Inquilab Logo

آپ کے قیام و طعام کا نظم حکومت کرے گی

Updated: March 30, 2020, 12:26 PM IST | Agency | Mumbai

ادھو ٹھاکرے کی بے چین شہریوں سے اپیل،کہا:جو جہاں ہیں وہیں رہیں۔لاک ڈاؤن میں گھومنے والوں پر سختی کرنے کا بھی انتباہ

Uddhav Thackeray - Pic : Twitter
ادھو ٹھاکرے ۔ تصویر : ٹوئٹر

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے بیرون ریاست اور اضلاع کے مزدور اور دیگر افراد سے درخواست کی ہے کہ وہ   فی الحال جہاں بھی ہیں وہیں رہیں گھر لوٹنے کیلئے جلد بازی نہ کریں۔ان کے قیام اور کھانے کا انتظام حکومت کی جانب سے کیا جائے گا۔  اس موقع پرلاک ڈاؤن کے دوران گھر سے باہر گھومنے والوں کو بھی وزیر اعلیٰ نے متنبہ کیا کہ اگر وہ نہیں مانیں تو ان کے ساتھ سختی برتی جائے گی ۔ اتوار کو وزیر اعلیٰ نے ۱۶؍ منٹ  ۱۳؍ سیکنڈ کے ’فیس بُک لائیو‘ میںمتعدد باتیں کہیں۔
  واضح رہے کہ ممبئی ،بھیونڈی اور ریاست کے دیگر علاقوں میں بڑی تعداد میں ایسے مزدور اور دیگر ملازمت کرنےو الےشہری مقیم ہیں جو بیرون ریاست اور اضلاع سے یہاں نوکری کرنے آئے ہیں لیکن لاک ڈاؤن کے سبب نہ ہی وہ کوئی کام کر پارہے ہیں اور نہ  ہی اپنے گاؤں جاپارہے ہیں ۔
  اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ نےکہاکہ ’’ مجھے  اس بات کا پورا احساس ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران ممبئی اور مختلف اضلاع میں متعدد مزدور اور دیگر افراد جو دیگر ریاستوں  سےہیں اور وہ اپنے آبائی گھروں پر جانے کیلئے بے قرار اور بے چین ہیں۔لیکن مَیں ( وزیر اعلیٰ) ان سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ جہاں ہیں وہیں رک جائیں۔ مہاراشٹر کی حکومت ان کی پوری ذمہ داری لے گی اور ان کے رہنے اور کھانے کا نظم کرے گی۔ ریاست میں۱۶۳؍ مراکز ان ہی کیلئے شروع کئے گئے ہیں جہاں ا نہیں رہنے کی مفت سہولت مہیا کرائی گئی ہے۔ ‘‘
 وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ’’ مہاراشٹر کے جو لوگ دیگر ریاستوں میں پھنسے ہوئے ہیں تو وہ بھی وہیں رہیں ۔ ان دونوں ہی طرح کے شہریوں کو اگر کسی قسم کی مدد کی ضرورت ہے تو وہ وزیر اعلیٰ کے دفتر( سی ایم او) سے رابطہ قائم کریں انہیں فوراً مدد فراہم کی جائے گی۔ ‘‘
 وزیر اعلیٰ نے اتوار کو بھی اپنے خطاب میں اس بات کو دہرایا کہ شہریوں کیلئے اناج اور کھانے پینے کی اشیاء وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔ اناج اور دیگر لازمی اشیاء کی گاڑیوں کی آمد و رفت کو روکا نہیں گیا ہے ۔اس لئے ان اشیاء کی قلت نہیں ہوگی اور ضروری اشیاء کی دکانوں کو ۲۴؍ گھنٹے کھلا رکھا جائے گا ، انہیں بند نہیں کیا جائے گا۔ اسلئے شہری بھیڑ نہ کریں اوراپنے اپنے گھروں میں  ہی رہیں۔ گھر میں رہنے سے ہی کورونا وائرس کو مات دی جاسکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK