) کے کارکنان اور میونسپل الیکشن لڑنے والے خواہشمند امیدواروں نے جلد سے جلد بلدیاتی انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے
قیاس کیا جارہا ہے کہ مہایوتی کی جیت کا رججان ۳ ؍سے ۴ ؍ماہ تک برقرار رہے گا۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق آنے والے سال ۱۰؍ ویں اور ۱۲؍ ویں کے بورڈ امتحانات ختم ہونے کے بعد مارچ کے اخیر یا اپریل کے پہلے ہفتہ میں میونسپل انتخابات ہونے کا قوی امکان ہے۔ مئی میں منعقد لوک سبھا انتخابات میں کلیان پارلیمانی حلقہ سے شیوسینا (شندے) کا امیدوار کامیاب ہوا تھا اور اب کے ڈی ایم سی کی حدود میں واقع ۴؍ اسمبلی حلقوں سے ۲؍ بی جے پی اور ۲؍ شیو سینا (شندے) کے امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ پچھلے ۲۵؍ سال سے کے ڈی ایم سی پر شیوسینا اور بی جے پی کا قبضہ ہے۔ نومبر ۲۰۲۰ ءمیں میونسپل کارپوریشن کی میعاد ختم ہوچکی ہے۔ چونکہ اس وقت ملک میں کورونا بحران چھایا ہوا تھا۔ اس لئے الیکشن کو ملتوی کردیا گیا۔ ۱۵؍ ماہ بعد ریاستی الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل شروع کیا اور مئی ۲۰۲۲ء میں ۱۳۳؍ وارڈوں کی نئی تشکیل دی گئی۔
یہ بھی پڑھئے:باندرہ مشرق: مقامی افراد علاقہ کی ترقی اور معیار زندگی میں بہتری کے خواہاں
دریں اثناء ریاستی حکومت نے ایک جی آر جاری کرکے کےڈی ایم سی کی حدود میں آنے والے ۲۷؍ گاؤں میں سے ۷ ؍گاؤں کو چھوڑ کر بقیہ ۱۸؍ گاؤں کی ایک علیحدہ نگر پالیکا بنانے کا اعلان کیا۔ تاہم کچھ کارپوریٹروں نے اس فیصلہ کو نامناسب قرار دیتے ہوئے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی اوراس فیصلہ پر ہائی کورٹ نے روک لگا دی تھی۔ بعدازاں ریاستی حکومت نے دوبارہ ہائی کورٹ میں عرض داشت داخل کرکے ۱۸ ؍ گاؤں کی نگر پالیکا بنانے کے فیصلہ سے روک ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔ چونکہ ہائی کورٹ نے اس معاملہ میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں سنایا اس لئے کے ڈی ایم سی کے بلدیاتی الیکشن بار بار ملتوی ہوتے رہے۔ امید کی جارہی ہے نئی ریاستی حکومت بننے کے بعد اس پر جلد فیصلہ ہوگا اور مارچ یا اپریل میں کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات مکمل کروائے جائیں گے۔