کوکن کے ساحلوں سے طوفان ’شکتی‘ کے ٹکرانے کا امکان، رائے گڑھ اور رتنا گیری میں ریڈ الرٹ جاری۔
EPAPER
Updated: May 26, 2025, 11:27 AM IST | Siraj Shaikh | Ali Bagh
کوکن کے ساحلوں سے طوفان ’شکتی‘ کے ٹکرانے کا امکان، رائے گڑھ اور رتنا گیری میں ریڈ الرٹ جاری۔
کوکن میں بحرہ عرب میں کم دبا ؤ کے سبب طوفان بننے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ واضح رہےکہ ۳؍ جون۲۰۲۰ءکو رائے گڑھ ضلع سمیت کوکن کے ساحل سے ٹکرانے والا طوفان نسرگ کی یادیں اب بھی تازہ ہیں ۔اس سے قبل، اس نوعیت کے کئی تباہ کن طوفان اس ساحل سے ٹکرا گئے تھے اور قدرتی طور پر خوبصورت کوکن ساحلی پٹی کو زبردست نقصان پہنچا تھا۔ اب وسطی بحیرہ عرب میں ایک بار پھر کم دباؤ کا علاقہ بن گیا ہے اور محکمہ موسمیات نے اگلے۲۴؍گھنٹوں میں اس کے شدت اختیار کرنے اور سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا ہے۔ اس ممکنہ طوفان کو `شکتی‘ نام دیا گیا ہے۔ اس طوفان کے شمال کی طرف بڑھنے کا امکان ہے اور براہ راست کوکن کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔اس لئے رائے گڑھ اور رتنا گیری اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مہاراشٹر میں مانسون داخل، شدید بارش کی پیش گوئی
طوفان شکتی کوکن کے ساحل پر۶۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں لائے گا، اس کے ساتھ ہی بھاری بارش کا خطرہ بھی ہے۔ اس پس منظر میں رائے گڑھ اور رتناگیری اضلاع کے لئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے جبکہ ممبئی سمیت کوکن کے باقی حصوں کے لئے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ کوکن میں بالخصوص رائے گڑھ،رتنا گیری اور سندھو د رگ میں گزشتہ۲؍ دنوں سے شدید بارش ہو رہی ہے جس سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے ہیں۔ مہاراشٹر میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ اگلے۲؍ دن تک جاری رہے گا اور محکمہ موسمیات نے ۱۵؍ مقامات پر انتہائی تیز بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔ ایک طرف بے موسم بارش اور دوسری طرف طوفان شکتی اور مانسون کے مقررہ وقت سے پہلے پہنچنے کے آثار ہیں۔محکمۂ موسمیات کی یہ پیش گوئی ہے کہ مانسون مئی کے آخر تک کوکن پہنچ جائے گا۔ مانسون کیرالا میں پہنچ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون اسی ہفتے کرناٹک، گوا، مہاراشٹر اور گجرات میں داخل ہو جائے گا۔ ان تمام مقامات پر بہت زیادہ بارش ہونے کی توقع ہے۔ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔