Inquilab Logo Happiest Places to Work

راہیجا ہائٹس میں ۷؍ہفتوں میں تیسری مرتبہ تیندوانظر آیا ، مکین خوفزدہ

Updated: May 12, 2026, 12:02 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

دنڈوشی میں واقع راہیجا ہائٹس کےمکینوں میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا ہے جب ۷؍ہفتوں میں تیسری بار ہاؤسنگ کمپلیکس میں تیندوا نظر آیا۔

Leopard Spotted In Raheja Heights Compound.Photo:INN
راہیجاہائٹس کےاحاطے میں تیندوا نظر آرہا ہے- تصویر:آئی این این
دنڈوشی میں واقع  راہیجا ہائٹس کےمکینوں میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا ہے  جب  ۷؍ہفتوں میں تیسری بار ہاؤسنگ کمپلیکس میں تیندوا نظر آیا۔ رات تقریباً ۲؍ بجے چوکیدار نےتیندوا دیکھا اور  اسے بھگا دیا۔ پہلی بار تیندوا ۱۷؍  مارچ کو  دیکھا گیا تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں درندے کو پارکنگ میں داخل ہوتے اور ایک آوارہ کتے پر حملہ کرتے دیکھا گیا تھا۔  ۸؍ اپریل کی رات ۳؍ بجے  پھر تیندوا نظر آیا جو کتے کا شکارکرتے سی سی ٹی وی میں قید ہوا۔   راہیجاہاؤسنگ کمپلیکس  میں ایک ہزار افراد رہائش پزیر ہیں اور یہ  سنجے گاندھی نیشنل پارک سے کافی دور ہے ،اس کے باوجود تیندوا عمارت میں گھس آنے سے مکینوں کو اپنی جان کا خطرہ محسوس ہورہا ہے۔  ۴۰؍سالہ مکین وجے بورا نے کہاکہ ’’ہماری درخواستوں  پر توجہ دینے والا کوئی نہیں ہے۔‘‘
 
 
محکمہ جنگلات کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ راہیجا ہائٹس کی مدد نہیں کر سکتے کیونکہ ہاؤسنگ سوسائٹی نجی املاک پر واقع ہے اور ان کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے کچھ احتیاطی تدابیر کی سفارش کی ہے لیکن مکینوں میں اس پر عمل کرنے میں تضاد پایا جارہا ہے۔محکمہ جنگلات کے ایک افسر نے کہاکہ رہائشیوں کی شکایت ہے کہ وہ جیل کی طرح زندگی نہیں گزار سکتے لیکن اس طرح کی لاپروائی خطرے کو بڑھائے گی۔ ایک ماہ قبل محکمہ جنگلات نے تیندوے کو  پکڑنے کیلئے پنجرہ رکھا تھا   اورایک بکرے کو  اس میں رکھا گیا تھا ۔ بعد ازیں بکرے کو ہٹاکر مرغی رکھی تھی  جس  کی دیکھ بھال جنگلات کے اہلکار کر رہے  تھے۔ سنیچر کو تیندوا پھر نظرآنے پرمحکمہ جنگلات کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ علاقے میں خوراک کی موجودگی کی وجہ سے تیندوا بار بار واپس آ سکتا ہے۔
 
 
ہندوستان ٹائمز کی خبر کے مطابق ہاؤسنگ کمپلیکس کی اعلیٰ کمیٹی کے چیئرپرسن انل نائر نے کہا کہ مکینوں نے محکمہ جنگلات کی طرف سے جاری کردہ ہر ہدایت پر عمل کیا  لیکن تیندوانظر آنا بند نہیں ہوا  ۔ انہوں نے یہ بھی بتایاکہ ہم نے ان داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر دیا ہے جہاں سے تیندوے کوآتے  پہلے دیکھا گیا تھا اور اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے اوراس کے داخل ہونے کے راستوں کی شناخت کیلئے کیمرے نصب کئے گئے تھے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK