Updated: August 21, 2026, 11:35 AM IST
| Kurla
ممبئی کے کرلا میں علی الصباح تعمیراتی کام کے دوران ایک بھاری ہائیڈرولک کرین توازن کھو کر گر گئی، جس سے ریلوے کی اوورہیڈ برقی لائن متاثر ہوئی اور قریبی رہائشی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا۔ حادثے میں ۱۰؍ افراد زخمی ہوئے، جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ حکام کے مطابق واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں اور حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ممبئی میں کرلا کے قریشی نگر علاقے میں جمعہ ۲۱؍ اگست کی علی الصباح تقریباً ۲؍ بج کر ۴۰؍ منٹ پر ایک بھاری ہائیڈرولک کرین اچانک توازن کھو کر گر گئی۔ حادثے کے دوران کرین کا ایک حصہ قریبی رہائشی ڈھانچے پر جا گرا اور ریلوے کی اوورہیڈ الیکٹرک ایکوئپمنٹ (OHE) بھی متاثر ہوئی۔ واقعے میں کم از کم ۱۰؍ افراد زخمی ہوئے۔
حادثہ قریشی نگر میں بھنڈاری میٹالرجی کی عمارت نمبر ایک کے قریب پیش آیا، جہاں انہدام کا کام جاری تھا۔ ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (MMRDA) کے مطابق کرین کو کام کے لیے مقام پر لایا گیا تھا اور اسے پوزیشن کیا جا رہا تھا کہ اچانک ایک جانب جھک کر قریبی ڈھانچے کی طرف جا گری۔ ابتدائی طور پر نرم اور کیچڑ والی زمین کو کرین کے توازن بگڑنے کی ممکنہ وجہ قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مالونی :۲؍ منزلہ مکان منہدم۔ ۲؍افراد زخمی
حادثے کے بعد فائر بریگیڈ، پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ زخمیوں میں سے آٹھ کو سائن اسپتال جبکہ دو کو کرلا بھابھا اسپتال منتقل کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔ کرین گرنے سے قریبی گاڑیوں اور دیگر ڈھانچوں کو بھی نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ حادثے کے باعث کرلا اور ٹرومبے کے درمیان ریلوے لائن کا اوورہیڈ برقی نظام متاثر ہوا۔ وسطی ریلوے کے مطابق متاثرہ لائن بنیادی طور پر مال بردار ٹرینوں کے لیے استعمال ہوتی ہے، اس لیے ممبئی کی معمول کی مسافر لوکل ٹرین خدمات متاثر نہیں ہوئیں۔ حکام نے متاثرہ حصے میں بحالی اور کرین ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے، جبکہ MMRDA کی جانب سے واقعے کی وجوہات اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔