بلڈر کے خلاف کیس درج۔ مکینوں نے نقصان کیلئے معاوضہ کا مطالبہ کیااور نہ دینے پر احتجاج کا انتباہ دیا۔
EPAPER
Updated: June 25, 2025, 4:53 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan
بلڈر کے خلاف کیس درج۔ مکینوں نے نقصان کیلئے معاوضہ کا مطالبہ کیااور نہ دینے پر احتجاج کا انتباہ دیا۔
یہاں مشرقی جانب ایک زیر تعمیر عمارت کے تعمیراتی سامان کی وجہ سے حفاظتی دیواراچانک منہدم ہوگئی جس کے ملبہ میں کئی دوپہیہ اور چار پہیہ گاڑیاں دب گئیں۔بتایا جارہا ہے کہ سوسائٹی کے ذمہ داران نے زیر تعمیر عمارت کے بلڈر سے متعدد مرتبہ خط وکتابت کی تھی، اس کے باوجود اس نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی۔اس معاملے میں کولسے واڑی پولیس اسٹیشن میں متعلقہ بلڈر کے خلاف کیس درج کرلیا گیا ہے۔
کلیان مشرق کے کاٹے منولی علاقے میں یوگیشور ٹاور نامی ہاؤسنگ سوسائٹی ہے جس سے متصل ایک نئی عمارت تعمیر کی جارہی ہےجس کی وجہ سے یہاں بڑے پیمانے پر تعمیراتی سامان جیسے ریتی، کھڑی اور سیمنٹ کی بوریاں یوگیشور سوسائٹی کی حفاظتی دیوار کے قریب رکھی جارہی تھیں۔تعمیراتی سامان کی وجہ سے یوگیشور سوسائٹی کی حفاظتی دیوار پر دباؤ پڑ رہا تھا۔اس جانب سوسائٹی کے ذمہ داروں نے متعلقہ بلڈر کو مکتوب دے کر دیوار منہدم ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا تھا لیکن اس جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی۔
پیر کی نصف شب یوگیشور سوسائٹی کی حفاظتی دیوار منہدم ہوگئی جس کی زد میں آکر ۱۴ ؍ گاڑیاں دب گئیں۔اس حادثہ کے بعد مکینوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بلڈر کے خلاف کولسے واڑی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی اور نقصان کا معاوضہ جلد دینے کا مطالبہ کیا اورانکار کرنے کی صورت میں احتجاج کا انتباہ بھی دیا۔