اوٹومیشی گرلز اکیڈمی کے ہاسٹل میں رات کے وقت لگنے والی تباہ کن آگ کے نتیجے میں کم از کم۱۵؍ طالبات ہلاک اور ۷۳؍زخمی۔
EPAPER
Updated: May 29, 2026, 9:36 AM IST | New Delhi
اوٹومیشی گرلز اکیڈمی کے ہاسٹل میں رات کے وقت لگنے والی تباہ کن آگ کے نتیجے میں کم از کم۱۵؍ طالبات ہلاک اور ۷۳؍زخمی۔
کینیا کے وسطی علاقے ناکورو میں واقع اوٹومیشی گرلز اکیڈمی کے ایک ہاسٹل میں رات کے وقت لگنے والی تباہ کن آگ کے نتیجے میں کم از کم۱۵؍ طالبات ہلاک اور ۷۳؍زخمی ہو گئی ہیں۔ کینیا کے ٹی وی چینل سٹیزن ٹیلی ویژن نے جمعرات کو نشر کردہ خبر میں کہا ہے کہ رفٹ ویلی کے علاقائی پولیس انسپکٹر سموئل نڈانی نے اموات کی تصدیق کی ہے اور امدادی کارروائیوں کے دوام کے دوران اموات میں اضافے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ زخمیوں کی حتمی تعداد ابھی واضح نہیں ہو سکی۔
رفٹ ویلی کے علاقے میں واقع ناکورو ملک کے بڑے شہری مراکز میں سے ایک ہے اور کینیا کے دارالحکومت نیروبی سے تقریباً ۱۶۰؍ کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔رپورٹ کے مطابق ایمرجنسی ٹیمیں، پولیس اہلکار اور انسانی امدادی تنظیمیں اسکول پہنچ گئی ہیں۔متاثرین کے اہلِ خانہ بھی لاپتہ طالبات کے بارے میں معلومات کے انتظار میں علاقے میں جمع ہیں۔
کینیا ریڈ کراس نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ’’ہماری ہنگامی حالات امدادی ٹیمیں، ایمبولینس عملہ اور نفسیاتی معاونت فراہم کرنے والاعملہ دیگر امدادی اداروں اور متعلقہ حکام کے ساتھ متاثرہ طالبات کی مدد کے لیے اس وقت موقع پر موجود ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:امتیاز علی نے ’’لو آج کل‘‘ کے سیکویل کو ’’بیکار تجربہ‘‘ قرار دیا
جمعرات کی صبح تک حکام آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں کر سکے۔ جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں اور ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہےاور واقعہ کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔کینیا میں اسکولوں میں آگ لگنے کے واقعات وقتاً فوقتاً پیش آتے رہتے ہیں جس کے باعث ہاسٹلوں میں حفاظتی انتظامات، زیادہ بھیڑ اور بورڈنگ اسکولوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں پر تشویش بڑھ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:۲۰۲۶ء سے ۲۰۳۰ء کے دوران درجۂ حرارت ریکارڈ سطح پر رہنے کا امکان: اقوامِ متحدہ
ماضی کے کئی واقعات میں ہاسٹلوں میں محصوررہ جانے والے طلبہ کی بڑی تعداد جان سے ہاتھ دھو بیٹھی تھی۔ ستمبر ۲۰۲۴ء میں نییری کے علاقے میں واقع ہِل سائڈ اینداراشا اکیڈمی کے ایک ہاسٹل میں آگ لگنے سے کم از کم ۲۱؍ لڑکے ہلاک ہو گئے تھے اور یہ واقعہ حالیہ برسوں میں ملک میں اسکولوں میں آتشزدگی کے بدترین واقعات میں سے ایک تھا۔