Inquilab Logo

پولنگ فیصد بڑھانے کیلئے مختلف سماجی تنظیمیں کوشاں

Updated: April 22, 2024, 11:30 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

مدنپورہ، سانکلی اسٹریٹ، مورلینڈ روڈ ، ناگپاڑہ ، بائیکلہ ، کرلا،سائن ،دھاراوی، ماہم، باندرہ، کھار اور جوگیشوری جیسے علاقوں میں ووٹر رجسٹریشن کیمپ لگائے۔

People registering their names in a camp set up in an area of ​​the city. Photo: INN
شہر کے ایک علاقہ میں لگائے گئے کیمپ میں لوگ اپنا نام رجسٹر کراتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

 شہرمیں ۲۰؍ مئی کو ہونے والے لوک سبھا چناؤ کے تعلق سے سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں اور اسی کے پیش نظر شہر اور مضافات کی کئی سماجی تنظیموں نے خصوصی طورپر مسلمانوں میں حق رائے دہی کو یقینی بنانے اور ہر قیمت پر آنے والے لوک سبھا چناؤ میں ووٹ ڈالنے کی مہم کو تیز کر دیا ہے۔ عنقریب ہونے والے لوک سبھا چناؤ میں نئے ووٹروں کے اندراج اور ناموں اور رہائشی پتوں میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرنے کیلئے ۲۳؍ اپریل آخری تاریخ ہے جس کی وجہ سے شہر کی تنظیموں نے جہاں مدنپورہ، بدلورنگاری اسٹریٹ، سانکلی اسٹریٹ، مورلینڈ روڈ، ناگپاڑہ، بائیکلہ، کرلا، سائن، دھاراوی ماہم باندرہ، کھار اور جوگیشوری جیسے علاقوں میں اتوار کو بھی ووٹر آئی ڈی بنانے، نئے ناموں کا اندراج کرنے اور ناموں و رہائشی پتوں میں تصحیح کرنے کی مہم تیز کر دی ہے وہیں عوام بھی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ 
شہر اور مضافات کے جن الگ الگ علاقوں میں اتوار کو حق رائے دہی کو یقینی بنانے کی مہم کے تحت کیمپ لگا کر نئے ووٹروں کے ناموں کا اندراج کرنے اور تصحیح کرنے کی کوشش کی گئی ہے ان میں خدمت گروپ، آمچی ممبئی، سماج وادی پارٹی کے ایم ایل اے رئیس شیخ کی تنظیم احتساب و دیگر تنظیموں کے علاوہ ایڈوکیٹ ندیم صدیقی پیش پیش ہیں۔ تنظیمو ں کے بقول اس سے قبل کہ فرقہ پرست طاقتیں ہم پر غالب آجائیں ہمیں نیند سے بیدار ہو جانا چاہئے۔ یہی مقصد اور ارادہ لے کر خصوصی طو رپر مساجد سے اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ گھر گھر جاکر یا وہاٹس ایپ کے ذریعہ مسلمانوں سے ہر حال میں سیکولر جماعتوں کے امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کرنے کی اپیل کی جارہی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ممبئی کوسٹل روڈ کا دوسرا مرحلہ امسال جون تک شروع ہونا مشکل

 اتوا ر کو جن علاقوں میں نئے رجسٹریشن اور ناموں و ایڈرس کی تصحیح کے علاوہ الیکشن کارڈ بنائے جانے کا سلسلہ جاری رہا ان میں مدنپورہ کی بالٹی والا کلینک میں ایڈوکیٹ ندیم صدیقی کی سرپرستی میں ۱۵۰؍ سے زائد لوگوں نے جبکہ باندرہ نوپاڑہ، ماہم قاضی مسجد، کھار مرکز مسجد میں آمچی ممبئی اور خدمت گروپ کے روح رواں عرفان قاضی، آفتاب صدیقی اوروکیل محمد ہاشم کے زیر اہتمام ۲۴۰؍ سے زائد لوگوں کا رجسٹریشن کرایا گیا ہے۔ 
 اس ضمن میں مزید اطلاع فراہم کرتے ہوئے وقار انصاری نے بتایا کہ حق رائے دہی کو یقینی بنانے کیلئے گزشتہ ۳؍ ماہ میں تنظیم احتساب کے زیر اہتمام اب تک حسینی باغ، ناگپاڑہ جنکشن، لکی کمپاؤنڈ، سانکلی اسٹریٹ، مورلینڈ اور دیگر علاقوں میں ۲۷؍ کیمپ لگائے جاچکے ہیں جن میں ۷۰۰؍ سے زائد نئے رائے دہندگان کا رجسٹرین کیا گیا ہے جبکہ ۱۵۰۰؍ سے زائد افراد کے ناموں اور ایڈرس میں تصحیح کی گئی ہے۔ 
 وہیں عرفان قاضی نے انقلاب کو بتایا کہ گزشتہ ۳؍ ماہ میں خدمت گروپ کے زیر اشتراک آمچی ممبئی، کے جی این ( باندرہ )، الہند ایکتا سوسائٹی اور نوپاڑہ کوکنی کمیٹی نے تنظیموں کے ذمہ داران و ممبران کے ساتھ مل کر جنوری تا اپریل تک کانجور مارگ، وکھرولی، ماہم، کھار، باندرہ، اندھیری، جوگیشوری، چونا بھٹی اور جنوبی ممبئی کے ڈونگری علاقے میں ۳۵؍ سے زائد کیمپ لگا کر نئے رجسٹریشن اور تصحیح کی ہے اور ساتھ ہی کیمپ میں آنے والے برادران وطن کے ناموں کو بھی رجسٹرڈ کرنے کے ساتھ ان کے ناموں اور پتوں میں تصحیح کی گئی۔ یہی نہیں تنظیم نے ۳؍ ہزار ۷۰۰؍ سے زائد رجسٹریشن کرنے اور حق رائے دہی کو یقینی بنانے کیلئے مساجد سے اعلان کرنے کے علاوہ گھر گھر جا کرلوگوں سے نہ صرف سیکولر جماعتوں کومضبوط بنانے بلکہ ہر حال میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔ 
آج جامع مسجد کے احاطے میں کیمپ 
 ممبئی جامع مسجد کے احاطے میں آج پیر کی صبح ۹؍بجے سے رات میں ۱۰؍ بجے تک ووٹر آئی ڈی رجسٹریشن کیمپ لگایا جارہا ہےاس تعلق سے جامع مسجد کے ٹرسٹی شعیب خطیب نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ اس کی اہمیت سمجھتے ہوئے ۴؍ دن قبل بھی یہ نظم کیا گیا تھا اور ۳۰۰؍سے زائد لوگوں نے استفادہ کیا تھا۔ ہم سب کی کوشش ہے کہ ۱۸؍سال کی عمر کو پہنچ جانے والے کالج کے طلبہ وطالبات کو اس جانب متوجہ کیا جائے اور ان کا رجسٹریشن کرایا جائے تاکہ وہ اپنے ووٹوں کا استعمال کرکے جمہوریت کو مستحکم کرنے میں عملی طور پر شریک ہوسکیں۔ شعیب خطیب کے مطابق چونکہ وقت بہت کم ہے اس لئے پیر کے دن جو رات میں وقت مقرر کیا گیا ہے اگر اس وقت تک استفادہ کرنے والے زیادہ رہے تو صبح تک یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK