بنیادی مسائل حل نہ ہونے پر کسی کارپوریٹر، رکن اسمبلی اور رکن پارلیمان کو گاؤں میں داخل ہونےکی اجازت دینے سے انکار۔
EPAPER
Updated: August 14, 2026, 10:49 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Kalyan
بنیادی مسائل حل نہ ہونے پر کسی کارپوریٹر، رکن اسمبلی اور رکن پارلیمان کو گاؤں میں داخل ہونےکی اجازت دینے سے انکار۔
کلیان مشرق کے بھال گاؤں میں بنیادی شہری سہولتوں کے فقدان نے مقامی باشندوں کے صبر کا پیمانہ لبریز کردیا ہے۔ پانی کی قلت، خستہ حال سڑکوں اور دیگر بنیادی مسائل سے دوچار شہریوں نے اب اپنے منتخب نمائندوں کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے ’پہلے سہولتیں، پھر داخلہ‘ کا نعرہ بلند کردیا ہے۔مقامی باشندوں نے اعلان کیا ہے کہ جب تک ان کے علاقے کے بنیادی مسائل حل نہیں کئے جاتے کسی بھی کارپوریٹر ،رکن اسمبلی اور رکن پارلیمنٹ کو گاؤں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مقامی باشندوں نے اپنے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ایک ویڈیو بھی جاری کیا ہے جس میں عوامی نمائندوں پر انتخابی وعدے پورے نہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر انتخاب کے دوران پانی، سڑک اور دیگر بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے وعدے کئےجاتے ہیں لیکن انتخابات ختم ہوتے ہی ان وعدوں کو فراموش کردیا جاتا ہے۔ نتیجتاً برسوں گزرنے کے باوجود بھال گاؤں کے بنیادی مسائل برقرار ہیں۔چار کارپوریٹر منتخب ہونے کے باوجود مسائل جوں کے توں برقرار ہے۔ مقامی باشندوں کے مطابق ان کے پینل سے چار کارپوریٹر منتخب ہوچکے ہیں۔ اس کے باوجود بھال گاؤں کی بنیادی ضروریات پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ پانی، سڑکوں اور دیگر مسائل کے حل کے لئے کارپوریٹر، رکن اسمبلی، رکن پارلیمنٹ اور میونسپل انتظامیہ سے متعدد مرتبہ رابطہ کیا گیا اور تحریری طور پر بھی مطالبات پیش کئے گئے لیکن ہر سطح پر انہیں صرف یقین دہانیاں ہی ملیں۔ عملی طور پر مسائل کے حل کے لئے کوئی مؤثر قدم نہیں اٹھایا گیا۔ اب وہ محض وعدوں اور یقین دہانیوں سے مطمئن ہونے والے نہیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ برسوں سے بنیادی سہولتوں کے لئے جدوجہد کی جارہی ہے لیکن مسئلہ حل ہونے کے بجائے مسلسل نظرانداز کیا جارہا ہے،اسی لئے اب عوامی نمائندوں کو بھال گاؤں میں داخلے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔