اداکار کمل ہاسن کی’ `ٹھگ لائف‘ کی ریلیز کی تاریخ۵؍ جون قریب آ رہی ہے لیکن کنڑ زبان سے متعلق ان کے دیئے گئے بیان پر پیدا ہونے والا تنازع ابھی تک ختم نہیں ہوا۔
EPAPER
Updated: June 04, 2025, 12:10 PM IST | Agency | Bengaluru
اداکار کمل ہاسن کی’ `ٹھگ لائف‘ کی ریلیز کی تاریخ۵؍ جون قریب آ رہی ہے لیکن کنڑ زبان سے متعلق ان کے دیئے گئے بیان پر پیدا ہونے والا تنازع ابھی تک ختم نہیں ہوا۔
اداکار کمل ہاسن کی’ `ٹھگ لائف‘ کی ریلیز کی تاریخ ۵؍ جون قریب آرہی ہے لیکن کنڑ زبان سے متعلق ان کے دیئے گئے بیان پر پیدا ہونے والا تنازع ابھی تک ختم نہیں ہوا۔ کمل ہاسن نے ابھی تک اپنے اس بیان پر عوامی طور پر معافی نہیں مانگی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ کنڑ زبان تمل سے نکلی ہے۔ کرناٹک فلم چیمبر آف کامرس (کے ایف سی سی) نے کئی تھیٹر مالکان کی حمایت سے ریاست بھر میں فلم کی اسکریننگ پر پابندی لگا رکھی ہے۔ کرناٹک رکشن ویدیکے سمیت کنڑ حامی تنظیموں نے احتجاج تیز کر دیا ہے اور اداکارہاسن کے بیانات کی مذمت کرتے ہوئے تھیٹروں کو فلم ریلیز نہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔ ان تنظیموں نے کمل ہاسن کے بیان کو کنڑ زبان اور ثقافت کی توہین قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:اداروں میں آر ایس ایس کی دراندازی پرکانگریس برہم
کے ایف سی سی کے صدر ایم نرسمہالو نے دوبارہ واضح کیا کہ جب تک ہاسن عوامی طور پر معافی نہیں مانگتے، کرناٹک میں کوئی بھی تھیٹر ’ٹھگ لائف‘ نہیں دکھائے گا۔ لسانی وقار اور شناخت سے جڑی گہری جذباتی وابستگی نے اس تنازع کو کرناٹک ہائی کورٹ تک پہنچا دیا ہے، جہاں ہاسن نے فلم کی ریلیز اور تھیٹروں و ناظرین کی سیکوریٹی کے لئے درخواست دائر کی ہے۔ ملک کی دیگر ریاستوں میں ایڈوانس بکنگ شروع ہونے کے باوجود کرناٹک واحد ریاست ہے جہاں اب تک اسکریننگ شیڈول نہیں کی گئی ہے۔ منی رتنم کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں کئی مشہور اداکار شامل ہیں لیکن مقامی سطح پر سخت مخالفت کے باعث فلم کی ریلیز خطرے میں پڑ گئی ہے۔ تھیٹر مالک نے کہا کہ کمل ہاسن کی `ٹھگ لائف چاہے کہیں اور ریلیز ہو یا نہ ہو لیکن ہمارے تھیٹر میں یہ فلم نہیں دکھائی جائے گی۔ کنڑ گروپوں نے ہم سے زبان کے وقار کے تحفظ کے لئے حمایت مانگی اور اسی وجہ سے ہم نے فلم ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلم کی اسکریننگ کے لئے عموماً پروڈیوسر یا ان کے نامزد ڈسٹریبیوٹر سے حقوق حاصل کرنے پڑتے ہیں لیکن اس معاملے میں ہم نے ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے۔ ہم فلم کی اسکریننگ نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کنڑ تنظیموں نے واضح طور پر کمل ہاسن کے بیانات کو توہین آمیز قرار دیا ہے۔ انہوں نے ہم سے کہا ہے کہ کسی بھی حال میں فلم کو ریلیز نہ کریں ۔ کنڑ کی توہین ناقابل قبول ہے۔ کمل ہاسن نے اگرچہ مبینہ طور پر دعویٰ کیا کہ ان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا لیکن نقصان ہو چکا ہے اور ہم نے میڈیا میں عوامی غصہ دیکھا ہے۔ اس لئے ہم اپنے فیصلے پر قائم ہیں ۔