اتر پردیش پبلک سروس کمیشن (یوپی پی ایس سی ) کی جانب سے کمبائنڈ اسٹیٹ/اپر سب آرڈینیٹ سروسیز امتحان ۲۰۲۴ء کے نتائج کا اعلان ہوتے ہی ملک بھر کے کامیاب امیدواروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ انہی کامیاب امیدواروں میں کرلا میں رہائش پزیر فرحانہ زینت خان کا نام بھی شامل ہے ۔
فرحانہ زینت محمدقاسم خان- تصویر:آئی این این
اتر پردیش پبلک سروس کمیشن (یوپی پی ایس سی ) کی جانب سے کمبائنڈ اسٹیٹ/اپر سب آرڈینیٹ سروسیز امتحان ۲۰۲۴ء کے نتائج کا اعلان ہوتے ہی ملک بھر کے کامیاب امیدواروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ انہی کامیاب امیدواروں میں کرلا میں رہائش پزیر فرحانہ زینت خان کا نام بھی شامل ہے جنہوں نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر(بی ڈی او)کا باوقار عہدہ حاصل کیا ۔یہ کامیابی صرف ایک عہدہ حاصل کرنے تک محدود نہیں بلکہ مسلسل جدوجہد، حوصلے اور عزم کی ایک روشن داستان ہے جو نوجوانوں خصوصاً طالبات کیلئے مشعلِ راہ ہے۔
فرحانہ زینت خان نے کرلا کے انجمن اسلام اردو میڈیم اسکول سے تعلیم حاصل کی جہاں سے انہوں نے ایس ایس سی میں ۹۷؍ فیصد نمبرات اور بارہویں (سائنس) میں۸۳؍ فیصد نمبرات حاصل کئے۔ پھر پونے کے سنہہ گڑھ ڈینٹل کالج سےبی ڈی ایس کی ڈگری مکمل کی۔مسابقتی امتحانات کے میدان میں ان کا سفر آسان نہیں تھا۔ وہ دو مرتبہ یوپی ایس سی کے مینز امتحان اور ایک مرتبہ انٹرویو تک پہنچیں لیکن چند نمبروں کی کمی کے باعث فائنل فہرست میں جگہ نہ بنا سکیں۔ یہ مرحلہ ان کیلئے مایوس کن ضرور تھا مگر انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔فرحانہ بتاتی ہیں کہ انہوں نے ۲۰۲۵ء کےیوپی ایس سی امتحان سے وقتی وقفہ لے کر نئی حکمت عملی کے ساتھ ریاستی سروس کے امتحان پر توجہ مرکوز کی تاکہ پہلے ملازمت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان کی یہی حکمت عملی کامیاب ثابت ہوئی اور انہوں نے یوپی پی ایس سی میں نمایاں کامیابی حاصل کرلی۔انہوں نے مزید کہاکہ ’’ناکامی کا دباؤ یقیناً بہت مشکل ہوتا ہے لیکن اگر انسان حوصلہ نہ ہارے اور مسلسل محنت جاری رکھے تو کامیابی ضرور ملتی ہے۔ میں ایک بار پھر مکمل تیاری کے ساتھ یوپی ایس سی کا امتحان دینا چاہتی ہوں تاکہ اپنے اصل خواب کو پورا کر سکوں۔‘‘
فرحانہ نےیوپی ایس سی میں اردو کو بطور اختیاری مضمون منتخب کیا جس سے انہیں کافی فائدہ حاصل ہوا۔ تاہم ان کے مطابق یوپی پی ایس سی میں ہندی میں نسبتاً کم نمبرات آنے کی وجہ سے وہ اعلیٰ رینک حاصل نہ کر سکیں، اس کے باوجود انہوں نےبی ڈی او کا اہم عہدہ حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
خاندانی پس منظر کے حوالے سے فرحانہ نے بتایا کہ ان کا آبائی وطن اتر پردیش کے ضلع سدھارت نگر ہے۔ ان کے والد محمد قاسم خان قاسمی نے دارالعلوم دیوبند سے عالمیت کی تعلیم حاصل کی اور۱۹۹۰ء میں تلاشِ معاش کی غرض سےممبئی کا رخ کیا تھا۔ ۲؍ بہنیں ایم بی بی ایس، ایک نے لاء، ایک آپٹومیٹری اور بھائی سول انجینئرنگ ہے۔