Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلیان:مسجد کے اطراف گندا پانی جمع ہونے سےسخت پریشانی

Updated: March 04, 2026, 3:04 PM IST | Ejaz Abduilghani | Kalyan

گندگی اور تعفن کی وجہ سے نمازیوں اور مکینوں کو سخت دشواریوں کا سامنا،شکایت کے باوجود مسئلہ جوں کا توں۔

Bricks Have Been Placed Near The Mosque To Prevent Dirty Water.Photo:INN
مسجد کے قریب گندے پانی سے بچنے کیلئے اینٹیں رکھی گئی ہیں- تصویر:آئی این این
رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ریتی بندر میں واقع بسم اللہ مسجد اور اس کے اطراف کے علاقوں کے مکینوں کیلئے سیوریج کے گندے پانی نے ایک اذیت ناک صورتحال پیدا کر دی ہے۔ گلیوں میں جمع آلودہ پانی اور اس سے اٹھنے والے شدید تعفن نے نہ صرف عام شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے بلکہ مسجد کا راستہ متاثر ہونے کی وجہ سے نمازیوں کی تعداد میں بھی نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ بدبو اور گندگی نے بچوں کی صحت کو داؤ پر لگا دیا ہے جس کے باعث علاقے میں بیماریاں پھیلنے کا سنگین خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت اور نکاس آب کے ناقص انتظامات نے اس مبارک مہینے میں مقامی آبادی کو ایک ذہنی اور جسمانی کرب میں مبتلا کر دیا ہے جس پر شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
مسلم اکثریتی  علاقے ریتی بندر کی گلی نمبر ۵؍ کی چالیوں اور بسم اللہ مسجد کے اطراف گزشتہ ایک ماہ سے سیوریج کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا  ہے۔ انڈر گراؤنڈ گٹر کا گندہ پانی راستوں اور گلیوں میں جمع ہونے سے نہ صرف شہریوں کو راستہ چلنے میں دشواری پیش آرہی ہے بلکہ مکینوں کی صحت اور عبادات میں بھی شدید خلل پڑ رہا ہے۔علاقے میں پانی کی سطح اس قدر بڑھ چکی ہے کہ لوگوں نے پیدل چلنے کے لئےبڑی بڑی سیمنٹ کی اینٹیں رکھ دی ہیں۔ 
 
 
نمائندۂ انقلاب نے جب جائے وقوعہ کا دورہ کیا تو پایا کہ پورا علاقہ تعفن اور گندگی کی لپیٹ میں ہے ۔ مکینوں نے انتظامیہ کی نااہلی پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔شبانہ شیخ نام کی خاتون نے بتایا کہ پچھلے ۳؍ سال سے یہ مسئلہ وقفے وقفے سے سر اٹھا رہا ہے۔ شکایت کرنے پر میونسپل کارپوریشن کے اہلکار آتے ہیں، عارضی صفائی کرتے ہیں اور چلے جاتے ہیں۔ لیکن گزشتہ ایک ماہ سے صورتحال قابو سے باہر ہے۔ گندگی کی وجہ سے بچے بیمار پڑ رہے ہیں، ایک بچہ فی الحال اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
 
 
فہیم خان ہم نے کہا کہ کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی ) کے متعلقہ محکموں سے کئی بار خط و کتابت کی گئی لیکن تاحال کوئی ٹھوس حل نہیں نکالا گیا۔ بسم اللہ مسجد کے مؤذن وسیم رضا نے بتایا کہ مسجد کے سامنے گندہ پانی جمع ہونے کی وجہ سے نمازیوں کی تعداد کم ہو گئی ہے کیونکہ مصلیان کے کپڑے ناپاک ہوجاتے ہیں۔ ۲؍روز قبل صورتحال اتنی خراب ہو گئی تھی کہ گندگی وضو خانے تک پہنچ گئی تھی جسے مقامی لوگوں نے بڑی مشقت سے صاف کیا۔اس سنگین مسئلے پر جب محکمہ سیوریج اور صاف صفائی کے اعلیٰ افسر پرساد سچدیو سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK