Inquilab Logo Happiest Places to Work

کویت: موسم گرما کے پیش نظر سرکاری دفاتر کے اوقات کار۶؍ گھنٹے مقرر

Updated: May 28, 2026, 8:58 PM IST | Kuwait City

کویت میں موسمِ گرما کے پیشِ نظر سرکاری دفاتر کے اوقات کار میں تبدیلی کرتے ہوئے یکم جون سے ۳۱ ؍اگست ۲۰۲۶ء تک روزانہ ڈیوٹی ۶ ؍گھنٹے کر دی گئی ہے۔ نئے فلیکسیبل نظام کے تحت ملازمین کو آمد و رفت اور رعایتی مہلتیں بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ شدید گرمی میں کام کے اوقات کو سہل بنایا جا سکے۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

کویت میں موسم گرما کے دوران سرکاری دفاتر کے اوقات کار کم کردیئے گئے جس کے مطابق ملازمین کو یکم جون سے ۳۱؍اگست تک روزانہ صرف ۶؍گھنٹے ڈیوٹی کرنا ہوگی۔ کویت میں موسمِ گرما کے دوران سرکاری دفاتر کے اوقات کار کم کرکے روزانہ۶؍ گھنٹے مقرر کر دیئے گئے ہیں، نئے اوقاتِ کار یکم جون سے۳۱؍ اگست ۲۰۲۶ءتک نافذ العمل رہیں گے۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق دفاتر کے اوقات کار صبح اور شام دونوں شفٹوں پر لاگو ہوں گے، جبکہ ملازمین کو دی جانے والی رعایتی مہلتیں (گریس پیریڈز) بھی برقرار رکھی گئی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ نے ایران جنگ سے متعلق کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا

سول سروس کمیشن کی ہدایات کے مطابق تمام مرد و خواتین ملازمین کو۳۰؍ منٹ کی رعایتی مہلت حاصل ہوگی، جسے یا تو صبح تاخیر سے آنے یا ڈیوٹی کے اختتام پر استعمال کیا جاسکے گا۔ اس کے علاوہ خواتین ملازمین کو واپسی کے وقت اضافی ۱۵؍ منٹ کی رعایت بھی دی گئی ہے۔ صبح کی شفٹ کیلئے دو نظام متعارف کرائے گئے ہیں، جن میں فکسڈ اوقات اور فلیکسیبل اوقات شامل ہیں۔ فلیکسیبل نظام کے تحت ملازمین صبح ۷؍ بجے سے۸؍ بجے کے درمیان کسی بھی وقت دفتر آ سکتے ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ اگر کوئی ملازم صبح۷؍ بجے دفتر پہنچتا ہے تو خواتین کی ڈیوٹی دوپہر سوا ۱۲؍بجے جبکہ مردوں کی ساڑھے۱۲؍ بجے ختم ہوگی۔ اسی طرح اگر ملازم صبح ۸؍ بجے آئے تو خواتین سوا ایک بجے اور مرد ڈیڑھ بجے فارغ ہوں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے: امریکی پابندیوں کے درمیان کیوبا کا ’انسانی بحران‘ کا انتباہ، عالمی مدد کی اپیل

اگر ملازم مکمل۳۰؍ منٹ کی رعایتی مہلت استعمال کرتے ہوئے ۸؍ بجکر ایک منٹ سے ساڑھے ۸؍ بجے کے درمیان پہنچے تو خواتین کی ڈیوٹی ایک بجکر ۴۵؍ منٹ پرجبکہ مردوں کی۲؍ بجے ختم ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق شام کی شفٹ شام ۵؍ بجے شروع ہوگی، مرد ملازمین کو صرف آغاز میں ۳۰؍ منٹ کی رعایت دی جائے گی جبکہ خواتین کو اختتام پر ۱۵؍منٹ اضافی مہلت حاصل ہوگی۔ اس حوالے سے وزارت انصاف کے حکم نامہ کے تحت اتوار سے جمعرات تک۶؍ گھنٹے کے فلیکسیبل اوقات کی منظوری دی گئی ہے جبکہ ساڑھے ۸؍ بجے کے بعد آنے والوں کو تاخیر شمار کیا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK