Updated: June 23, 2026, 3:58 PM IST
| Bengaluru
فیس بک، انسٹاگرام اور وہاٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا نے ہندوستانی فن ٹیک کمپنی CRED میں ۹۰۰؍ ملین ڈالر (تقریباً ۸۵۵۰؍ کروڑ روپے) کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت CRED کے بانی کنال شاہ وہاٹس ایپ کے نئے عالمی سربراہ بن جائیں گے اور موجودہ سربراہ ول کیتھ کارٹ کی جگہ سنبھالیں گے۔
کنال شاہ۔ تصویر:آئی این این
فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے ہندوستانی فن ٹیک اسٹارٹ اپ کریڈ میں ۹۰۰؍ ملین ڈالر (تقریباً ۸۵۵۰؍ کروڑ روپے) کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ اس سرمایہ کاری کے ساتھ ہی کریڈ کے بانی کنال شاہ وہاٹس ایپ کے نئے عالمی سربراہ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ میٹا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک زکر برگ نے اس پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کنال شاہ نے CRED کو ہندوستان کی اہم ترین ٹیکنالوجی کمپنیوں میں شامل کیا اور ان کی کاروباری سوچ اور عالمی وژن وہاٹس ایپ جیسے پلیٹ فارم کی قیادت کے لیے موزوں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کنال شاہ کے ساتھ مل کر وہاٹس ایپ کو اربوں صارفین اور لاکھوں کاروباروں کے لیے مزید بہتر بنانے کے منتظر ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:ٹرمپ کی ملک بدری مہم تیز، ۱۸؍ ماہ میں ۹؍ لاکھ تارکینِ وطن امریکہ بدر
کنال شاہ وہاٹس ایپ کے موجودہ سربراہ Will Cathcart کی جگہ لیں گے، جو تقریباً سات سال تک اس عہدے پر خدمات انجام دینے کے بعد میٹا میں ایک نئے کردار میں منتقل ہو رہے ہیں۔ زکربرگ نے ول کیتھ کارٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وہاٹس ایپ کو تین ارب سے زیادہ صارفین تک پہنچانے اور پلیٹ فارم پر رازداری کے معیار کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ کریڈ نے بھی قیادت میں تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا کہ کمپنی کے اسٹریٹیجی اور فنانس سربراہ Miten Sampat کو عبوری چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔ وہ فوری طور پر کمپنی کی روزمرہ قیادت سنبھالیں گے۔
کنال شاہ نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے ۲۰۱۸ء میں کریڈ کا آغاز اس یقین کے ساتھ کیا تھا کہ کریڈٹ کے ذمہ دار استعمال اور مالی اعتبار کو انعام ملنا چاہیے۔ ان کے مطابق آٹھ سال سے بھی کم عرصے میں کریڈ لاکھوں صارفین، تقریباً ۳۲۰۰؍ کروڑ روپے کی آمدنی، منافع بخش کاروباری ماڈل، متعدد مالیاتی لائسنسز اور ایک مضبوط برانڈ کے ساتھ ایک منفرد زمرہ قائم کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اضافی سرمایہ اور ایک مضبوط ٹیم کی موجودگی میں CRED آنے والی دہائیوں تک ایک پائیدار ادارے کے طور پر ترقی کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اسی اعتماد کے ساتھ وہ قیادت کی ذمہ داری نئی ٹیم کے حوالے کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:ورلڈ بینک نے ہندوستان کی معاشی ترقی کیلئے ۱ء۵؍ بلین دالر کے قرض کو منظوری دی
متین سمپت نے اپنے بیان میں کہا کہ کمپنی کے پاس کنال شاہ کے وژن کو آگے بڑھانے اور مستقبل میں ایک عوامی کمپنی بننے کی تیاری کرنے کا تاریخی موقع موجود ہے۔ ان کے مطابق کریڈابھی اپنی ترقی کے ابتدائی مرحلے میں ہے اور کمپنی کے بہترین دن ابھی آنے باقی ہیں۔ اس سرمایہ کاری کے نتیجے میں میٹا کو بنگلورو میں قائم کریڈ میں اقلیتی حصص حاصل ہوں گے، تاہم کمپنیوں نے واضح کیا ہے کہ اس معاہدے کے تحت میٹا کو کریڈ کے صارفین کے ذاتی ڈیٹا تک رسائی حاصل نہیں ہوگی۔ کریڈ اس وقت ہر ماہ تقریباً ۱۷؍ ملین صارفین کو خدمات فراہم کرتی ہے، بھارت کے ۴۰؍ فیصد سے زیادہ کریڈٹ کارڈ بل ادائیگیوں کو پراسیس کرتی ہے اور شراکت دار مالیاتی اداروں کے لیے تقریباً ۲۴۰؍ ارب روپے کے قرضہ جاتی اثاثوں کا انتظام کرتی ہے۔
یہ سرمایہ کاری ہندوستان کے فن ٹیک شعبے میں حالیہ برسوں کی سب سے بڑی سرمایہ کاریوں میں شمار کی جا رہی ہے اور اسے میٹا کی جانب سے ہندوستانی ڈجیٹل معیشت میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کا ایک اور اہم اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔