میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کیلئےصرف طبی کیمپ ، خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کے لئے ۲۵ ؍لاکھ کا تعاون۔
EPAPER
Updated: October 02, 2026, 12:14 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Kalyan
میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کیلئےصرف طبی کیمپ ، خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کے لئے ۲۵ ؍لاکھ کا تعاون۔
مہاراشٹر کے بعض علاقوں میں خشک سالی کی سنگین صورتحال کے پیشِ نظر کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) نے متاثرہ علاقوں کی مدد کے لئے۲۵؍ لاکھ روپے کا تعاون دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے ۴۳ ؍ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ہونے والی تقریبات کو سادگی سے منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے تقریب پر خرچ ہونے والی رقم خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کی امداد کے لئے وزیراعلی امدادی فنڈ میں جمع کرائی جائے گی۔اس اقدام کے تحت کے ڈی ایم سی نے انسانی ہمدردی اور سماجی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جشن کے بجائے ضرورت مندوں کی مدد کو ترجیح دی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:اٹلی: غزہ جنگ پر بنی ڈاکیومنٹری ’نازا‘ ریلیز، پہلے دو دن میں ۱۱؍ لاکھ یورو کمائے
کے ڈی ایم سی کے اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس ہال میں جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر میئر ہرشالی چودھری نے ۲۵ ؍لاکھ روپے کا فنڈ دینے کے فیصلے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے بعض علاقوں میں خشک سالی کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کو دیکھتے ہوئے یوم تاسیس کی تقریبات کو انتہائی سادگی کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔میئر کے مطابق یومِ تاسیس کے موقع پر کسی بڑی تقریب یا غیر ضروری اخراجات سے گریز کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر صرف میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کے لئے طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے جبکہ تقریبات پر ہونے والے اخراجات کو وزیراعلیٰ امدادی فنڈ کے ذریعے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کی مدد کے لئے استعمال کیا جائے گا۔میئر نے کہا کہ یوم تاسیس محض جشن منانے کا موقع نہیں بلکہ سماج اور عوام کے تئیں اپنی ذمہ داری کا احساس کرنے کا بھی موقع ہے۔ اسی جذبے کے تحت اس مرتبہ یومِ تاسیس کی تقریبات کو محدود رکھتے ہوئے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کے لئے مالی تعاون فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔